بالوں کا گرنا روکنے کے لیے مفید مشورے
عمر بڑھنے کے ساتھ بالوں کا پتلا ہو جانا یا کمزور ہو کر جھڑنا تو کسی سے چھپا نہیں تھا لیکن اب تو بچوں کو بھی یہ شکایت ہونے لگی ہے ۔ کئی افراد میں بال گرنے کا سبب موروثیت بھی ہوتی ہے ، موروثی اثرات کے نتیجے میں بالوں کے گرنے کا عمل عام طور پر تیس سال کی عمر کے بعد شروع ہوتاہے، لیکن دوسرے عوامل مثلاً غذا، ادویات کے اثرات، ہارمون کی تبدیلیاں اور ذہنی دباؤ بھی بالوں کو تیزی سے گرنے کے مرحلے میں داخل کردیتے ہیں ۔اس کی ایک بڑی وجہ نمکین پانی کا استعمال بھی ہے جو اب پانی کی قلت کی وجہ سے کئی گھروں میں استعمال کیاجاتاہے۔لیکن بالوں کی صحیح نگہداشت کے ذریعے آپ اس مسئلے پر قابو پا سکتی ہیں۔
اگر آپکے بال اچانک گرنے لگے ہیں یا ایک ہی جگہ سے گر رہے ہیں اور آپکو لگتاہے کہ کسی دوا کے استعمال یا ذہنی دباؤ کے باعث آپکے بال گر رہے ہیں تو فور اً کسی اچھے ڈرماٹولوجسٹ سے رابطہ کریں تاکہ وہ آپکی رہنمائی کرسکے۔
ذیل میں گرتے بالوں کے لئے کچھ تجاویز بیان کی گئی ہیں جو یقیناآپکے لئے کار آمد ثابت ہونگی:
۱۔بالوں کی جڑوں کا تحفظ
گرتے بالوں کی رفتار کو کم کرنے کے لئے بالوں کی جڑوں کے تحفظ اور نشوونما پر خصوصی توجہ دیں۔اسکے لئے سب سے پہلے سر کی جلد میں خون کی گردش کو بہتر بنائیں، جس کی مددسے فولیکلز متحرک ہو کر نئے صحت مند بال پیدا کرتے ہیں۔مساج کی بدولت خون کی گردش کا عمل تیز تر ہوتاہے اور خون کا یہ دوران صحت مند بالوں کی افزائش کے لئے ضروری ہے۔
۲۔بالوں کی غذائیت
بالوں کو غذائیت مہیا کرنا ضروری ہے۔ بال پروٹین سے بنے ہوتے ہیں اسی لئے اپنی غذاؤں میں پروٹین کااستعمال ضرور کریں، مثلاً انڈے ، اور کاٹیج چیز وغیرہ۔انکی مدد سے بالوں کو بلڈنگ بلاکس مہیا ہونگے جن کی انھیں اشد ضرورت ہوتی ہے، بائیوٹین یا وٹامن بی ۷ بالوں کے خلیوں کی بنیاد تشکیل دیتی ہے۔ اسکی کمی بالوں کو بھر بھرا کرکے گرنے اور ٹوٹنے کے مرحلہ میں داخل کردیتی ہے۔ وٹامن بی ۷ کے بہترین ذرائع ناشپاتی، انڈے، دودھ، مغز اور سالم اناج ہیں۔
۳۔اچھے شیمپو کا انتخاب
درست شیمپو کا انتخاب ہمارے بالوں کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے ہمارے ہا ں عام رواج ہے کہ بس ٹی وی میں اشتہارات دیکھ کر شیمپو منتخب کرلیاجاتاہے اور آرزو کی جاتی ہے کہ آپکے بال بھی اشتہا ر میں موجود ماڈل کی طرح ہوجائیں جبکہ ایسا نہیں ہے ۔ ہر شیمپو کیمیکل پر مشتمل ہوتاہے ۔ اپنے بالوں کی نوعیت کے مطابق شیمپو کا انتخاب کریں اور روزانہ شیمپوکرنے سے گریز کریں۔
۴۔بالوں کو سکھانے کاعمل
جہاں تک ممکن ہو اپنے بالوں کوقدرتی طور پر سوکھنے دیں بالوں کو تولئے سے رگڑیں نہیں،گیلے بالوں میں کنگھی یا برش سے پرہیز کریں کیونکہ اس سے بالوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتاہے۔کنگھی کے دندانے ہموار اورملائم ہوں کیونکہ غیر ہموار دندانے آپکے بالوں کے لئے خطرناک ہیں۔
۵۔بالوں کی اسٹائلنگ
بالوں کو سنوارنے میں نرمی اورصبر سے کام لیں ۔ ایسے اسٹائلز اور اسٹائلنگ ٹولز سے گریز کریں جو بالوں کو کھنچ دیتے ہوں مثلاً ٹائٹ رولرز، پونی ٹیلز،ویوز،بریڈز اور ان کوٹیڈ ربر بینڈز وغیرہ۔ کیمیکل پروسیسنگ بھی محدود رکھیں۔ ان سب چیزوں سے بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچتاہے اور وہ نئے بالوں کی افزائش چھوڑ دیتی ہے۔
۶۔تیل کا استعمال
جسم کی تمام جلدکی طرح آپکے سر کی جلد بھی عمرمیں اضافے کے ساتھ ساتھ بہت کم چکنائی پیدا کرنے لگتی ہے ۔چنانچہ یہ سارے عوامل مل کر آپ کے بالوں کو خشک اور بے جان کر دیتے ہیں اور بال آسانی سے ٹوٹنے اور گرنے لگتے ہیں۔بالوں کی نمی اور چمک بحال کرنا ہی وہ کلید ہے جو وقت سے پہلے آپکے بالوں کو گرنے سے روک سکتی ہے اور آپکے اعتماد کو بحال رکھنے میں مدد کر سکتی ہے۔بال شیمپو کرنے سے پہلے تیل کا استعمال ضرور کریں۔
۷۔الٹراوائیلٹ شعاعوں سے حفاظت
بال عمر بڑھنے کے ساتھ الٹرا وائیلٹ شعاعوں کے خلاف اپنا قدرتی دفاع کھو دیتے ہیں اور نتیجتاً دھوپ سے پہنچنے والے نقصان سے بالوں کے بھر بھرے اور بے جان ہونے کا عمل تیز ہوجاتاہے۔بالوں کی نگہداشت کے لئے الٹراوائیلٹ شعاعوں سے اپنے بالوں کا تحفظ کریں اس سے آپکے بال ٹوٹنے اور گرنے سے محفوظ رہیں گے۔دھو پ میں نکلتے ہوئے بالوں کو کسی نرم رمال یا دوپٹے سے ڈھک لیں۔