موٹاپے کو کہیں ۔۔۔بائے بائے

9,257

موٹاپے کو کہیں بائے بائے۔۔۔ مگر کیسے؟ ایسی صورت میں جب آپ اسے ویلکم کرچکے ہوں یہ کس طرح ممکن ہوسکتا ہے۔ تو جناب آج ہم بات کریں گے موٹاپے سے متعلق مسائل کی کیونکہ آج کل ہر پانچواں شخص موٹاپے کا شکار ہے اور اسی موٹاپے کی وجہ سے کئی قسم کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔اس موٹاپے سے کیسے بچا جائے؟ یہ ہم آپ کو بعد میں بتائیں گے۔ پہلے ہم اس کی وجوہات جانتے ہیں۔
موٹاپے کی سب سے اہم وجہ وقت بے وقت کھانا اور کھانا بھی کیا؟ پیزا، برگر،فنگرچپس، رول ،سموسے، پراٹھارول وغیرہ۔اور وہ بھی طبیعت سے۔ گھر کے پکے ہوئے کھانے نہیں کھاتے بلکہ بازار کی تلی ہوئی اشیاء کھاتے ہیں،تبھی آج کل کے بچے بچیاں مٹاپے کا زیادہ شکار ہورہے ہیں۔پھر گھنٹوں ٹی وی اور کمپیوٹر کے آگے بیٹھے رہنا موٹاپے کی دوسری بڑی وجہ ہے۔مائیں چیخ چیخ کر ہلکان ہوجاتی ہیں مگر مجال ہے کہ بچے ٹی وی اور کمپیوٹر کے آگے سے ہٹ جائیں۔وہیں بیٹھے بیٹھے کھاناپینا سب چاہیے۔
یہی موٹاپا ہے جس کی وجہ سے کولیسٹرول ،ہائی بلڈپریشر جیسے امراض جان کو چمٹ رہے ہیں مگر ہم ہیں کہ ذراسی احتیاط کرنے کو تیار نہیں،جب تک ڈاکٹرز ڈائیٹ چارٹ ہمارے ہاتھ میں نہ تھما دیں کہ ایک ماہ تک بس اُبلی ہوئی سبزیاں کھانی ہیں۔ لہٰذا ایسا وقت آنے سے پہلے ہی اگر تھوڑی سے احتیاط اور محنت کرلی جائے تو یقیناًبہت سے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔

احتیاطی تدابیر
*

کھانے پینے کا ایک شیڈول بنایا جائے کہ کس وقت کیا کھانا ہے۔دال،روٹی ،سبزی، گوشت، چاول سب کھائیں مگر اعتدال کے ساتھ۔
*کبھی کبھا رتلی ہوئی اشیاء کھانے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں، مگر اسے معمول نہ بنایا جائے۔
*کچی سبزی،پھل اور فریش جوس کا استعمال لازمی کریں۔
*صبح کا ناشتا ضرور کریں۔ چاہے کوئی سیریل لے لیں یا چائے یا ٹوس وغیرہ۔بعض لوگ صبح ناشتا نہیں کرتے نتیجتاً تین چار گھنٹے بھوکا رہنے کے بعد دوپہر کو خوب ڈٹ کر کھاتے ہیں۔ایسا کرنے سے خود کو باز رکھیں۔
*بغیر چکنائی والا دودھ استعمال کریں۔زیادہ چائے پینا درست نہیں۔البتہ دوپہر اور رات کے کھانے کے بعد سبز چائے کا استعمال ضرور کریں۔
*کھانا بہت آرام سے اور چبا چبا کر کھانا چاہیے کہ وہ آسانی سے ہضم ہوسکے۔
*رات کے کھانے کے بعد چہل قدمی اپنا معمول بنالیں، کھاتے ہی لیٹنے اور ٹی وی یا کمپیوٹر کے آگے بیٹھنے سے گریز کریں۔
*کھانوں میں گھی کے بجائے تیل کا استعمال کریں۔
*ہفتے میں ایک بار اُبلے ہوئے چنے ضرور کھائیں۔
*صبح سویرے ہلکی پھلکی ورزش کو اپنا معمول بنائیں۔
*دن بھر میں کم از کم دس سے بارہ گلاس پانی ضرور پئیں۔
* ایسی اشیاء استعمال نہ کریں جن سے قبض ہو، ریشہ دار غذا کااستعمال کریں۔
* پیٹ نرم رکھنے کے لیے اسپغول کا چھلکا استعمال کریں۔
*اگر آپ میٹھا کھانے کے شوقین ہیں تو اس میں بھی اعتدال ضروری ہے۔

اگر آپ واقعی موٹاپے سے بچنا چاہتے ہیں تو یقیناًیہ سب کچھ کرنا ایساکوئی مشکل کام نہیں ، بس اس کے لیے مستقل مزاجی شرط ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...