زندگی کی پریشانیوں سے کس طرح نمٹیں؟

1,636

بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر پریشانیاں آج کل ہرکسی کی زندگی کاحصہ ہیں۔شاید ہی کوئی شخص ایساہوجسے کوئی پریشانی درپیش نہ ہو۔ لیکن ان سب مسائل کے باوجود اہم یہ ہے کہ آپ ان پریشانیوں کاکس طرح سامناکرتے ہیں۔پریشانیوں میں گھرکراگر آپ خود پریشان ہوجائیں تو انھیں دورکیسے کریں گے۔لہٰذا ان تراکیب پرعمل کریں۔

۱۔مسئلہ کوسمجھنے کی کوشش کریں

اگر زندگی میں کوئی بھی پریشانی ہوتو سب سے پہلے اس مسئلہ کوسمجھنے کی کوشش کریں۔اسے اہمیت دیں نظر انداز نہ کریں۔دنیاکے تمام کامیاب افراد کی ایک خاصیت ہے کہ وہ مصائب کے آگے ہتھیار نہیں ڈالتے۔خوفزدہ ہونے کے بجائے ٹھنڈے دل ودماغ سے مسائل کامشاہد ہ کرتے ہیں۔حقیقی انداز سے تمام پہلوؤں کاگہری نظر سے جائزہ لیں۔اس کے بعد اسے حل کرناآپ کے لئے مشکل نہ ہوگا۔

۲۔حل ڈھونڈیں

ہرپریشانی اپنے اندر ہی اپناحل رکھتی ہے۔کسی بھی پریشانی پربوکھلانے کے بجائے نہایت سوچ بچار کے بعد اس کے حل کے لئے کوشاں ہوجائیں ۔صبر اورسکون کے ساتھ پریشانی سے نجات کاراستہ تلاش کریں۔اسمیں کوئی شک نہیں کہ انسان ہرمشکل کاحل تلاش کرسکتاہے۔بس تھوڑی سی کوشش کرنی پڑتی ہے اورمسائل خود بخود حل ہوتے چلے جاتے ہیں۔

۳۔گھبراہٹ سے بچیں

عام طور پر مختلف تجربات میں دیکھاگیاہے کہ جب لوگ پریشان ہوتے ہیں۔تو ان پرگھبراہٹ طاری ہوجاتی ہے۔کچھ توفطری عمل ہے لیکن ایک ایسادماغ جوسوچنے کے بجائے بدحواسی کی طرف لے جائے تو ایسی صورت میں حالات بد سے بدتر ہونے لگتے ہیں۔پریشانیوں کے آگے ہتھیارڈال دینے والادماغ خود انسان کادشمن بن جاتاہے۔اسی لئے کسی بھی پریشانی کواپنے اوپر طاری نہ ہونے دیں۔

۴۔مستقل مزاجی اورتحمل

کسی بھی مسئلہ کے حل کے لئے مستقل مزاجی اورتحمل ایسے ہتھیار ہیں جوآپ کوپریشانی سے بچاتے ہیں۔یہ دوہتھیار ہرقسم کے حالات میں آپ کاساتھ دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔دنیاکی ہرپریشانی کے حل کے لئے آپ کے پاس آپ ہی کے دماغ میں ترکیبیں موجود ہیں۔جنھیں آپ مستقل مزاجی اورتحمل سے اپلائی کریں تو پریشانی سے چھٹکارہ پاسکتے ہیں۔

۵۔دماغ کوپرسکون رکھیں

پریشانیوں سے نجات کے لئے اپنے ساتھ ساتھ دماغ کوپرسکون رکھنابہت ضروری ہے۔دماغ سے اسی وقت تعمیری مشور ے حاصل کئے جاسکتے ہیں جب دماغ کی مجموعی حالت تسلی بخش ہو۔دماغ کوپرسکون رکھناکوئی اتنامشکل کام نہیں ہے۔بھاگ دوڑ ،بے جافکریں اورچیخ پکار سے پرہیز کریں تو کچھ دنوں میں آپ خود محسوس کریں گے کہ تحمل ،بردباری اورخوش اخلاقی آپ کی ذات کاحصہ ہوگی۔جو کسی بھی بڑے سے بڑے مسئلہ اورپریشانی کوحل کرنے کے بہترین ذرائع ہیں۔

