امراض قلب سے بچنے کے6اصول
اگر آپ دل کے مرض سے بچنا چاہتے ہیں تو آپکو اپنی غذا کا بے حد خیال رکھنا ہوگا۔ اکثر لوگ کھانے پینے کے معاملات میں احتیاط نہیں کرتے اور بے وقت کھاتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو کھانے کا بہت شوق ہوتا ہے اور اپنے شوق میں وہ ضرورت سے زیادہ کھاتے ہیں۔ لیکن زیادہ کھانا آپکی صحت کیلئے نقصان دہ ہے اور اس سے دل کی بیماریوں یعنی امراض قلب میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ دل کی بیماری سے بچنے کیلئے چھ بنیادی اصولوں کو ضرور اپنانے کی کوشش کریں:
غذا کا مناسب استعمال
آپ دن میں غذا کس وقت اور کتنی لیتے ہیں یہ بات بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ضرورت سے زیادہ کھانے سے آپکی کیلوریز میں غیرضروری اضافہ ہوتا ہے جوکہ صحت کیلئے ٹھیک نہیں۔ اگر کھانے پر خود کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو پھر آپ کھانے کے وقت چھوٹی پلیٹ کا استعمال کریں تاکہ مناسب تعداد میں ہی کھانا کھا سکیں۔ کھانا غذائیت سے بھرپور کھائیں۔ کھانے میں پھل اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں۔ یاد رکھیں ضرورت سے زیادہ کھانا کھانے سے دل کی بیماری لاحق ہوسکتی ہے۔
پھل اور سبزیوں کا استعمال
پھل اور سبزیوں میں وٹامن اور منرلز کی تعداد ذیادہ ہوتی ہے۔ دل کے امراض سے بچنے کیلئے ڈاکٹرز پھل اور سبزیاں کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ پھل اور سبزیوں میں کیلوریز کی مقدار کم لیکن ریشے سے بھرپور ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے پھل اور سبزیوں کا استعمال دل کی بیماری سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔ پھل اور سبزیاں موٹاپے سے بھی بچاتے ہیں۔
سگریٹ نوشی سے پرہیز کریں
سگریٹ یا تمباکو نوشی سے دل کو نقصان پہنچتا ہے ۔ اس کے علاوہ سگریٹ پینے سے پھیپڑوں کی بیماریاں کے خطرات بھی بڑھ جاتے ہیں ۔ کوشش کریں کہ اگر آپ زیادہ سگریٹ پیتے ہیں تو آہستہ آہستہ اس کا استعمال کم کردیں ۔
ذہنی تناؤ سے بچیں
دل کے امراض یا ہارٹ اٹیک کی بڑی وجہ ذہنی دباؤ یا اسٹریس بھی ہو سکتا ہے ۔ اس دباؤ کو کم کرنے کے کئی طریقے ہو سکتے ہیں ؛ پابندی سے ورزش کریں ، مکمل نیند لیں ، فلاحی بہبود کے کاموں میں حصہ لیں اور جتنا ہو سکے مسکرائیں ۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ٹی وی دیکھنے سے اسٹریس کم ہوتاہے لیکن در حقیقت اس سے ذہن پر مزید دباؤ پڑتا ہے ۔ کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ کھلی جگہ پر جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیں ۔
اجناس کا استعمال
دل کی بیماری سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام اجناس کا استعمال کیا جائے۔ ان اجناس میں سے کچھ کا استعمال روزانہ اور کچھ کا کبھی کبھی کیا جانا چاہیئے۔ ان تمام اجناس کے استعمال سے دل میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔ اجناس میں گندم کے آٹے، چاول، انڈے، مکئی کی روٹی، بسکٹ، کیک، چپاتی وغیرہ کا استعمال کیا جائے۔
جسم میں چربی کو محدود رکھیں
دل کے مرض سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ جسم میں کولیسٹرول کی مقداد کم رکھی جائے۔ جسم میں کولیسٹرول کی زیادتی مختلف بیماریوں کو جنم دیتی ہے اور پھر خون میں شامل ہوکر خون کو گاڑھا کرتی ہے۔ خون کے گھاڑے ہونے سے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ اس سے بچنے کیلئے زیتون کا تیل، کنولا آیل، سبزیوں اور اخروٹ کا تیل، مکھن، ناریل کے تیل کا استعمال کیا جانا چاہیئے۔
اگر آپ دل کے امراض سے واقعی بچنا چاہتے ہیں تو اپنے روز مرہ کے استعمال میں کھانے کے اوقات اور غذا کا مناسب انتظام رکھیں۔ اور زیادہ سے زیادہ سادہ غذا کھانے کی کوشش کریں۔