طرز زندگی میں10 تبدیلیاں لائیں اور سدا جوان رہیں
وقت کے گزرنے کے ساتھ بڑھتی عمر کے اثرات شخصیت پر نمایاں ہونے لگتے ہیں لیکن آپ کی تھوڑی سی کوشش آپ کو سدا جوان رکھ سکتی ہے اس لیے آپ کو صرف روز مرہ روٹین میں کچھ تبدیلیاں اور کچھ ٹوٹکے کرنا پڑیں گے جن سے آپ کی جلد جھریوں سے محفوظ رہ سکے۔
ہیٹ اسٹائلنگ نہ کریں:
جوان نظر آنے والے بالوں میں چمک اورخوبصورتی ہوتی ہے لیکن ان پر فلیٹ آئرن ، کرلنگ آئرن یا ڈرائر کا استعمال بالوں کو روکھا اور بے رونق بنادیتا ہے جس کا آپ کی پوری شخصیت پر اثر پڑتا ہے اور آپ کی عمر اصل عمر سے کئی سال زیادہ لگنے لگتی ہے ۔
سن اسکرین کا استعمال کریں:
روزانہ سن اسکرین کا استعمال نا صرف آپ کو سورج کی الٹرا وائلٹ ریز سے بچاتا ہے بلکہ جلد کو جھریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔ ہفتے میں ۴۔۳ دن SPF استعمال کرنے والوں کی جلد ،SPFنہ استعمال کرنے والوں کی جلد سے کہیں زیادہ جوان نظر آتی ہے ۔ 30 SPF والا سن اسکرین دھوپ ہو یا بارش ہر موسم میں لگائیں۔
ہاتھوں پر لوشن لگائیں:
ہاتھوں کی اوپر والی جلد پتلی ہوتی ہے جس پر عمر بڑھنے کے اثرات بقیہ جلد کے مقابلے میں جلدی نمایاں ہوتے ہیں۔ جب خشک ہوا ہاتھوں کی نمی کو جذب کرلیتی ہے تو ہاتھ بوڑھے نظر آتے ہیں اپنے ہاتھوں پر سن اسکرین والا لوشن لگائیں جو ہاتھوں کو دھوپ سے ہونے والے نقصان سے بچائے گا جس کی وجہ سے ہاتھوں پر دھبے اور جھریاں پڑنے لگتی ہیں ۔
ایسی غذا نہ کھائیں جو دانتوں کو خراب کرے:
اچھی صحت اور جوانی کی ایک نشانی سفید چمکدار دانت بھی ہیں ۔ گرم گہری رنگت اور چپکنے والے کھانے جیسے باربی کیو سوس، سویا سوس ، دانتوں پر داغ دھبے ڈال دیتے ہیں اس کے علاوہ کوفی اور کولڈرنکس بھی دانتوں کو گندا کرتے ہیں ۔
روزانہ ورزش کریں:
ورزش سے دوران خون بڑھتا ہے جس سے جلد اور خوبصورت نظر آتی ہے ۔ دوران خون میں یہ اضافہ آنکھوں گرد بنے حلقوں کو بھی ختم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جب جسم کا شیپ اچھا ہوگا تو آپ قدرتی طور پر آپ جوان نظر آئیں گے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ روزانہ ۳۰ منٹ ورزش کی جائے۔
ماؤتھ واش استعمال کریں:
روزانہ ماؤتھ واش کا استعمال اچھی عادت ہے ۔ بیکٹیریا کو ختم کرنے والے یہ ماؤتھ واش دانتوں میں پھنسے ذرات کو صاف کرنے کے ساتھ مسوڑھوں کو بھی صحت مند رکھتے ہیں۔ سفید چمکیلے دانت اور گلابی مسوڑھے صحت مندی کی علامت ہیں جبکہ مسوڑھوں کا لال نظر آنا مسوڑھوں کی بیماری کی نشاندہی کرتا ہے۔
زیادہ پروٹین والی غذائیں کھائیں:
اگر آپ اپنے پالوں کوخوبصورت بنانا چاہتی ہیں تو اپنی غذا میں پروٹین کا اضافہ کریں۔ زیادہ تر عورتوں کو روزانہ ۴۶ گرام پروٹین لینا چاہیے۔ اس کے لیے اپنی غذا میں انڈے ، دودھ اور مچھلی کو شامل کریں۔
نمک کا استعمال کم کریں:
کھانوں میں زیادہ نمک کااستعمال جسم سے پانی کے اخراج میں رکاوٹ بنتا ہے جس کی وجہ سے جسم خاص طور پر آنکھیں سوجھی ہوئی نظر آتی ہیں ۔ اپنی غذا سے نمک والی چیزوں کی مقدار کم کریں۔
ہری سبزیاں کھائیں:
ہری سبزیاں قدرتی ٹوتھ برش کا کام دیتی ہیں ۔ فائبر سے بھرپور سبزیاں مثلاًپالک ، سلاد اور بروکولی دانتوں کو قدرتی طور پر صاف کرنے میں مدد دیتی ہیں ان کا فائبر دانتوں پلاک جمنے سے محفوط رکھتا ہے۔ ہری سبزیوں کا استعمال جلد کی رنگت بھی نکھارتا ہے ۔ روزانہ سبزیوں کو اپنی خوراک میں شامل کر کے پرکشش جلد کے مالک بن جائیں۔
پوری نیند لیں:
گہری نیند میں جسم بڑی مقدار میں ایسٹروجن اور پروجیسٹرون بناتا ہے ۔ جس سے جلد میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ جلدی ٹھیک ہوجاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اچھی نیند کے بعد جلد چمکدار اور ترو تا زہ نظر آتی ہے۔ یہ ہارمونز ایکنی سے بھی بچاتے ہیں ۔پرسکون نیند کے لیے رات کو سونے سے پہلے گرم دودھ اور شہد کا استعمال کریں۔