۶۔مصائب سے جنگ

اپنی مشکل کوبڑاناجانیں۔دنیامیں جب آپ دیگر لوگوں سے ملیں تو انکی مشکلات آپ سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہیں۔مصائب سے لڑنااوران سے نکلناسیکھیں ۔مصائب سے فرارہونے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔جب آپ سمجھیں کہ آپ بہت پریشان یاآپکی پریشانی بہت بڑی اورنہ حل ہونے والی ہے تو کچھ وقت کے لئے گھرسے باہرنکلیں اوردیکھیں کہ اطراف میں موجود لوگ کس طرح زندگی جیتے ہیں۔

۷۔مخلص افراد سے مشورہ

اگر آپ سے چاہنے کے باوجود بھی مسئلہ حل نہ ہو تو کسی ایسے فرد سے رابطہ کریں جو آپ کامخلص ،سمجھداراورتجربہ کارہو۔جو آپ کی پریشانی پرنظرثانی کرے اورآپ کومفید مشورہ فراہم کرے۔لیکن کسی بھی مشورہ پرعمل کرنے سے پہلے اسے اپنے ذاتی فیصلے کے ساتھ اچھی طرح پرکھیں۔کیونکہ آپکے لئے کیاصحیح ہے اورکیاغلط یہ آپ سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔

۸۔یقین کاساتھ نہ چھوڑیں

آپ کااپنے اوپریقین ہی آپ کی کامیابی ہے۔یقین مشکلات کے حل میں ایسے ہی کام کرتاہے جیسے گاڑی کوچلانے میں پیٹرول کاکردار ہوتاہے۔مشکلات سے خوش اسلوبی سے نمٹنے کے لئے معلومات،تفکر اوریقین ضروری ہیں۔اگر آپ ان سے لیس ہیں تو کوئی پریشانی آپ کوپریشان نہیں کرسکتی ۔کیونکہ آپ وہ سب کچھ کرسکتے ہیں جوآپ کرناچاہتے ہیں۔

۹۔پریشانی کونظرانداز نہ کریں

اگر آپ کوکوئی پریشانی ہے تو اسے حل کریں التوا میں نہ ڈالیں۔بہت سے لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ اگر وہ کوئی فیصلہ یافوری قدم اٹھانے سے قاصر ہوتے ہیں تو ان معاملات کوالتوا میں ڈال دیتے ہیں جونہایت غلط قدم ہے۔موجودہ مسئلہ چاہے کتناہی بڑااورمشکل کیوں نہ ہو وہ آپ کی صلاحیتوں کی آزمائش کی پہلی کڑی ہے۔اسے کل پرٹالنے اورنظریں چرانے سے آپ آگے بڑھنے میں کامیاب نہیں ہوپائیں گے۔خود اعتمادی کے ساتھ انکاسامناکریں اورپھرکامیابی کے ساتھ آگے بڑھیں۔

۱۰۔پریشانی سے مبرازندگی

اکثر لوگوں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ ان کی زندگی میں کوئی پریشانی نہ ہو۔اوریہی خواہش بہت سی پریشانیوں کوجنم دیتی ہے۔آپ خود سوچیں کہ کیا ایسا کیسے ہوسکتاہے کہ آپ اتنی لمبی زندگی گزاریں اوراس میں کوئی اونچ نیچ نہ آئے۔جب آپ کسی راستے سے گزرتے ہیں تو اس میں کھڈے بھی آتے ہیں اورہموار زمین بھی۔کبھی نرم اورٹھنڈی گھاس آتی ہے اورکہیں کیچڑ ۔تو جب تھوڑی سی راہ گزر میں یہ سب کچھ آپ برداشت کرسکتے ہیں تو زندگی بھی ایسی ہی راہ گزر ہے جہاں ثابت قدمی سے گزر نا آپ کو صحیح منزل تک لے جاسکتاہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...