
عالمی ادارہ صحت ہنگامی حالات سے نمٹنے کا اہل نہیں
ایبولا پر سامنے آنے والی ایک آزاد اور نئی رپورٹ کے سربراہ کے مطابق عالمی ادارہ صحت عالمی ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ’صلاحیت اور ماحول ‘ نہیں رکھتا۔
ڈیم باربرا سٹاکنگ کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت جنوبی افریقہ میں پھیلنے والی مہلک بیماری ایبولا سے نمٹنے میں ناکام رہا جس سے 11,000 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ڈیم باربراکے مطابق عالمی ادارہ صحت میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی ادارہ صحت میں تبدیلیوں کے لیے سفارشات مرتب کریں گے۔دوسری جانب برطانوی امدادی ادارے اوکسفیم کے سابق سربراہ کا کہنا ہے کہ صرف عالمی ادارہ صحت کو اس ناکامی کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ان کا کہنا ہے کہ پوری انسانی ہمدردی کے نظام میں دوراندیشی کا فقدان ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تفویض کردہ مکمل رپورٹ آج بعد میں شائع کی جائے گی۔خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے تسلیم کیا ہے کہ وہ سنہ 2013 میں پھیلنے والے مہلک بیماری ایبولا سے نمٹنے میں سست رہی۔عالمی ادارہ صحت نے اگست سنہ 2014 میں عوامی ہنگامی ایمرجنسی پر بین الاقوامی تشویش ظاہر کی تھی تاہم اس وقت تک 1,000 سے زائد افراد ایبولا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے تھے۔