وٹامن ڈی تھری دل کے مریضوں کے لیے مفید
پانچ سالہ ریسرچ پراجیکٹ میں یہ ثابت ہوا ہے کہ وٹامن ڈی تھری دائمی امراض قلب میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے ۔ ریسرچ کے نتائج کو امریکن کالج آف کارڈیولوجی کے 65ویں سالانہ سائنسی سیشن اور ایکسپو میں پیش کیا گیا جس کا انعقاد شکاگو میں ہوا ۔ برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیڈز کے سائنسدانوں نے پتا لگا یا ہے کہ وٹامن ڈی کی سپلیمنٹ باقائدگی سے لینے سے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں میں خون جسم میں پمپ کرنے کا عمل بہتر ہو سکتا ہے ۔ ایسے مریضوں کی عمر 75 سال تک ہوتی ہے جن کے جسم میں سورج کی روشنی سے وٹامن ڈی بننے کی رفتار نوجوان افراد کے مقابلے سست ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے ان میں وٹامن ڈی کی کمی ہونے لگتی ہے ۔ سائنسدانوں کی ٹیم نے 160مریضوں پر تحقیق کی جن کا ہارٹ فیلیئر کا علاج جاری تھا ۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان میں سے 80مریض جنھوں نے ایک سال تک وٹامن ڈی تھری کا استعمال روز کیا ان کے دل کی پمپنگ 26فی صد سے 34فی صد ہو گئی ۔ یاد رہے کہ مریضوں کو ایسی سپلیمنٹس دی گئی تھیں جن میں کیلشیئم موجود نہیں تھا ۔