میٹھا کھائیں وزن گھٹائیں
موٹاپا ان دنوں ہر دوسرے شخص کا مسئلہ بنا ہوا ہے ۔وزن کم کرکے نہ صرف آپ اپنی شخصیت نکھارسکتے ہیں بلکہ کئی اقسام کی بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں ۔یہ ہی وجہ ہے کہ اپنی صحت کا خیال رکھنے والے لوگ اکثر اپنے وزن کے بارے میں فکر مند نظرآتے ہیں ۔ موٹاپا کم کرنے یا وزن گھٹانے کے خواہش مند افراد کو ان کے معالج اور ٹرینرز سب سے پہلے جن چیزوں کو اپنی زندگی سے باہر نکال دینے کا مطالبہ کرتے ہیں ان میں سے ایک شکر بھی ہے۔ اس میں تو کوئی شک نہیں کہ سفید شکر صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور وزن بھی بڑھاتی ہے ۔تاہم شکر چھوڑ دینے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کسی بھی قسم کا میٹھا نہیں کھا سکتے۔ بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ میٹھی ڈشوں میں کوئی ایسے چیز استعمال نہ کی جائے (یا کم استعمال کی جائے) جو وزن بڑھنے کا باعث بن سکتی ہو ۔
بہت سے لوگوں کو میٹھا بے حد پسند ہوتا ہے اور وہ معالج کی ہدایات کے باوجود بھی اپنی پسندیدہ مٹھائی یا حلوہ چھوڑنا نہیں چاہتے۔ ایسے افرا د کو میٹھا پکاتے ہوئے اپنے انتخابات کودرست کرنا ہوگا ۔ میٹھی ڈشوں کی ترکیبوں میں سفید شکر کی جگہ گڑ ، لو فیٹ دودھ اور کریم کا استعمال کریں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گڑ، چینی کا قریب ترین بدل ہے، جسے آپ بالکل چینی کی طرح استعمال کر سکتے ہیں بلکہ گڑ، چینی کی نسبت زیادہ فوائد کا حامل ہے۔ اسی طرح اپنا پسندیدہ کیک بناتے ہوئے کوکو پاؤڈر اور ڈارک چاکلیٹ کا استعمال بڑھادیں تو اسے کھانے سے آپ کا وزن نہیں بڑھے گا ۔ ایک تحقیق میں شرکا کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ۔ جن میں سے ایک گروپ کو کم کاربوہائیڈریٹ کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ، دوسرے کو بھی یہ ہی ڈائٹ پلان دیا گیا البتہ انہیں روزانہ ڈیڑھ اونس ڈارک چاکلیٹ کھانے کی اجازت دی گئی۔ جبکہ تیسرے گروپ کو اپنے معمول کی غذا لینے کو کہا گیا ۔ تین ہفتے کے بعد کم کاربوہائیڈریٹ لینے والوں کا وزن تو معمول کی غذا لینے والوں سے کم تھا ہی لیکن یہ دیکھ کر تحقیق دانوں کو کافی حیرت ہوئی کہ ڈارک چاکلیٹ کھانے والوں نے کم کاربوہائیڈریٹ والے گروپ سے دس فیصد زیادہ وزن کم کر لیا ۔
غرض یہ کہ میٹھے کی تراکیب میں چند تبدیلیاں اور ان کے پکانے کے انداز میں معمولی ردوبدل آپ کی پسندیدہ میٹھے کو صحت کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ فائدے مند بنا سکتا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب وزن گھٹانے کے لیے آپ کو میٹھا کھانے کے شوق کو مارنے کی ضرورت نہیں !
