کیلا ۔۔غذا بھی، دوا بھی

40,395

قدرت نے تمام موسموں کے پھلوں کو ان کی افادیت کے ساتھ انسان کی جسمانی ضروریات کے طور پر پیدا کیا ہے جو نہ صرف انسان کے جسم میں مختلف وٹامنز کی کمی کو پورا کرتے ہیں بلکہ کئی پھلوں میں غذا کے ساتھ جسم میں موجود جراثیم سے لڑنے کی بھی بھر پور صلاحیت ہوتی ہے یا یوں کہہ لیں کہ موسم کا ہر پھل ذائقے کے ساتھ انسان کے لئے دوا بھی ہے۔بر صغیر میں آم کے بعد سب سے زیادہ رغبت سے کھایا جانے والا پھل کیلا ہے ۔غذائی اعتبار سے کیلے کی افادیت کا انکار نہیں،کیونکہ یہ توانائی سے لبریز پھل ہے ،جس میں وٹامن اور معدنیات کا خزانہ پوشیدہ ہے ،یہ ایک ایسا جادوئی پھل ہے جو انسانی جسم کو پلک جھپکتے ہی توانائی فراہم کرتا ہے ،دیگر پھلوں کے مقابلے میں یہ ایک زود ہضم غذا ہے جسے شیر خوار بچوں کی ابتدائی خوراک کا اہم جزو سمجھا جاتا ہے ،کیلا اگر بچوں کو کم عمری میں استعمال کروایا جائے تو وہ بہت جلد صحت کے اعلٰی معیارتک پہنچتے ہیں ۔جبکہ بڑھتے ہوئے بچے ہر روز ناشتے میں کیلا کھانے کے بعد ایک گلاس دودھ پینے کی عادت اپنالیں تو ان کا وزن بھی برھنے لگے گا اور جسمانی طاقت بھی حاصل ہوگی۔

کہتے ہیں کہ کیلا قدیم ترین پھل ہے جو زمانہ قبل از مسیح سے زیرِاستعمال ہے ،سکندرِ اعظم نے اسے دریائے سندھ کی وادی مین کاشت ہوتے دیکھا تھا مگر اب یہ دنیا بھر کے کئی ممالک کے میدانی علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے ۔اطباء کی رائے کے مطابق کیلا گرمی ،سردی کے موسم میں معتدل اور دوسرے درجے میں تر ہے ،بعض کے نزدیک گرم تر ہے،بر صغیر پاک و ہند میں اس کی کئی اقسام کاشت کی جاتی ہیں کیلے کی ہر قسم کا اپنا الگ ذائقہ (Taste)،حلاوت،غذائی خصوصیت اور قوت بخش معیار ہوتا ہے ۔سائنسی تجزئیے کے مطابق6کیلوں میں 450حرارے ہوتے ہیں۔

کیلے میں 80فیصد غذائی اجزاء ہوتے ہیں،اسمیں تقریباً3/4 حصہ پانی اور 1/5 حصہ شکر اور باقی نشاستہ ،حل پذیر ریشہ،معدنیات اور حیا تین ہوتے ہیں ،نشاستہ زیادہ ہونے کی وجہ سے کیلا کھانے سے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔اس میں گوشت بنانے والا جز و نائٹروجن زیادہ ہوتا ہے ۔کیلے میں کیلشیئم،میگنیشئم،فاسفورس،گندھک ،لوہا،اور تانبا پایا جاتا ہے۔طب نبوی ﷺ کے مطابق کیلا عمدہ پھل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی دوا بھی ہے،یہ جسم میں وٹامن سی کی کمی کوپورا کرتا ہے ،طاقت اور خون پیدا کرتا ہے،گردوں کو طاقت دیتا ہے،جگر کے لئے مقوی ہے،گلے کی خراش میں اس کا استعمال مفید ہے ،جسم سے زہریلے مواد کو باہر نکالتا ہے ،کھانسی کے لئے بھی مفید ہے،جبکہ پیچش کے لئے اکسیر ہے،یرقان میں بھی فائدہ پہنچاتاہے۔تیزابیت دور کرتا ہے،اس لئے معدہ کے لئے مفید ہے ۔پیاس اور دل کی بیماریوں کے لئے بھی فائدہ مند ہے،پیچش ،مروڑ،بچوں کے دستوں میں اور کمزور بچوں کے لئے جن کا وزن کم ہو انہیں کیلا دودھ کے ساتھ دینا چاہیے۔کم مقدارمیں کھانے کی صورت میں باعث قبض،اور زیادہ کھانے کی صورت میں قبض کشا ہے ،جسم کو موٹا کرتا ہے ،شوگر کے مریض کم کھائیں ،کیلا کھانے کے بعد فوراًً پانی نہ پیءں اس سے بلغم پیدا ہوتا ہے ،پیچش اور دست کے دوران کیلا دہی میں ملا کر کھائیں۔

