پھلوں کے بارے میں چند غلط فہمیاں

11,386

پھل کھانے کے بارے میں چند غلط فہمیاں مشہور ہیں جن کو ذہن میں رکھنے کی وجہ سے اکثرلوگ پھلوں کا مزہ لینے اور ان سے حاصل ہونے والی توانائی سے محروم رہ جاتے ہیں ۔اگر آپ ان تصورات کو ذہن سے نکال دیں تو کسی بھی وقت کسی بھی پھل سے آپ کو محروم نہیں رہنا پڑے گا

پھلوں سے متعلق چند غلط فہمیاں اور حقائق:

تازہ اور خشک پھل میں کوئی فرق نہیں:

حقیقت:خشک اور تازہ دونوں طرح کے پھل صحت کے لئے مفید ہیں ۔خشک پھلوں کی نمی دور ہوجانے کی وجہ سے اس کی غذائیت اورکیلوریز بالکل خالص شکل میں ملتی ہیں ۔جب کہ تازہ پھلوں میں وٹامن سی اور منرلز ہوتے ہیں جو خشک پھلوں میں ختم ہو جاتے ہیں ۔تازہ پھلوں میں موجود پانی جسم کو نمی فراہم کرتا ہے۔خشک میووں میں فائبر،منرلز اور وٹامنز ہوتے ہیں اور یہ ذیادہ عرصے تک محفوظ رہتے ہیں اس لئے جب تازہ پھلوں کا موسم نہ ہو تو ڈرائی فروٹس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

اسٹرا بیری دھو کر اسٹور کی جائیں:

حقیقت :اکثر لوگ اسٹرابیری کو فریز کر کے یا فریج میں رکھ لیتے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پراستعمال کر سکیں فریج میں رکھنے سے پہلے اسٹرابیریز کو دھو لیتے ہیں تاکہ استعمال کے وقت صاف ستھری ملیں ۔لیکن بہتر یہ ہے کہ اسٹرابیریز کو دھوئے بغیر فریج میں رکھا جائے اور استعمال سے پہلے دھو لیا جائے۔اسٹرا بیریز میں مسام ہوتے ہیں جب انھیں دھوتے ہیں تو ان مساموں میں پانی بھر جاتا ہے جو اسے گلانے لگتا ہے جبکہ بغیر دھلی اسٹرابیریز ایک ہفتے تک اسٹور کی جاسکتی ہیں۔

شوگر کے مریضوں کو پھل نہیں کھانے چاہئیں:

حقیقت:پھل کھانے سے نا صرف میٹھا کھانے کی خواہش پوری ہو جاتی ہے بلکہ وہ غذائیت بھی حاصل ہوتی ہے جس کی آپ کے جسم کو ضرورت ہے۔پھلوں میں وٹامنز ،منرلز اور فائبر ہوتے ہیں اور سبزیوں کی طرح ان میں بھی کاربوہائیڈریٹ ہوتا ہے اس لئے آپ اپنے کھانے میں تھوڑی مقدار میں پھل بھی شامل کر سکتے ہیں۔

پھلوں میں کیلوریز کم ہوتی ہیں تو آپ جتنی مقدار میں چاہے پھل کھا سکتے ہیں:

حقیقت:پھلوں میں کیلوریز کے ساتھ شکر بھی موجودہوتی ہے۔کچھ پھلوں میں کیلوریز کم ہوتی ہیں لیکن پھر بھی انھیں مناسب مقدار میں کھانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ذیادہ مقدار میں شکر اور کیلوریز کا استعمال وزن بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔

ذیادہ پھل کھانے سے شوگر ہو جاتی ہے:

حقیقت:جب لبلبے میں انسولین بنانے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے تو شوگر کا مرض ہو جاتا ہے۔پھل کھانے سے شوگر کی بیماری نہیں ہوتی۔

رات کے وقت پھل کھانا صحیح نہیں:

حقیقت:اکثر رات کو کچھ کھانے کا دل چاہتا ہے اور کسی اسنیکس کی طلب ہوتی ہے ۔اس وقت اگر آپ کسی ذیادہ کیلوریز والے اسنیکس کی جگہ تھوڑی مقدار میں کوئی پھل کھا لیں تووہ آپ کے لئے ذیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔لیکن شرط یہ ہے کہ رات کو بہت ذیادہ مقدار میں پھل نہ کھایا جائے۔

پھلوں کے رس میں بھی وہی غذائیت ہے جو پھل میں ہوتی ہے:

حقیقت:؛پھل میں اس کے رس کی نسبت ذیادہ غذائیت ہوتی ہے پھل میں موجودبہت سی چیزیں پھلوں کا رس نکالنے کے بعدکم ہو جاتی ہیں۔پھل کے چھلکوں میں اینٹی اوکسی ڈنٹ ہوتے ہیں جبکہ گودے میں فائبر کی وافر مقدار ہوتی ہے جو ہمیں صرف پھل کھانے سے ہی حاصل ہو سکتی ہے۔مزید یہ ڈبوں میں پیک پھلوں کے رس میں اضافی رنگ اور شکر شامل ہوتی ہے جو صحت کے لئے اچھی نہیں ۔پھل کا ایک ٹکڑا کھا لینا ایک گلاس جوس پی لینے سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔

کچھ پھل دوسرے پھلوں کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش ہوتے ہیں:

حقیقت:ہر پھل کی اپنی جگہ افادیت ہے۔پھل خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ توانائی کا خزانہ ہیں۔پھلوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ کسی ایک پھل کا انتخاب کرنے کے بجائے ہر طرح کے پھل کھائے جائیں۔

مزید جانئے: کافورکی طبی خصوصیات


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...