گھر کا رنگ آپ کی شخصیت پر کیا اثر ڈالتا ہے؟
کسی بھی عورت کا خواب ہوتا ہے کہ وہ رنگوں سے اپنے گھر آنگن کو سجا دے ،سجا سجایا گھر اس میں خوبصورت کلر اسکیم خاتونِ خانہ کے ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہوتی ہے ،کسی بھی رنگ کو کہاں کس طریقے سے استعمال کرنا ہے یا کس کمرے کی مناسبت سے کونسا رنگ استعمال ہوگا ،یہ سوچنا ایک اعلیٰ ذوق کی حامل خاتون کا ہی کام ہے۔ورنہ رنگ تو سب ہی کرواتے ہیں لیکن ان رنگوں سے کھیلنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔خوبصورت رنگ آپ کے گھر کو اسٹائلش لُک دے دیتے ہیں ۔
رنگوں کا انسانی نفسیات پر گہرا اثر ہوتا ہے ، اوریہ بات سائنسی تحقیق سے بھی ثابت ہوچکی ہے ۔اس لیے خواب گا ہ میں رنگ کراتے وقت رنگوں کی اہمیت اور ان کے اثرات کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے۔ گہرا سرخ رنگ ہمارے بلڈپریشر میں اضافہ کرتا ہے جس سے ہمارے مزاج میں جارحانہ عنصر بڑھ جاتاہے ۔ اگر کمرے میں یہ رنگ ہو تو میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑے کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔ اسی طرح زرد یا پیلا رنگ بھی ناراضگی اور اختلافات کو ہوا دیتا ہے ۔ اس کے برعکس نیلے اور سبز رنگ انسانی مزاج کو دھیما اور ٹھنڈا رکھتے ہیں ۔البتہ گہرا نیلا یا سبز رنگ بھی زرد رنگ جیسے اثرات کا حامل بن سکتا ہے ۔ اسی طرح براؤن یا سلیٹی رنگ ہمارے مزاج پر بہت کم اثر کرتے ہیں ۔
رنگوں کے اثرات د یکھتے ہوئے بیڈروم کی سیٹنگ بھی اس طرح کرنی چاہئے کہ رنگوں کے جارحانہ اثرات ہمارے مزاج پر غالب نہ آئیں۔خواب گاہ کو پرسکون اور لڑائی جھگڑے سے پاک رکھنے کے لیے نیلے اور سبز رنگ کا استعمال زیادہ کریں ۔اگر سرخ ، زردیا اورنج رنگ استعمال کرنا ضروری ہو تو پھر کمرے میں کچھ سامان ایسا بھی رکھیں جن کے رنگ مختلف ہوں تاکہ ان رنگوں کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔ماہرین کے مطابق اگر بیڈروم میں سفیداور ہلکے رنگ استعمال کئے جائیں تو اس سے ہمارے مزاج پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔یہ وہ رنگ ہیں جن سے بیمار بھی فرحت محسوس کرتے ہیں۔بچوں کے بیڈر وم میں سبز اور گلابی رنگ استعمال کئے جائیں ،کیونکہ بچے ان رنگوں کو بہت پسند کرتے ہیں ۔لیکن رنگ کوئی بھی ہوں ان کا عقلمندانہ استعمال آپ کے گھر اور کمروں کو خوبصورت بنا دے گا۔
نارنجی
آج کل رنگوں میں روایتی رنگ سے ہٹ کر شوخ اور بولڈ رنگ فیشن میں ان ہیں ،سرخ ،نارنجی،زرد،گہرا نیلا،سبز،وغیرہ وغیرہ۔سرخ رنگ کو استعمال کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر استعمال کرناچاہیئے۔کیونکہ یہ نہ ہر جگہ اچھا لگتا ہے اور نہ ہی ہر ایک کو اچھا لگتا ہے ،اس کے مقابلے میں اورنج کلر زیادہ اچھا تاثر پیش کرتا ہے ۔اگر اس کو ایک دیوار پر کیا جائے تو یہ بڑا بولڈ تاثر پیش کرتا ہے،اس کو سیڑھیوں کے سامنے دیوار،یا چمنی کے اوپر،جہاں چیزیں سجی ہوں ان کے بیک گراؤنڈ میں بھی یہ بہت خوبصورت لگتا ہے اس کے علاوہ بیڈروم کی ایک دیوار پر بھی یہ اچھا لگتا ہے۔اس کے ساتھ ہلکے رنگ استعمال کریں یا آس پاس لکڑی کا کام ہو تو وہ بھی اچھا لگتا ہے۔سفید اور اورنج کا امتزاج بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے ۔ایسے رنگوں کے ساتھ قدرتی فلورنگ اچھی لگتی ہے۔اس کے اوپر براؤن،بلیک اور سفید جیومیٹرک ڈیزائن سے سجے رگز(چھوٹے قالین)بچھائیں۔فرنیچر کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں ۔گہرے سرخ اور اورنج رنگ کی چیزوں سے کمرے کو سجایا جا سکتا ہے ۔
