بریسٹ کینسر کے متعلق چند عام غلط فہمیاں

3,250

تیزی سے پھیلنے والے کینسرکی قسم، بریسٹ کینسر کو لے کر لوگوں کو کئی طرح کی غلط فہمیاں ہیں ۔بریسٹ کینسرکے بارے میں ضروری آگہی پھیلانا اور غلط فہمیوں کو دور کرنا بے حد ضروری ہے تاکہ اس پر وقت رہے قابو پاکر اس کا کاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ بریسٹ کینسر کے بارے میں مندرجہ ذیل غلط فہمیاں عام ہیں:

۱۔بریسٹ میں گلٹی کی موجودگی لازماًکینسر کی علامت ہے

صرف چند فیصد گلٹیاں ہی کینسر کا باعث بنتی ہیں ۔ اس لیے ضروری نہیں کہ ہر گلٹی کو کینسر کی علامت ہی سمجھ لیا جائے ۔ تاہم اگر کوئی گلٹی مستقل طور پر چھاتی میں موجود ہے یا آپ کو چھاتی کی بناوٹ میں کوئی تبدیلی محسوس ہو تو اسے نظر انداز نہ کریں ۔ اس صورت میں بریسٹ فزیشن سے رابطہ ضروری ہے تاکہ وہ ضروری ٹیسٹ کے ذریعے بتا سکے کہ آیا یہ کینسر کی علامت ہے یا نہیں۔

۲۔بریسٹ کینسر صرف عورتوں میں ہوتا ہے

اندازہ لگایا گیا ہے کہ ہر سا ل دو ہزار کے قریب مرد بریسٹ کینسر کا شکا ر ہوتے ہیں جن میں سے۴۰۰کی اموات بریسٹ کینسر کے باعث ہوتی ہے۔ یہ تناسب نہایت کم ہے لیکن پھر بھی مردوں کو بھی بریسٹ کو جانچتے رہنا چاہئے اور کسی تبدیلی پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے ۔مردوں میں اس کی آگاہی کم ہونے کی بنا پراکثر علاج میں دیر ہو جاتی ہے۔

۳۔ایکسرے کینسر کے پھیلنے کا باعث بنتا ہے

میمو گرام یعنی بریسٹ کا ایکسرے بریسٹ کینسر کی جانچ کا ابتدائی ذریعہ ہے۔میمو گرام کے دوران بریسٹ پر دباؤ دیا جاتا ہے جو بعض لوگوں کے مطابق کینسر کے پھیلنے کا باعث بن سکتا ہے۔ایسا ہر گز نہیں ہے۔نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کے مطابق میمو گرام سے حاصل ہونے والے فوائد اس سے نکلنے والی شعاعوں کے نقصانات سے کہیں زیادہ ہیں۔میمو گرام میں شعاؤں کا بہت معمولی اخراج ہوتا ہے۔

۴۔یہ موروثی مرض ہے

ایسی خواتین میں کینسر کے خطرات بڑھ ضرور جاتے ہیں جن کی فیملی میں کینسر کے مریض پہلے سے موجود ہوں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس فیملی کی ہر عورت کو کینسر ہوگا۔اکثر عورتیں جو بریسٹ کینسر کا شکار ہوتی ہیں ان کی فیملی میں کینسر کی بیماری سرے سے ہوتی ہی نہیں۔صرف دس فیصد مریض ایسے پائے گئے ہیں جن کی فیملی میں یہ بیماری پہلے سے تھی۔

اگر آپ کی والدہ یا بہن کو چالیس سال کی عمر سے پہلے کینسر ہوا ہے تو آپ کو اس عمر سے دس سال پہلے سے اپنا چیک اپ کراتے رہنا چاہئے۔اگر آپ کی نانی یا خالہ کو کینسر تھا ،تو آپ کو کینسر کا اتنا خطرہ نہیں جو پہلی قسم میں تھا۔اگر آپ کے خاندان میں نسل در نسل یہ بیما ری چلی آرہی ہے جو ایک دوسرے کے قریبی رشتے دار(ماں،بیٹی،بہن) ہیں اور ان سب میں پچاس سال کی عمرسے پہلے یہ بیماری پیدا ہوئی تو اس صورت میںیہ امکان پیدا ہوتا ہے کہ یہ بیماری فیملی ہسٹری کی وجہ سے ہے۔

۵۔بریسٹ کینسر چھوت کی بیماری ہے

یہ بیماری نہ ہی دوسرے سے ہمیں لگتی ہے اور نہ ہی ہم سے دوسروں کو۔خلیات کی غیر معمولی افزائش جو بریسٹ کے ٹشوز میں پھیل جاتے ہیں کینسر کا باعث بنتے ہیں۔آپ صحت مند طرز زندگی اپنا کر اور ان خطرات کے بارے میں معلومات حاصل کرکے شروع میں ہی اس بیماری پر قابو پا سکتے ہیں۔

۶۔ پسینے کا اخراج روکنے والی اشیاء یا ڈیوڈرنٹ بریسٹ کینسر کا باعث بنتا ہے
تحقیق نے اس بات کو کہیں بھی ثابت نہیں کیا کہ ڈیوڈرنٹ کا استعمال کینسر کا باعث بنتا ہے۔

۷۔گلٹی ہی کینسر کی واحد ممکنہ علامت ہے

کینسر زیادہ تر گلٹی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے لیکن خواتین کو بریسٹ میں ہونے والی دوسری تبدیلیوں کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔اس میں سوجن،خارش ،چھاتی میں درد،نپل کا بڑا ہوجانا،دھنس جانا یا نپل سے پس کا اخراج ہونا شامل ہے۔ایسی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے۔اکثر بریسٹ کینسر بغل تک پھیل جاتا ہے اور بغل میں سوجن ہوجاتی ہے،یہ علامت چھاتی میں گلٹی محسوس ہونے سے پہلے ہوتی ہے۔دوسری طرف بریسٹ میں کوئی ظاہری تبدیلی یا علامت نہ بھی ہو تو میمو گرام سے اسکا پتہ چل جاتا ہے۔

۸۔بائیوپسی سے کینسر پھیلتا ہے

اس بات کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔یہ ایک دقیانوسی سوچ ہے۔تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ایسے مریض جن کی بائیوپسی ہوتی ہے ان میں کینسر تیزی سے نہیں پھیلتابہ نسبت ان لوگوں کے جن کی بائیوپسی نہیں ہوتی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...