عرق النساءکے درد کا علاج

12,637

عرق النساء ٹانگ کا درد ہے جو ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے میں نروز کے دبنے سے ہوتا ہے۔یہ درد نروز کی جڑوں سے ( جو ریڑھ کی ہڈی کے دونوں جانب ہوتی ہیں)اٹھتا ہے۔اور شیاٹک نروز (جو ران تک جاتی ہیں)میں داخل ہو جاتا ہے۔ جس سے ٹانگ میں شدید درد ہوتا ہے۔عام طور پر یہ درد صرف ایک ٹانگ میں محسوس کیا جاتا ہے۔

گھریلو علاج

اکثر لوگوں کا خیال ہے کچھ گھریلو تدابیر اپنانے سے بھی اس درد میں فرق پڑتا ہے۔ جیسا کہ ایک دو دن آرام کرنے سے تکلیف کم ہوتی ہے۔ لیکن زیادہ آرام بھی تکلیف میں اضافہ کر سکتاہے۔

ایسی کچھ تدابیر جو عرق النساء میں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں۔

برف سے سکائی

شروع میں برف کی سکائی سے آرام مل جاتا ہے۔ برف کے ٹکڑے کسی تھیلی میں ڈال کر تولیے میں لپیٹ کر بیس منٹ تک درد کی جگہ رکھنے سے آرام آتا ہے۔

گرم سکائی

دو تین دن بعد درد والے حصے پر گرم سکائی کریں۔ اس کے لیے گرم پانی کی تھیلی ، گرم لیمپ یا گرم پیڈ استعمال کریں۔ اگر درد مستقل رہے تو ایک دفعہ گرم اور ایک دفعہ ٹھنڈی سکائی کریں ۔

کھنچاؤ

کمر کے نچلے حصے میں کھنچاؤ پیدا کرنے والی ورزش کرنے سے بھی آپ بہتر محسوس کریں گے ۔ اس طرح نروز کے دباؤ میں کمی آئے گی۔ ورزش کے دوران جھٹکے سے اٹھنے اور مڑنے سے بچیں۔اور اس کھنچاؤ کو تیس سیکنڈز تک قائم رکھیں۔

فوری استعمال کی دوائیں

درد کی دوائیں یعنی بروفن اور نیپروکسن سوڈیم عرق النساء کے درد میں کمی لاتی ہیں۔

دوسرے علاج

کمر کے درد کے لیے کچھ دوسرے علاج بھی کیے جاتے ہیں۔

اکو پنکچر

اکو پنکچر میں ماہرین آپ کی جلد کے مخصوص حصوں میں بہت باریک سوئیاں گھساتے ہیں ۔ کچھ تحقیقات اس علاج کو کمر درد کے لیے کامیاب قرار دیتی ہیں۔جبکہ باقی اسے بے فائدہ قرار دیتی ہیں ۔ اگر آپ اکو پنکچر کرانا چاہتے ہیں تو کسی لائسنس یافتہ ماہر کا انتخاب کریں جو اس شعبے میں تربیت یافتہ ہو۔

کائرو پریکٹک

اس تھیراپی میں ماہرین ریڑھ کی ہڈی کے مہروں کو صحیح طرح بٹھاتے ہیں تاکہ ریڑھ کی ہڈی صحیح انداز میں حرکت کر سکے۔ اس کا مقصد ریڑھ کی ہڈی کی حرکت کو صحیح بنانا ہے۔تاکہ ریڑھ کی ہڈی اپنا کام بہتر طریقے سے انجام دے اوردرد سے نجات حاصل ہو سکے۔یہ علاج ایک حد تک کمر کے درد کے لیے مفید ہے۔لیکن پھیلنے والے درد میں اتنا فائدہ مند نہیں ہے۔

احتیاط

عرق النساء سے بچنے کے لیے کچھ احتیاط کی جا سکتی ہیں۔

باقاعدہ ورزش

اپنی کمر کو مضبوط بنانے کے لیے پیٹ اور کمر کے پٹھوں پر بھرپور توجہ دیں۔ کیونکہ یہ جسمانی وضع میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اپنے ڈاکٹر سے جسمانی ورزش کے لیے مشورہ لیں۔

صحیح انداز میں بیٹھیں

ایسی نشست کا انتخاب کریں جو آپ کی کمر کے نچلے حصے کے لیے آرام دہ ہو۔ چھوٹا تکیہ یا تولیہ لپیٹ کر کمر کے پیچھے رکھ لیں۔ کولہوں اور گھٹنوں کو لیول میں رکھیں۔

جسم کے لیے اچھا طرز عمل اختیار کریں

اگر آپ کو زیادہ دیر تک کھڑے رہنا پڑتا ہے تو آپ اپنے پیروں کو باری باری کسی اسٹول یا چھوٹے ڈبے پر رکھتے رہیں۔ جب کوئی بھاری چیز اٹھائیں ۔ اچھی طرح جھک کر اٹھائیں۔ جھکنے اور اٹھنے میں کمر کو سیدھا رکھیں اور صرف گھٹنوں کو موڑیں۔وزن کو اپنے جسم کے قریب رکھیں ۔ ایک ساتھ وزن اٹھانے اور مڑنے سے گریز کریں ۔ اگر وزن بھاری ہو تو کسی کے ساتھ مل کر اٹھائیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...