رات گئے کھانا کھانے کے نقصانات

1,000

ہم میں سے اکثر لوگوں کے ساتھ زندگی میں ایسا ہوا ہوگا کہ آدھی رات کو آنکھ کھلی تو جی چاہا کہ کچھ کھالیں۔ لپک کر باورچی خانے یا ریفریجریٹر کی طرف گئے اور کھانا شروع کردیا۔ کبھی کبھار کی بات تو اور ہے لیکن جب اکثر ایسا ہونے لگے تو اسے خطرے کی گھنٹی سمجھ لیجیے۔

اندازہ یہ ہے کہ صرف برطانیہ میں نولاکھ افراد ایسے ہیں جو رات کو اٹھ اٹھ کر کھاتے ہیں اور معالجین نے ان کے اس عمل کو اجتماع علامات قرار دے دیا ہے۔ یہ انیس سو پچانوے کی بات ہے کہ ایک امریکی ماہرنفسیات نے بعض لوگوں میں پہلی بار یہ علامات محسوس کیں اور انھیں ’رات گئے کھانیکی اجتماع علامات‘ قرار دیا۔ انھوں نے اس کی وجہ جسم میں ہارمون کی سطح میں تبدیلی بتائی۔

آجکل جولوگ کھانے سے پیدا ہونے والی یا غذا سے تعلق رکھنے والی بیماریوں کا علاج اور تحقیق کررہے ہیں ان میں سے اکثر کو اس امریکی ماہر نفسیات کے موقف سے اتفاق ہے اور خیا ل یہ ہے کہ زندگی کی مصروفیات میں اضافہ اور طرز زندگی میں تبدیلی اس کی ذمے دار ہے۔

وہ لوگ جو ان علامات میں مبتلا ہیں ان میں سے زیادہ تر ایسے ہیں جنھیں دباؤ اور بے خوابی کی شکایات ہیں۔ یہ لوگ اکثر رات میں تین چار بجے تک جاگتے ہیں اور پھر ایسی چیزیں کھاتے ہیں جن میں نشاستہ خوب ہوتا ہے۔

رات کو اٹھ اٹھ کر کھانے والے یہ لوگ اکثر ناشتا نہیں کرتے اور دن میں ان کے جسم میں دوسرے لوگوں کی بہ نسبت بہت کم حرارے پہنچتے ہیں۔ لیکن رات سے صبح تک ساری کسر پوری ہوجاتی ہے اور ان کے جسم کو حاصل ہونے والے کُل حراروں میں آدھے ایسے ہوتے ہیں جو رات کے سناٹے میں چپکے سے ان کے جسم میں پہنچ جاتے ہیں۔

ہمارے یہاں اس کا شعور بہت کم ہے اور شاید بہت ہی کم لوگوں کو اس کا احساس ہوگا کہ وہ اس بیماری میں مبتلا ہیں،لہٰذا وہ کبھی کسی معالج سے مشورہ بھی نہیں کرتے۔ایک برطانوی ماہر نے خیال ظاہر کیا ہے کہ چونکہ یہ علامات بہت کم لوگوں میں پائی جاتی ہیں لہٰذا ابھی اسے اچھی طرح سمجھا نہیں جاتا۔ ان کی رائے میں غالباً یہ علامات ایک قسم کا ہوکا ہے جو صرف رات میں ظاہر ہوتا ہے۔اس ماہر کا خیال ہے کہ دماغ میں کوئی ایسی کیمیائی تبدیلی واقع ہوتی ہے جو لوگوں کو جگاکر انھیں کھانے پر اُکساتی ہے۔

امریکی ماہر نفسیات کا خیا ل ہے کہ جولوگ رات کو اٹھ اٹھ کر کھانے کی بیماری میں مبتلا ہیں انھیں تین خاص طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے: کھانے میں بدنظمی،نیند میں خلل اور مزاجی کیفیت میں خرابی۔ بدقسمت سے یہ علامات مردوں سے زیادہ عورتوں میں عام ہیں۔ البتہ بچوں میں یہ علامات نہیں دیکھی گئیں۔

رات کو اٹھ کر کھانے کی بیماری میں مبتلا اکثرلوگ یہ کرتے ہیں کہ رات کو خوب کھالیتے ہیں اور دن میں یہ کوشش کرتے ہیں کہ کم سے کم کھائیں تاکہ رات کی بسیار خوری کاازالہ ہوجائے۔ اس کا دوسرا رخ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ چونکہ وہ دن میں اپنی غذا پر پابندی لگائے رکھتے ہیں لہٰذا رات کو اکثر بھوک بہت بڑھ جاتی ہے۔ اس طرح یہ ایک طرح کا پریشان کن چکر بن جاتا ہے۔ اس ماہر کا خیال ہے کہ رات کو کچھ ایسا ماحول پیدا ہوجاتا ہے جو لوگوں کو خواہ مخواہ کھانے پر اُکساتاہے۔ اس میں کئی عوامل کو دخل ہوتا ہے۔ مثلاً،تنہائی،تشویش،شراب نوشی اورکھانے پینے یا سونے جاگنے کے اوقات میں بدنظمی۔

جولوگ اس بیماری یا غذا سے تعلق رکھنے والی دوسری خرابیوں میں مبتلا ہیں انھیں چاہیے کہ نفسیات اور غذا کے ماہرین کے مشورے سے اپنے لیے ایک ایسا نظام وضع کریں جس میں وہ پابندیِ وقت کے ساتھ کھانا کھائیں اور غذا کی مقدار اور توازن کو بھی پیش نظر رکھیں۔ ساتھ ہی ساتھ ایسا طریق کاراختیار کرنا بھی ضروری ہے جو ان عوامل کی مزاحمت کرے جن کی وجہ سے بیماری جنم لیتی اور پلتی ہے۔ ایسے خیالات سے بھی پیچھا چھڑانے کی کوشش کیجیے جو آپکے دماغ کو پریشان کرتے اور پستی کا باعث بنتے ہیں۔ ان خیالات یا منفی سوچ کو غذا سے تعلق رکھنے والی بیماریوں کے بڑھانے میں کافی دخل ہوتا ہے اور اکر
لوگوں کو ذہنی پریشانی بسیارخوری پر اُکساتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...