
کریلا اور وہ بھی نیم چڑھا
’’کریلا اور وہ بھی نیم چڑھا ‘‘یہ عام طور پر ایسے افراد کے لئے کہا جاتا ہے کہ جوبد دماغ ہوں اور ان سے بات چیت کرنا یا ان سے معاملات طے کرنا خاصے مشکل ہوں ،ان افراد کو کریلے اور نیم سے تشبیہ دی جاتی ہے۔جب کہ حقیقت یہ ہے کہ کریلا اور نیم دونوں ہی انسانی صحت کے لئے بہت فائدہ مند ہیں۔کریلا بر صغیر پاک و ہند میں عام استعمال ہونے والی سبزی ہے۔جو کہ ہمارے گھروں میں اکثر پکائی اور کھائی جاتی ہے ۔عام طور پر کریلے کو باریک کاٹ کر فرائی کر لیا جاتا ہے یہاں تک کہ وہ کرسپی ہو جائے،یا پھر اس کو گوشت یا قیمے کے ساتھ بھی پکایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ اس کو چھیل کر اس میں املی ،مصالحہ اور پیاز ڈال کر بھی ڈش تیار کی جاتی ہے۔اس کیساتھ کریلے کو چھیل کر اس میں قیمہ بھر کر اس کو دھاگے سے باندھ کر اس کو فرائی بھی کیا جاتا ہے۔یہ سب سے عام طریقہ ہے کریلے کو پکانے اور کھانے کا،جو ہر ایک کے گھر میں پکتا ہے،اس طریقے کے پکے ہوئے کریلے کو تقریباًً ایک ہفتے تک ریفریجریٹر میں رکھا جا سکتا ہے اور اس کا ذائقہ بھی تبدیل نہیں ہوتا۔
بہت سے لوگ اس کو اس کے ذائقے کی وجہ سے ناپسند کرتے ہیں کیونکہ یہ ذائقے میں کڑوا ہوتا ہے۔لیکن یہ کوئی وجہ نہیں ہے کہ اس کو نہ کھایا جائے ۔اس کی کڑواہٹ کو کم کرنے کے دو طریقے ہیں ،ایک تو یہ کہ چھلے ہوئے تقریباًً ایک کلوکریلے کو اُبال لیں 125گرام املی کے ساتھ دو سے تین گھنٹے کے لئے ،اب اس کو چھان لیں اور کریلے کو استعمال کریں۔اس کے علاوہ ایک طریقہ یہ ہے کہ کریلے کو چھیل کر اس پر کافی سارا نمک مل لیں اور اس کو ملیں،اگر اس میں مصالحہ بھر کر بنانا ہے تو پھر اس کو چھیل کر کاٹیں نہیں بلکہ صرف چھیل کر اس پر نمک ملیں ،اس کے بعد نمک لگا کر کسی چھلنی میں رکھ دیں اس سے اس کی کڑواہت نکل جائے گی اس کا پانی نکل جائے تو اسکو پانی کے نیچے رکھ کر دھو لیں اور پھر خشک کر کے استعمال کریں ۔اس کے علاوہ ایک ٹپ یہ بھی ہے کہ اس کو بغیر ڈھکنے کے پکائیں ۔
کریلے کے فوائداور غذائیت:
اس کی کڑواہٹ کے قطع نظر اگر دیکھا جائے تو یہ بے حد فائدہ مند سبزی ہے
* اس میں بہت سارے فائدے اور وٹامنز جیسے وٹامن سی ،اے،بی،بی 1،بی2،بی3کے علاوہ کیلشیئم ،میگنیشئم،پوٹاشیم،آئرن،اور فاسفورس کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔
*اس میں بڑی مقدار میں ریشہ موجود ہے اور یہ کولیسٹرول اور شوگر فری ہے۔
*اگر آپ اپنا وزن کم کرنا چاہتی ہیں تو کریلا آپ کے لئے بہترین غذا ہے اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ آپ کے اندرونی نظام کو بہتر کر دیتا ہے اس کے ساتھ ساتھ آپ کے نظامِ انہظام کو درست کر کے آپ کے وزن کو کم کرنے میں آپ کی مدد کرتاہے۔اس میں موجود پانی کی وافر مقدارآپ کو زیادہ کھانے سے روک دیتی ہے ،دوسری بہت سی سبزیوں کی طرح اس میں بھی کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے ۔
