استعمال شدہ ٹی بیگزکارآمد بنانے کے ٹوٹکے
دنیا بھر میں ٹی بیگز کا صرف ایک بار کا استعمال ہی کیا جاتا ہے اور پھر اسے ناکارہ سمجھ کر ڈسٹ بن میں پھینک دیا جاتا ہے کیونکہ 99 فی صد افراد کے نزدیک ٹی بیگز کا مقصد صرف ایک کپ اچھی چائے بنانا ہے اور کچھ نہیں لیکن یہ جان کر آپ کو حیرت ہوگی کہ ٹی بیگ سے صرف ایک کپ چائے کافی کے علاوہ دیگر کئی طرح سے بھی فائدے حاصل کیئے جاسکتے ہیں۔ ٹی بیگز میں موجود ان چائے کی پتیوں میں ایسی صلاحتیں اور افادیت پائی جاتی ہیں جن سے آپ کئی کارآمد کام انجام دے سکتے ہیں۔
*اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے ٹی بیگز سے اسٹرانگ چائے تیار کی جاسکے تو ایک بار استعمال کرنے کے بعد اسے محفوظ کرلیں اور جب اگلی بار چائے بنائیں تو اس ٹی بیگ کو اُبال کرچائے تیار کریں اسٹرانگ اور تیز چائے پسند کرنے والوں کے لیے یہ چائے بہترین کام کرے گی۔ کیونکہ پہلی بار استعمال کرتے وقت یہ پتیاں فریش ہوتی ہیں لیکن ان کا ذائقہ اسٹرانگ نہیں ہوتا البتہ اگلی بار جب ان ٹی بیگز سے دوبارہ چائے کا کپ تیا ر کیا جائے تب ایک شاندار چائے کا کپ تیار ہوتا ہے۔ یہ طریقہ آپ کسی بھی قسم کی چائے کے ساتھ اپلائی کرسکتے ہیں لیکن اس کا سب سے بہتر نتیجہ گرین اور ریڈ چائے کی ورائٹیز میں ملتا ہے۔ آپ ان فلیورزسے ایک بار چائے بنانے کے بعد انہیں محفوظ کرلیں اور اگلی بار انہیں استعمال شدہ چائے کی پتیوں سے چائے تیار کریں تو اس کا ذائقہ پہلی بار کی چائے کے ذائقہ سے مختلف ہوگا۔
کھانا مزیدار بنائیں:
پاستا، نوڈلز اور چاولوں میں ذائقہ بڑھانے کے لیے بھی استعمال شدہ ٹی بیگز فائدہ مند ہوتے ہیں۔ ایک بار ان کی بیگز سے چائے بنانے کے بعد آپ انہیں دوسرے فوڈز آئٹم میں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ چند استعمال شدہ ٹی بیگز کو ایک پانی کے پیالے میں ڈال کر اُبال لیں اس وقت تک جب تک اس کا ذائقہ پانی میں شامل نہ ہو جائے اب ان ٹی بیگز کو نکال لیں اور اس پانی میں پاستا، چاول، اور دوسرے اجناس تیار کیئے جاسکتے ہیں۔ استعمال شدہ ٹی بیگز کے اُبلے ہوئے اس پانی میں کھانے تیار کرتے ہوئے آپ ایک بالکل منفرد اور مزیدار ذائقہ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
اس ضمن میں اگر آپ فلیورز کا انتخاب کرلیں تو یہ اور فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ جیسے کہ جسمین وغیرہ ۔چائے کے پانی میں چاول،گرین ٹی کے پانی میں پاستا اور Oatmeal وغیرہ تیار کرکے بہترین ذائقہ کو اپنا سکتے ہیں۔
پودوں کی حفاظت:
یہ استعمال شدہ ٹی بیگز پودوں کی حفاظت کا کام بھی بہ خوبی انجام دے سکتے ہیں استعمال شدہ ٹی بیگز کو ایک ہفتہ کے لیے خوب سارے پانی میں بھگوکر رکھیں اور اس کے بعد یہ پانی اپنے پودوں پر ڈالیں اس سے آپ کے پودے Fungal انفیکشن سے دور رہیں گے۔ اس کے علاوہ آپ ایک دوسرے طریقہ سے بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں ان استعمال شدہ بیگز کو کھول کران میں سے چائے کی پتیاں نکال لیں اور اسے اپنے پودوں کے اطراف یا اپنے گارڈن میں فرٹیلائزکے لیے ڈال دیں۔
