عرق گلاب کا استعمال خوبصورتی کے لئے
عرق گلاب خوبصورتی اور صحت کے لئے قدرت کی طرف سے دیا گیا ایک انمول تحفہ ہے خوشی یہ غم چاہے کوئی بھی موقع ہو گلاب کے پھولوں کا استعمال ہونا لازمی سمجھا جاتا ہے۔
گلاب کے پھول سے نکلنے والا عرق صدیوں سے صحت اور دلکش نظر کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ عرق گلاب میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ جلدی امراض کے علاوہ انسانی جسم کے دیگر اعضاء کیلئے بھی کارآمد دوا کی حیثیت رکھتا ہے ۔یہ ہمارے جسم میں نمی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے جلد نرم اور چمکدار رہتی ہے۔ یہ ہماری جلد کی خشکی ختم کر دیتا ہے اور تمام موسموں کے لیے ایک قدرتی موئسچرائزر کا کام کرتا ہے ۔
اسکی افادیت سے ابھی بھی بہت سے لوگ ناواقف ہیں ۔ آئیے عرق گلاب کی چند اہم خصوصیا ت پر نظر ڈالتے ہیں:
۱ . آنکھوں کی سوجن
اکثر صبح اٹھ کے آنکھیں سوجی ہوئی نظر آتی ہیں ۔اس کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں مثلاً نا مناسب غذا، ذہنی دباؤ یا جسم میں پانی کی کمی۔ اگر آنکھوں پر عرق گلاب چھڑک لیا جائے تو آنکھوں کی سوجن فوراً ختم ہو جاتی ہے اس کے علاوہ آپ روئی کے ٹکڑوں کو عرق گلاب میں بھگو کر بھی آنکھوں پر رکھ سکتے ہیں۔ اس عمل سے آنکھوں کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
۲. کلینزنگ
روئی کو عرقِ گلاب میں بھگو کراگر چہرے کو صاف کیا جائے تو چہرے کی جلد میں موجود میل صاف ہو جاتا ہے اور چہرہ تروتازہ نظر آتا ہے ۔اسکے علاوہ یہ عمل جلد کو نرم و ملائم کرتا ہے اور اسے صاف اور چمکدار بناتا ہے۔
۳. فیس پیک
بیسن کو عرقِ گلاب میں گھول کر چہرے پر لگائیں، خشک ہونے دیں پھر چہرہ سادہ پانی سے دھولیں۔ یہ فیس پیک چکنی جلد والوں کے لیے مفید ہے۔ رات کو سونے سے پہلے ملتانی مٹی اور عرق گلاب کا پیسٹ بنا کر چہرے پر لگانے سے چہرے کا سارامیل کچیل صاف ہو جاتا ہے۔ اگر آپ کی جلد خشک ہو تو آپ ایلوویرا اور عرق گلاب کا پیک بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
۴. جلد ی نمی برقرار
خشک جلد کے لئے عرق گلاب ایک مواسچرائزر کی طرح کام کرتا ہے جلد کی کھچاوٹ ختم کرتا ہے اسکے علاوہ چکنی جلد پر عرق گلاب کااستعمال زائد چکناہٹ اور تیل ختم کرتا ہے ۔
۵. ٹونر
ایک چائے کا چمچ عرق گلاب اور ایک چائے کا چمچ دودھ کو مکس کر کے جلد پر استعمال کرنے سے جلد کی رنگت ایک سی رہتی ہے اسکا روزانہ استعمال جلد کے سیاہ دھبے ختم کرتا ہے۔
۶. چہرے کے دھبے اور جھریاں
دہی، کھیرااور سندل کی لکڑی کو پیس لیں اس میں عرق گلاب شامل کرکے ایک گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔ اسے چہرے پر بطور ماسک لگانے سے دھبوں اور جھریوں کے علاوہ کیل مہاسے اور چوٹ کے نشان بھی ختم ہو جاتے ہیں۔
۷. کنڈشنر
عرق گلاب ایک بہترین کنڈشنر کا کام کرتا ہے۔اس کے علاوہ یہ سر پر خشکی پیدا کرنے والے فنگس کو بھی ختم کرتا ہے۔
۸. فیس واش کی افادیت بڑھائے
چہرے کو سادہ پانی سے دھونے کے بعد فیس واش میں عرق گلاب کو ملا کے استعمال کریں یہ چہرے کی شادابی کو برقرار رکھ کے جلد کو خوبصورت بناتا ہے۔