*یہ نہ صرف آپ کے وزن کو کنٹرول کرنے میں آپ کی مدد کرتا ہے بلکہ آپ کی جلد کو قدرتی حسن بھی بخشتا ہے اور جلد پہ سے کیل ،مہاسو ں اور جھائیوں کوبھی ختم کر کے آپ کو نیا نکھار دیتا ہے،اس کے ساتھ جلدی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے ۔کیونکہ اس میں وٹامن سی کی خاصی بڑی مقدار موجود ہے،جو کہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ ہے ،یہ آپ کی جلد پہ جھریاں پڑنے سے روکتا ہے۔اور چہرے پر عمر کے اثرات کو روک دیتا ہے۔یہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں کے نقصانات سے بھی بچاتا ہے۔
*کریلا آپ کے بالوں کے لئے بھی بہترین غذا ہے۔ اگر goose berryکے جوس کے ساتھ کریلاملا کر سر کی جلد پر ملا جائے تو اس کا بہترین رزلٹ ملتا ہے ۔
*اس کے علاوہ اگر آپ ذیابیطس کے مریض ہیں تو یہ آپ کے بلڈ شوگر لیول کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
یہ صحیح ہے کہ کریلا کڑوا ہو تا ہے لیکن ہم زندگی میں بہت سی کڑوی چیزوں کو مسکراتے ہوئے قبول کرتے ہیں ،اسی طرح اس کے بے شمار فوائد کو دیکھتے ہوئے ہمیں اس کا استعمال بڑھا دینا چاہیے،اس کا استعمال کینسر اورذیابیطس کے لئے بھی مفید ہے ۔لیکن اس کے ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ذیابیطس کے مریض کے لئے اس کا بے تحاشا استعمال پیٹ میں درد اور ڈائریا کا بھی باعث بن سکتا ہے۔اس کے علاوہ اس کے زیادہ استعمال سے بلڈ شوگر لیول بہت کم بھی ہو سکتا ہے جو کہ جان کے لئے خطرہ بن جاتا ہے اسی لئے اس کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ڈاکٹر سے اپنی دواؤں کو اس کے حساب سے ایڈ جسٹ کروالیں ۔اس کے ساتھ حاملہ خواتین کو بھی اس کے بے تحاشا استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔اس سے حمل میں پیچیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔
استعمال کے بارے میں ہدایات:
کریلاخریدتے وقت خیال رکھیں کہ زیادہ پکا ہوا نہ ہو ۔کوشش کریں کہ ایسا انتخاب نہ کریں جو اورنج ہو یا اس میں نرمی آچکی ہو ۔پکا ہوا کریلا کڑواہٹ میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔کریلے کو زیادہ سے زیادہ تین سے چار دن تک ریفریجریٹر میں رکھنا چاہئے۔اگر کریلے کو روم ٹمپریچر پر رکھا جا رہا ہے یا اس کو اور دوسرے پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ رکھیں تو ایتھیلین گیس کی وجہ سے اس کی کڑواہٹ میں اور اضافہ ہوجائے گا۔کریلے کو صاف کرنے کے لئے ٹھنڈے پانی کے نیچے رکھیں اور نرم سے سبزیوں کے برش سے صاف کریں ۔چھوٹا کریلا زیادہ کڑوا ہوتا ہے بڑے کے مقابلے میں۔ ۔کریلے کے جوس کو پینے کے قابل بنانے کے لئے اس میں شہد ملا لیں یا گاجر یا سیب کے جوس کے ساتھ ملا کر استعمال کریں ۔