برج ثور کی شخصیت کے راز

2,676

برج ثور سے تعلق رکھنے والے افراد مخلص ، کفایت شعار اور رحم دل ہونے کے ساتھ جازب نظر ، پرکشش اور اچھی آواز کے مالک ہوتے ہیں۔
کچھ خصوصیات جو عام طور پر برج ثور کے حامل افراد میں پائی جاتی ہیں۔ درج ذیل ہیں۔

اپنی بات پر قائم رہنے والے:

یہ جو کچھ کہتے یا کرتے ہیں اس سے کبھی نہیں پھرتے ۔ کسی چیز یا شخص کے بارے میں جو رائے قائم کرتے ہیں وہ پھر تبدیل نہیں ہوتی ۔ جب کوئی کام شروع کرتے ہیں تو اسے نامکمل نہیں چھوڑتے ۔

یہ اپنی منزل کی طرف آہستہ آہستہ بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ ان کی مضبوطی کی وجہ ان کا استحکام اور خلوص نیت ہوتا ہے۔ ان کو انکی راہ سے ہٹانا کافی مشکل ہے۔

چالاک:

یہ اپنے دوستوں کا انتخاب نہایت سمجھداری سے کرتے ہیں اور کسی کو دوست بنانے سے پہلے اس کی حیثیت ، مرتبے ، پس منظر اور دوسری ضروری چیزوں کا بغور جائزہ لینے کے بعد اسکا انتخاب کرتے ہیں ۔

یہ لوگوں کو اپنے قریب تو ہونے دیتے ہیں لیکن بہت زیادہ قریب نہیں۔ یہ اپنی کمزوریاں یا راز کسی پر ظاہر نہیں کرتے کیونکہ یہ معاشرے میں خود کو مضبوط اورقابل عزت رکھنا چاہتے ہیں ۔

یہ لوگ مخلص اور نرم دل ہوتے ہیں لیکن پھر بھی اپنی ہی طرح کے دوست بناتے ہیں ۔ اگر یہ کچھ غلط بھی کرتے ہیں تو اس کا کوئی سراغ نہیں چھوڑتے کہ کوئی دوسرا اسے جان سکے۔ اپنی زندگی کا ہرقدم نہایت احتیاط سے اٹھاتے ہیں۔

ضدی:

دوسروں کا ادب اور لحاظ کرنے کے باوجود بعض اوقات یہ کافی ضد ی بھی ثابت ہوتے ہیں۔ جب کوئی بات ان کی مرضی کے مطابق نہیں ہوتی تو اسے سننے سے انکار کردیتے ہیں۔

جب کسی چیز کے بارے میں اپنا ذہن بنالیتے ہیں تو اس طرف سے انھیں ہٹانانا ممکن ہوتا ہے۔ انکا خیال ہوتا ہے کہ وہ جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ بالکل صحیح ہے ۔ ہر ماحول میں خود کو حالات کے موافق ڈھالنا ان کے لیے کافی مشکل ہوتا ہے۔

پرسکون:

ثور افراد امن پسند ہوتے ہیں اور بہت کم غصے کا اظہار کرتے ہیں لیکن اگر کوئی بات ان کی برداشت سے باہر ہو تو شدید رد عمل دیتے ہیں۔ یہ لوگ بلا وجہ غصے میں نہیں آتے اور پرسکون رہنا چاہتے ہیں۔

دھن کے پکے:

ثور افراد دھن کے پکے ہوتے ہیں ایک بار کسی چیز کو دیکھ لیں تو اسے حاصل کر کے رہتے ہیں جس کی وجہ ان کی چالاکی یا ذہانت نہیں بلکہ حاصل کرنے کی لگن ہوتی ہے۔

ان کا یہ استحکام اپنی زندگی بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ان کا پختہ ارادہ انہیں کسی چیز سے پیچھے ہٹنے نہیں دیتا۔

اپنی ملکیت ظاہر کرنے والے:

ثور افراد کی یہ عادت حسد کی حد تک بڑھ جاتی ہے ۔ یہ اپنے ساتھی یا دوست کو جتنا پسند کرتے ہیں اتنی ہی ان پر اپنی ملکیت کو ظاہر کرتے ہیں جس کی وجہ سے انکے بہت سے ساتھی پریشان ہوجاتے ہیں۔

یہ محبت میں تو کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن اس عادت کی وجہ سے انکے ساتھی کے چھوڑ جانے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔ وہ زیادہ حاسد نہ ہونے کے باوجود اپنے ساتھی پر اپنی ملکیت قائم کرنا چاہتے ہیں۔

کفایت شعار:

پیسے کے معاملے میں بہت کفایت شعار ہوتے ہیں اور فالتو پیسہ ضائع نہیں کرتے ۔ یہ بہت محنتی ہوتے ہیں اور اپنے کیرئیر کے ذریعے خوب پیسہ کماتے ہیں اور شاندار طرز زندگی اپناتے ہیں۔

اس معاملے میں یہ لالچی ہوتے ہیں اور پیسہ جمع کرکے تعیشات پر خرچ کرتے ہیں اور معاشرے میں اپنا اونچا معیار قائم کرنا چاہتے ہیں۔

پریکٹکل:

یہ خوابوں کی دنیا میں نہیں رہتے بلکہ حقیقی چیزوں کو حاصل کرنا چاہتے ہیں جسے حاصل کرنے کے لیے یہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں ۔ یہ بے خوف و خطر اپنے کام انجام دیتے ہیں۔

ان میں سونگھنے اور محسوس کرنے کی حس زیادہ ہوتی ہے اور بہت جلد کسی بھی چیز کو پہچان جاتے ہیں۔ کوئی بھی نئی چیز اپنانے سے پہلے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں۔ اپنے لیے کسی بھی چیز کا انتخاب نہایت سمجھداری سے کرتے ہیں۔

کامیاب:

ثور افراد پیدائشی خوش قسمت ہوتے ہیں ۔ زندگی کا مزہ، خوبصورتی ، محبت، دولت، ذہانت اور شہرت سب پالیتے ہیں۔ ان کی قسمت اور ذہانت انھیں کبھی ناکام نہیں ہونے دیتی۔

یہ جو بھی شعبہ اختیار کریں اس میں کامیاب ہوتے ہیں۔ یہ ناصرف دنیاوی کامیابیاں حاصل کرتے ہیں بلکہ قدرت ان کو صلاحیتیں ہمت اور طاقت بھی نوازتی ہے۔

مزید جانئے: پتھروں کے حیرت انگیز کمالات

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...