پیلا یا زرد
پیلا رنگ استعمال کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔اس رنگ سے سجاوٹ کرنا بھی مشکل کام ہے۔لیکن اگر آپ اس کو صحیح جگہ استعمال کر لیں تو یہ بہت روشن اور ماحول کو اٹھا دینے والا رنگ ہے۔اس رنگ کی حدت کو کم کرنے کے لئے اس کے ساتھ ٹھنڈے سرمئی رنگ کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔اگر اس رنگ کے ساتھ ہلکے رنگ سے پینل بنا لیے جائیں تو وہ نرم تاثر پیش کرتا ہے ۔یا اگر چیزیں شوخ رنگوں کی موجود ہیں تو اس رنگ کے ساتھ آف وائٹ جیسے ٹھنڈے رنگ کا استعمال کریں تو یہ بہت پرسکون اور فرحت بخش احساس دے گا ۔تیز پیلے رنگ کا استعمال احتیاط کا متقاضی ہوتا ہے ،اس کو محدود جگہ پر استعمال کریں ۔اس کا اسٹرانگ شیڈ پورے کمرے میں اثر رکھتا ہے اس لئے اس کے ساتھ ایسی کلر اسکیم جاری رکھیں جو اس میں توازن قائم رکھے،اس کے علاوہ بہت سوچ سمجھ کر منتخب فرنیچر ہی کمرے میں سیٹ کریں جو کہ اس کلر اسکیم سے متا بقت رکھتا ہو۔کوشش کریں کہ صرف ایک دیوار زرد رکھیں باقی دیواروں پرسرمئی،آف وائٹ ،اسٹون یا کوئی اور ہلکا رنگ استعمال کریں۔اس میں فلورنگ اور فرنیچر گہرے زرد رنگ میں رکھیں وہ اچھا لگے گا۔ اس کے علاوہ کشنز وغیرہ بھی بولڈ پرنٹس میں منتخب کریں۔
سبز
اگر آپ کے گھر میں کوئی بڑا ہال نما کمرا ہے ،یا آپ کا لاؤنج کھلا کھلا اور روشن ہے تو وہاں آپ بے دھڑک تروتازہ سبز رنگ کا استعمال کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ گارڈن روم،یا ایسا کوئی کمرہ جس کا تعلق باہر سے ہو ،وہاں ان رنگوں کا استعمال تازگی کا احساس دلا ئے گااور ان جگہوں پر آپ گرین کا کوئی بھی شیڈ استعمال کر سکتے ہیں ۔اور اس کے ساتھ کوئی زردی مائل دوسرے رنگ کے امتزاج سے کمرے کو حسن اور رونق بخش سکتے ہیں۔گہرے یا قدرتی رنگوں کا استعمال اس کے ساتھ قدرتی نظارے کا تاثر پیش کرے گا سبز کا کوئی ایک شیڈ منتخب کریں اور اسے پورے کمرے میں استعمال کریں اس کے ساتھ فلورنگ(نیچے بیٹھنے کا انتظام)بھی قدرتی رنگوں کی کیجیے ،روایتی لکڑی کا فرنیچراس کے ساتھ سوٹ کرے گا۔نازک سی سجاوٹی اشیاء کمرے میں حسن پیدا کر دیں گی،اور اس کمرے میں داخل ہونے والے کی توجہ بے ساختہ اپنی طرف کھینچے گی۔
نیلا
اگر آپ ہلکے اور گہرے نیلے رنگ کے امتزاج کو اپنے کمرے میں پسند کررہے ہیں تویہ بالکل ممکن ہے کہ آپ کمرے کی ہر چیز اسی رنگ میں رنگ دیں ۔مطلب یہ کہ اگر آپ کمرے میں موجود ہر چیز اسی رنگ کی رکھیں گے تو یہ برا نہیں لگے گا بلکہ اس سے کمرے میں گہرے سکون کا احساس ہوگا ۔یہ کلر اسکیم چھوٹے کمروں کے لئے بہترین ہے ۔یہ چھوٹے کمروں میں کشادگی کا احساس پیدا کرتا ہے۔اگر اس کے ساتھ سفید چھت ہو ،اور سفید ہی فلورنگ ہو تو اس کا حسن مکمل ہوجاتا ہے۔اور اس کے ساتھ ہلکے رنگ کا فرنیچر ہو تو اس سے لائٹ منعکس ہو کر کمرے میں نفیس سی خوبصورتی پیدا کر دیتی ہے۔ایسا نیلا رنگ منتخب کریں جو ٹھنڈک اور سکون کا احساس دے۔درمیانی رنگ استعمال کریں جو نہ بہت ہلکا ہو اور نہ بہت گہرا ۔نیلے رنگ کی کوالٹی یہ ہے کہ اگر اس کمرے میں آپ پورے کمرے کو بھی سجادیں اور اس میں خالی جگہ نہ چھوڑیں تو بھی کمرہ برا نہیں لگے گا ،کیونکہ یہ رنگ کشادگی اور کھلے پن کا احساس پیدا کرتا ہے۔،لیکن یہ خیال رہے کہ سجاوٹی اشیاء بھی نیلے شیڈ میں ہی استعمال کریں۔