کارپیٹ، وغیرہ کی صفائی:
یہ بات قابل حیرت ہے کہ استعمال شدہ ٹی بیگز سے آپ کارپیٹ اور Rugs کی صفائی بھی کرسکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف کارپیٹ بلکہ موٹے روئیں والا غالیچہ، کھیس اور کمبل کی صفائی کے ساتھ ساتھ ان اشیاء میں سے آنے والی ناگوار بدبوکا خاتمہ بھی ممکن ہے۔ اس کے لیے آپ کو چاہیئے کہ استعمال شدہ ٹی بیگز کے بہت سارے بیگز ایک کپ پانی میں ڈال کر ریفریجریٹر میں رکھ دیں اور اتنے دیر یا دن تک رکھیں کہ وہ پانی خود بہ خود خشک ہوجائے اس کے بعد ان بیگز کو کھول کر پتیاں نکال کر ایک جگہ جمع کرلیں اور قالین، کارپیٹ یا کمبل کے جتنے حصہ کی صفائی کرنا ہو وہاں ان پتیوں کو اچھی طرح پھیلا دیں یاد رہے کہ پتیاں نم ہونی چاہیئے یعنی بالکل خشک نہ ہو۔ اسے مذکورہ بالا کسی بھی چیز پر اس وقت تک پھیلا رہنے دیں جب تک وہ خود خشک نہ ہوجائیں اس کے بعد اپنا کارپیٹ یا قالین ویکیوم کرلیں آپ کا کارپیٹ چمک اٹھے گا اور اس کی بدبو بھی ختم ہوگی خشک پتیاں بھی ویکیوم کرنے سے نکل جائیں گی اور آپ کو کوئی دشواری بھی نہیں ہوگی۔
ناخوشگوار بوکاخاتمہ:
استعمال شدہ ٹی بیگز سے آپ ناخوشگوار مہک کا خاتمہ بھی کرسکتے ہیں کبھی کبھار ایسا بھی ہوتا ہے کہ جس جگہ ڈسٹ بن رکھا ہواس کے اطراف یا پھر سنک کے اردگرد اور گھر کا وہ حصہ جو بہت عرصہ سے بند ہوں ان میں ایک ناگوار قسم کی مہک آنے لگتی ہے جو بڑھتے بڑھتے ناگوار بو میں تبدیل ہوجاتی ہے اس صورت حال سے چھٹکارہ پانے کے لیے آپ استعمال شدہ ٹی بیگز کو خشک کرکے ریفریجریٹر میں رکھ دیں تاکہ ان کی خوشبو برقرار رہے(اس سلسلے میں جسمین یا چمولی ٹی بیگز زیادہ فائدہ مند ہوسکتے ہیں) اس کے بعد ان خشک ٹی بیگز کو نکال کر ڈسٹ بن کے نچلے حصہ اور جہاں جہاں سے بدبو آرہی ہو اس کے اطراف یا نیچے پھیلا دیں۔ بدبو فوراً ختم ہوجائے گی اور آپ کی مطلوبہ جگہ خوشگوار خوشبو سے مہک اٹھے گی۔
بہترین ائیر فریشنر:
اپنے گھر، دفتر یا گاڑی میں ائیرفریشنر کے لیے آپ استعمال شدہ ٹی بیگز سے کام لے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں آپ کسی اچھے ٹی برانڈ کے استعمال ہو چکے بیگز کو اچھے Essentialآئل میں ڈبو کر انہیں کمرے، دفتریا پھر گاڑی میں ہینگ کرلیں۔ چائے کی پتیوں میں قدرتی طور پر بدبو کو جذب کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے اس لیے یہ قدرتی ائیر فریشنر آپ کے گھر، دفتر، گاڑی کو خوشبو سے بھردے گا۔
کیڑے مکوڑوں کا خاتمہ:
گھر میں ہو جانے والے کیڑے جیسے مکڑی، چیونٹی یا مکوڑے کے علاوہ چوہے کو دور بھگانے کے لیے استعمال شدہ ٹی بیگز کی مددلی جاسکتی ہے چوہا چائے کی مہک سے بھاگتا ہے۔ اسی طرح دوسرے کیڑے مکوڑے بھی اس کی موجودگی میں نہیں آتے اگر آپ چاہیں تو استعمال شدہ ٹی بیگز کو خشک کرنے کے بعد انہیں کچن کے کیبینٹ اور الماریوں کے دراز میں رکھ سکتے ہیں بہتر ہو گا کہ جہاں آپ انہیں رکھ رہے ہیں اس پر کوئی پیپر یا پلاسٹک شیٹ بچھا دیں آپ بہت جلد اس کے مثبت نتائج دیکھیں گے۔
