ملازمت پیشہ خواتین کے لیے 6مشورے
دورِ جدید کے تقاضوں اور معاشی مجبوریوں کے تحت اب پاکستان میں بھی بہت سی خواتین مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کررہی ہیں، لیکن جو خواتین دفاتر میں کام کام کرتی ہیں، انہیں کم ازکم آٹھ گھنٹے اپنی سیٹ پر بیٹھے رہنا پڑتا ہے جس کے سبب انہیں اپنی فٹ نس برقرار رکھنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ یہی نہیں دفتری مصروفیات کی وجہ سے وہ اپنے کھانے پینے کا مناسب خیال بھی نہیں رکھ پاتی ہیں۔ ایسی خواتین کے لیے ہم ماہرین صحت کی تحقیقات کی روشنی میں چند اہم مشورے پیش کررہے ہیں جن پر عمل کرکے وہ معمول کے مطابق اپنا کام سرانجام دیتے ہوئے بھی سلم اور اسمارٹ اور جسمانی پیچیدگیوں سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔
1۔ ناشتہ ضرور کریں
آپ خواہ کتنی بھی مصروف ہوں ، اپنے وقت کی تقسیم کچھ اس طرح کریں کہ اطمینان سے صبح کا ناشتہ کرسکیں۔ ناشتہ دن بھر آپ کے میٹا بولزم کو درست رکھتاہے۔ جو خواتین صبح ناشتہ کرکے گھر سے نکلتی ہیں ، وہ دن بھر ان خواتین کے مقابلے میں کم کھاتی ہیں جو صبح ناشتہ نہیں کرتیں۔ اس کے علاوہ نشاتہ کرنے سے آپ دن بھر خود کو چست و توانا محسوس کرتی ہیں۔ جب کہ ناشتہ نہ کرنے کے نتیجے میں بے انتہا تھکن اور سستی اعصاب پر سوار رہتی ہے۔
2۔پانی کی بوتل ساتھ رکھیں
پانی پینا آپ کی صحت کے لیے کئی لحاظ سے بہت ضروری ہے۔ اس لیے پیاس محسوس ہوتو اسے کام کے سبب نظر انداز نہ کریں بلکہ وقفے وقفے سے پانی پیتے رہنے کو اپنی عادت بنائیں۔
زیادہ بہتر یہ ہے کہ پانی کی ایک بوتل ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں ، تاکہ پانی پینے کے لیے آپ کو سوچنا نہ پڑے۔پانی صرف آپ کی پیاس بجھاتاہے بلکہ آپ کو تروتازہ رکھتاہے اور جسم سے فاسد مادے خارج کرتاہے۔ اس کے علاوہ ہاضمے سمیت تمام کیمیائی عوامل بھی بہتر انداز میں مکمل ہوتے ہیں۔
3۔بریک لیں
کام میں وقفہ لینے سے ذہنی سکون برقار رکھنے میں مدد ملتی ، جس کے نتیجے میں توانائی حاصل ہوتی ہے اور آپ باآسانی اپنے کاموں پر توجہ مرکوز رکھ سکتی ہیں۔ اس طرح آپ بہتر طور پر اپنا دفتری کام سرانجام دے سکتی ہیں۔ یہی نہیں، بلکہ ذرا دیر سکون کا سانس لینے کے نتیجے میں آپ کسی بھی قسم کے ذہنی تناو 191 سے باہر نکل آتی ہیں۔ جب کہ اسٹریس کی صورت میں نہ صرف یہ کہ آپ کے بلڈپریشر میں اضافہ ہوتاہے، بلکہ آپ کھانے پینے کی غیر صحت بخش چیزوں کی طرف مائل ہوجاتی ہیں۔
4۔لنچ مزیدار بنائیں
کھانا پینا صحت بخش رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنا لنچ گھر سے بناکر ساتھ لائیں۔ لیکن اسے توجہ اور پیار کے ساتھ بنائیں تاکہ یہ خوش ذائقہ بنے۔ بصورتِ دیگر ہ97162گا یہ کہ بدمزہ اور لاپروائی سے بنایا گیا کھانا آپ کو خود پسند نہیں آئے گا اور آپ جنک فوڈ منگوانے پر مجبور ہوجائیں گی۔
5۔لنچ اپنی ڈیسک پر نہ کریں
جب آپ اپنی ڈیسک پر لنچ کرتی ہیں اور ساتھ ساتھ ای میلز کے جواب بھی دیتی جاتی ہیں توگویا آپ کھانا نہیں بلکہ ای میل تناول کرتی ہیں۔ کھانا کھاتے وقت ضروری ہے کہ صرف کھانے پر توجہ مرکوز رکھی جائے۔ بے پروائی سے کھایا گیا کھانا اچھی طرح ہضم نہیں ہوتا اور ویسے بھی کھانا کھاتے ہوئے اس سے لطف اندوز نہ ہوا جائے تو آپ کی تشفی نہیں ہوتی اور پیٹ بھرنے کا احساس حاصل نہیں ہوتا۔
6۔کافی زیادہ نہ پئیں
دن بھر میں دوکپ سے زیادہ کافی پینا آپ کی صحت کے لیے مضر ہے۔ کافی میں موجود کیفین کی زیادہ مقدار ڈی ہائیڈریشن اور جسم سے کیلشیم کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔ اس لیے بہتریہ ہے کہ گرین ٹی استعمال کی جائے ، جس سے آپ کی توانائی میں اضافہ ہوگا اور آپ دن کے آخرتک چستی کے ساتھ کام نمٹاسکیں گی۔