روزہ رکھیں ذیابیطس کنٹرول کریں

984

اللہ کے ہر حکم کے پیچھے انسان کے لئے کوئی نہ کوئی فائدہ چھپا ہوتا ہے جسے اگر سمجھ لیا جائے تو انسان کی ساری پریشانیاں اور تکالیف دور ہو سکتی ہیں ۔ ایسا ہی ایک حکم روزے رکھنے کا بھی ہے ۔ روزے یوں توثواب کمانے اور گناہ بخشوانے کا ذریعہ ہیں لیکن ساتھ ہی صحت کے حوالے سے بھی روزے سے کئی طرح کے فائدے حاصل ہوتے ہیں ۔
حال ہی میں امریکا میں ہونے والی ایک ریسرچ کے نتیجے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ اگر باقاعدگی اور تواتر کے ساتھ مہینے میں کسی ایک دن روزہ رکھ لیا جائے تو اس سے دل کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ ذیابیطس کا خطرہ بھی کم ہوسکتا ہے۔
اس اسٹڈی کے ضمن میں ڈاکٹرز نے دوسو سے زائد مکینوں کی صحت کا مطالعہ بھی کیا اور ان کی عادات کو بھی جانچا۔ اُن مکینوں کا یہ طریقہ کار رہا ہے کہ یہ ہر مہینے میں ایک دن مکمل فاقہ کرتے ہیں اورکھانے پینے سے اجتناب کرتے ہیں۔ ماہرین نے ان افراد کے ایکسریز اسکیننگ کو چیک کیا تو پتا چلا کہ جن لوگوں نے مہینے میں ایک دن کا فاقہ نہیں کیا تھا، ان کی شریانیں فاقہ کرنے والوں کے مقابلے میں لگ بھگ 75فی صد تنگ پائی گئیں۔
امریکن کالج آف کارڈیا لوجی کی کانفرنس میں بھی یہ بات کہی گئی کہ فاسٹنگ یا فاقہ کشی کے یہ نتیجے میں ذیابیطس کی شکایات کی تعداد میں لگ بھگ نصف کمی ہوئی ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ یہ نتائج صرف ان لوگوں کے نہیں تھے جن کا لائف اسٹائل یا طرز زندگی صحت مندانہ تھا اور فاقہ کشی بھی کرتے تھے، اس کے لیے ریسرچ کرنے والے ماہرین نے ان لوگوں پر دوسری اسٹڈی کرائی جو ریگولر فاسٹر نہیں تھے یعنی جو پابندی سے فاقہ کشی نہیں کرتے تھے۔
اس کے لیے رضا کاروں کا اہتمام کیا گیا جنھوں نے چوبیس گھنٹوں تک سوائے پانی کے نہ کچھ کھایا اور نہ پیا۔ اس دوران انھیں ہیلتھ چیکس کے ایک سلسلے سے گزرنا پڑا۔ انھیں اس حال میں بھی مانیٹر کیا گیا جب انھوں نے نارمل انداز سے کھایا پیا۔ اس ٹیسٹ سے انکشاف ہوا کہ فاسٹنگ نے انسان کے گروتھ ہارمون میں تحریک یا شدت پیدا کی۔ واضح رہے کہ گروتھ ہارمون انسان کے میٹابولزم (غذا کے جزوبدن بننے کے عمل) کی رفتار کو تیز کرکے چکنائی یا چربی کو جلا دیتا ہے۔
یہ بات ہم سبھی جانتے ہیں کہ چکنائی میں کمی سے ذیابیطس کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے اور دل کی بیماریوں کے خطرے میں بھی کمی ہوجاتی ہے ۔فاسٹنگ یا فاقہ کشی کولیسٹر ول کی سطح میں اضافے کا سبب بنی، لیکن جیسے ہی فاقہ ختم ہوا تو یہ سطح ایک بار پھر نارمل پر آگئی۔ لیکن ماہرین اور ڈاکٹرز نے زور دیا ہے کہ اس سلسلے میں مزید ریسرچ کی ضرورت ہے، اس کے بعد ہی مریضوں کو فاقہ کشی یا فاسٹنگ کی تجویز دی جاسکتی ہے، اس سے پہلے ایسا کوئی مشورہ نہیں دیا جانا چاہیے۔
ابھی اس موضوع پر مزید ریسرچ کی جا رہی ہے البتہ یہ بات یقینی طور پر کہی جا سکتی ہے روزہ رکھنے سے انسان کو بے شمار روحانی و جسمانی فائدے حاصل ہو تے ہیں ۔

مزید جانئے  : رمضان میں جلد کی رونق بڑھانے والی غذائیں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...