کالی مرچ کی ادویاتی خصوصیات

5,257

کالی مرچ کا لاطینی نام پائپر نگرم ہے۔ یہ بیل کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ کالی مرچ کے روزمرہ استعمال کی بدولت اسے مسالوں کی ملکہ گردانا جاتا ہے۔ کالی مرچ ایک بہت اہم مسالا ہے۔عام طور پر اسے کھانے کا ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ مزید برآں اس کی ادویاتی خصوصیات بیشتر انسانی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مفید ہیں۔

کاشتکار اور تاجر کالی مرچ کو اس کی زیادہ قیمت فروخت کی وجہ سے کالا سونا کہتے ہیں۔کالی مرچ سدا بہار بیل ہے جو عموماً درختوں پر چڑھائی جاتی ہے اور اس کی لمبائی چار میٹر سے بھی تجاوز کرجاتی ہے۔کچی کالی مرچ کے سبز دانوں کو توڑ کر کچھ دیر کے لیے گرم پانی میں پکایا جاتا ہے۔ اس کے بعد انھیں صاف کرکے سور ج کی روشنی میں سوکھنے کے لیے پھیلادیا جاتا ہے۔

سکھانے کا عمل بذریعہ مشین بھی کیا جاتا ہے۔سوکھنے کے بعد مرچ کی بیرونی سطح سکڑ جاتی ہیں اور مرچ میں موجودBrowning enzymesاسے گہرے کالے رنگ کا بنادیتے ہیں۔ اس سارے عمل کے بعد کالی مرچ بطور مسالا تیارہوجاتی ہے۔ کالی مرچ دراصل ایک پھل ہے اور اس کے بیجوں کو سفید مرچ کہا جاتا ہے۔ اس کے لیے ایک خاص عمل Rottingکے دوران تازہ کالی مرچ کے دانوں کو ایک ہفتے کے لیے پانی میں بھگو دیاجاتا ہے۔ اس طرح مرچ کا بیرونی خول گھل کر اُتر جاتاہے اور بیج الگ کرکے سکھا لیے جاتے ہیں۔ان بیجوں کو پیس کر سفید مرچ پاؤڈرکرلیا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں کالی مرچ کا استعمال ہے۔ یہ مختلف پکوانوں کا لازمی جزوسمجھی جاتی ہے۔جدید تحقیقات کے مطابق سیاہ مرچ کو مختلف ادویات کے ہمراہ استعمال کرنے سے اس کی کارکردگی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ نیز یہ خون میں موجود کولیسٹرول کو اعتدال میں رکھنے کے لیے بے حد مفید ہے۔

پرانے وقتوں میں کالی کو گوشت محفوظ کرنے اور اس کا ذائقہ برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ یہ خصوصیت اس میں موجود مادے piperineکی وجہ سے ہے جو کہ جراثیم کش صلاحیت کا مالک ہے۔ کالی مرچ کا تر ش ذائقہ بھی اسی کی مرہون منّت ہے۔ اسی وجہ سے کالی مرچ ایک مؤثر کیڑ ے مار دوا ہے۔کالی مرچ کا اسپرے گھریلو مکھیوں اور کئی دوسرے کیڑے مکوڑوں کے تدارک کے لیے مفید ہے۔

کالی مرچ کا کھانے میں استعمال بھوک بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس کے علاوہ زکام سے نجات کے لیے بھی مؤثر ہے۔ یہ نظام انہضام کو درست بنانے،اسہال،قبض اور خرابی ہضم میں بھی مفید ہے۔ علاوہ ازیں یہ دل،جگرپھیپھڑے،دانت، کان اور جوڑوں کے درد میں بھی مفید ہے۔

کالی مرچ کا استعمال کیڑوں کے کاٹے،دھوپ سے جلی جلد،بے خوابی اور دمہ کے علاج میں فائدہ مند ہے۔ مشرقی باشندے اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کالی مرچ کھانے کے بعد جسم سے آنے والی خوشبو مچھروں کو دور بھگاتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...