دیکھئے اپنی چندپسندیدہ ڈشوں کی لو فیٹ تراکیب:
گاجر کا حلوہ ۔ 1کپ: 144کیلریز
اجزا
گاجر 10درمیانے سائز کی گاجریں کدو کش کرلیں
بغیر مٹھاس والا بادام کا دودھ 1کپ
پسی ہوئی چھوٹی الائچی 1چھوٹا چمچ
ونیلا ایسنس 1چھوٹا چمچ
گھی 1بڑا چمچ
ترکیب
ایک بڑے پین میں گھی پگھلالیں۔ پھر پین میں گاجریں ڈال دیں۔ جب گاجریں آدھی پک جائیں تو اس میں دودھ شامل کریں ۔ اسے ہلکی آنچ پر پکائیں ۔ جب تک گاجریں پوری طرح سے نرم نہ ہو جائیں بھونتے رہیں ۔ جب 4کپ گاجروں کا حلوہ ڈھائی کپ رہ جائے تو ونیلا ایسنس اور پسی ہوئی الائچی ڈال کر چولھا بند کردیں ۔
ڈارک فج براﺅنی ۔ 1براﺅنی: 86کیلریز
اجزا
میدہ 1/2کپ مکھن 1چھوٹا چمچ
کوکو پاوڈر 2بڑے چمچ براون شکر 1 کپ
نمک 1/4چھوٹا چمچ انڈے 1عدد
بیکنگ سوڈا 1/4چھوٹا چمچ انڈے کی سفیدی 1انڈے کی
بغیر مٹھاس والی چاکلیٹ 2اونز کٹی ہوئی ونیلا ایسنس 1چھوٹا چمچ
ترکیب
اون کو 350فیرین ہائٹ پر پری ہیٹ کردیں۔ ایک9 انچ کی اون ٹرے پر تھوڑا سا مکھن لگا لیں ۔ پھر المونویم کا ورق لگادیں اور اس پر بھی تھوڑا سا مکھن لگا دیں ۔
ایک برتن میں میدہ ، کوکوپاؤڈر، نمک اور بیکنگ سوڈا شامل کریں ۔ پھر چاکلیٹ اور مکھن کو ایک پین میں ڈال دیں اسے ہلکی آنچ پر پگھلا لیں ۔ چولھے سے اتار کر 2منٹ کے لیے ٹھنڈا کرلیں۔ اب اس میں پسی ہوئی چینی، انڈے اور انڈے کی سفیدی ڈال دیں ۔ ونیلا ایسنس بھی شامل کرلیں اب اس پیسٹ کو برتن میں موجود باقی اجزا کے ساتھ شامل کردیں۔ جب اچھی طرح سے مکس ہو جائے تو بیکنگ ڈش میں پھیلادیں ۔ 22سے 24منٹ تک بیک کریں۔ کسی ٹرے میں نکال لیں ۔
کھیر ۔ 1کپ: 209کیلریز
اجزا
چاول 1 کپ
فیٹ فری دودھ ڈیڑھ کپ
براون شکر 1/4کپ
الائچی 2 عدد
ترکیب
ایک دیگچی میں دودھ ڈالیں ۔ اس میں میں الائچی ، چاول اور چینی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ چمچ چلاتی رہیں تاکہ کھیر دیگچی میں لگے نہیں ۔ اسے بیس منٹ تک پکائیں۔ جب چاول نرم ہوجائیں اور کھیر گاڑھی ہو جائے تو پیالیوں میں نکال لیں۔ پسے ہوئے پستے سے سجاوٹ کردیں۔
بنانا بریڈ ۔ ایک درمیانہ ٹکڑا: 100کیلریز
اجزا
مارجرین (لو فیٹ) 1/4 کپ کیلے 1کپ مسلے ہوئے
براون چینی 2 بڑے چمچ گندم کا آٹا ڈیڑھ کپ
انڈے 2عدد (صرف سفیدی) بیکنگ سوڈا 1چھوٹا چمچ
پانی 1/4 کپ نمک 1/4چھوٹاچمچ
دودھ 2بڑے چمچ
ترکیب
اون کو 350تک گرم کریں۔ شکر، شہداور مارجرین ایک جگہ ملالیں۔ اس میں انڈوں کی سفیدی اور پانی بھی شامل کرلیں ۔ کیلے ملالیں۔ دوسرے برتن میں آٹا، نمک، بیکنگ سوڈا اور بیکنگ پاؤڈر چھان لیں ۔ دونوں آمیزوں کو مکس کرلیں ۔ اون میں 60منٹ تک بیک کریں ۔ ایک تیلی کو بریڈ میں ڈال کر دیکھیں ۔اگر وہ خشک باہر نکل آئے تو بریڈ کو اون سے نکال لیں ۔ گرم گرم بنانا بریڈ تیار ہے۔