کیلے کے ساتھ ساتھ اللہ نے کیلے کے درخت میں بھی دوا کے اثرات رکھے ہیں۔کیلے کے تنے میں موجود پانی سے پیٹ کے کیڑے ہلاک ہوتے ہیں،اس کی جڑ بھی بڑی کارآمدہے،جس سے طبیب اپنے مریضوں کاعلاج کرتے ہیں ،کیلے کی ایک خوبی یہ ہے کہ دن کے ابتدائی حصے میں اس کا استعمال جس قدر کارگر ہے اتنا شام یا رات کو نہیں ،لہذا بہتر ہوگا کہ ناشتے کے اوقات میں کیلا استعمال کیا جائے۔

مزید جانئے : چھلکے میں چھپاطاقت کا خزانہ۔کیلا

کبھی آپ نے کیلے کا سالن کھایا ہے ؟جی ہاں کچے کیلوں کا سالن لذیذ و مزیدار بنتا ہے کچے کیلے کو سالن کے طور پر پکا کر کھانے سے جسم میں نہ صرف چستی رہتی ہے بلکہ یہ جسم کی تھکن دور کرنے میں بھی مددگا ر ثابت ہوتا ہے۔کیلا کھانے سے انسان بہت سی بیماریوں سے بچ سکتا ہے۔جن میں ذہنی تناؤ،بلند فشارِخون ،فالج ،ذہنی صلاحیتوں میں کمی شامل ہیں۔غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیلا ایک ایسا پھل ہے جس میں انسانی صحت کے لئے بیش بہا فوائد شامل ہیں جو پھل کے ساتھ ساتھ دوا بھی ہے ۔طبی ماہرین کا کیلے کے حوالے سے کہنا ہے کہ کیلے میں تین چوتھائی حصہ پانی ہونے کی وجہ سے چھوٹے بچوں کے لئے کیلے کا استعمال ان کی صحت کا ضامن ہے،اس لئے بچوں کو دودھ کے ساتھ کیلے کا استعمال ضرور کرائیں۔الغرض کیلا پھل کا پھل ہے اور دوا کی دوا ہے۔اس کے استعمال کو اگر معمول بنا لیا جائے تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ کوئی بیماری آپ کے قریب بھی پھٹکے۔ کیلا وہ پھل ہے جو آپ کو صحت اور طاقت بخشنے آیا ہے۔یہ آپ کے لئے ایک پر فیکٹ پھل ہے جو کہ آپ کی زندگی بدل سکتا ہے ۔کہیں بھی کسی بھی وقت اس کو مختلف قسم کے کھانے اور پینے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔اگر آپ اپنے بچے کا دودھ چھڑا نا چاہ رہی ہیں تو بھی یہ آپ کے بچے کے لئے بہترین اور بھرپور غذا ہے،اگر آپ اپنے لئے فوری توانائی والی ڈرنک بنانا چاہتے ہیں تو بھی کیلے میں دودھ مکس کریں ،بلینڈ کریں ،لیجیے آپ کی توانائی سے بھری ڈرنک تیار ہے۔یہ پکنک اور پارٹیز وغیر ہ کے لئے بھی بالکل پر فیکٹ پھل ہے جس کو چھیلنا ،کھانا آسان ہے اور اس کو کھانے میں آپ کے ہاتھ پیر بھی خراب نہیں ہوتے ،اس میں بہت زیادہ مقدار میں پوٹاشیم موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے۔آیوڈین کی کمی کو دور کرتا ہے ،پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے،اس میں ٹھوس غذائیت زیادہ اور پانی کم ہوتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...