برتنوں کی دھلائی:
اکثر گھروں میں مرغن اور چکنی ڈشز زیادہ شوق سے پسند کی جاتی ہیں۔ ایسے میں روزانہ ان چکنائی والے برتنوں کی صفائی اور دھلائی ایک مشقت طلب کام بن کررہ جاتا ہے استعمال شدہ ٹی بیگز اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ان کی مدد سے آپ اپنے چکنے برتنوں کی صفائی آسانی سے کر سکتی ہیں ۔ اس کے لیے آپ کو چاہیئے کہ گرم پانی میں دس بارہ استعمال شدہ ٹی بیگز کو ڈال دیں اور ساتھ ہی اس گرم پانی میں اپنے چکنے برتنوں کو بھی بھگو دیں۔ تھوڑی دیر کے لیے انہیں ایسے ہی چھوڑ دیں اور پھر نکال کر صرف پانی سے دھولیں آپ کو کسیبھی قسم کے صابن یا ڈٹرجنٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی اور نہ ہی برتنوں کو غیر ضروری طور پر رگڑنا ہوگا ایسی سادہ سے طریقہ پر عمل کرکے آپ ڈھیروں ڈھیر برتن آسانی سے دھو سکتے ہیں۔ اور تھکن کا شکار بھی نہیں ہوں گی۔
ہاتھوں سے بدبو دور کریں:
اکثر اوقات کچن میں کھانا پکانے کی تیاری کے دوران کچھ اشیاء ایسی ہوتی ہیں جنہیں صاف کرتے یا کاٹتے ہوئے ان کی بدبو ہاتھوں میں رچ بس جاتی ہے ایسی صورت میں آپ استعمال شدہ ٹی بیگز کو اپنے ہاتھوں پر اچھی طرح سے Rub کرلیں اور اس کے بعد اپنا کام شروع کریں تو آپ کے ہاتھوں سے بدبو نہیں آئے گی یہ عمل خاص طور پر مچھلی، گوشت، لہسن یا پیاز کی کٹائی یا صفائی کے وقت کیا جانا چاہیئے تو اس سے آپ کو فائدہ ہوگا۔
پیروں کی بدبو کا خاتمہ:
بسا اوقات جو لوگ بند جوتے پہنتے ہیں ان کے پیروں میں سے بدبو آنے لگتی ہے ایسی صورت میں چند استعمال شدہ ٹی بیگز کو ہلکے نیم گرم پانی میں بھگوکر اس میں پاؤں ڈال لیں اور پندرہ سے بیس منٹ تک رکھیں اس سے نہ صرف بدبو دور ہوگی بلکہ اگلے کئی روز تک آپ باآسانی بند شوز پہن سکتے ہیں اور آپ کے پیروں سے بدبو نہیں آئے گی
الرجیز کا علاج:
اسکن پر اگر کسی جگہ یا چہرہ پر الرجی کی شکایت ہویا پھر آپ Sunborn کا شکار ہیں،آپ کی آنکھوں میں جلن کے ساتھ سوجن بھی ہے تو ان تمام متاثرہ حصوں پر ان ٹی بیگز سے آہستہ آہستہ مساج کریں آپ کی تمام شکایت دور ہوجائیں گی نہ صرف یہ بلکہ آپ کی جلد ہموار اور نرم ہونے کے ساتھ ساتھ موئسچرائزبھی ہوجائے گی اس کے علاوہ کسی بھی قسم کے انفیکشن میں بھی ان ٹی بیگز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بالوں کے لئے بہترین کنڈیشنر:
یہ ٹی بیگز بالوں میں کنڈیشنر کے طور پر بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں اس کے لیے استعمال شدہ ٹی بیگز کو دوبارہ اُبال لیں اور ٹھنڈا کرلیں اب بالوں میں شیمپو کرنے کے بعد اسی پانی سے بال دھولیں۔بہترین کنڈیشنر کا کام کرے گا اور آپ کے بالوں میں چمک پیدا ہوجائے گی۔
شیشے کی صفائی:
ان ٹی بیگز کو کچھ دن کے لیے پانی میں بھگوکر رکھ دیں اب اس پانی کو ایک اسپرے بوتل میں ڈال کر گھر میں شیشہ، گلاس ڈور اور ونڈوز اور دوسری شیشے کی اشیاء کو صاف کریں مذکورہ چیزیں چمک اٹھیں گی۔