ہئیر ڈائی سے پہلے 10 باتیں ذہن میں رکھیں
بال ڈائی کرنا اب صرف فیشن نہیں بلکہ ضرورت بھی بن چکا ہے ۔ بڑوں کے ساتھ نوجوان بھی بالوں کی رنگت تبدیل کرنے کے لیے سیلون کا رخ کرتے نظر آتے ہیں۔
ہئیرڈائی سے پہلے ضروری ہے کہ کچھ باتوں کو مد نظر رکھا جائے تاکہ آپ بہتر نتائج حاصل کر سکیں اور آپ کوکسی طرح کی کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
1۔اپنے بالوں کے قدرتی رنگ کی پہچان کریں:
ڈائی سے پہلے آپ کو اپنے بالوں کی صحیح رنگت معلوم ہونی چاہئیے تاکہ آپ اپنے بالوں کے لیے مناسب شیڈ کا انتخاب کر سکیں۔
نارمل رنگت کے بال ڈائی کرنے کے لیے مختلف شیڈز کا انتخاب کیا جا سکتا ہے جبکہ ہلکی رنگت والے بالوں کے لیے مناسب شیڈز کا انتخاب کرنے کے لیے ماہر بیوٹیشن سے مشورہ ضروری ہے ۔
2۔حقیقت پسند بنیں:
ڈائی سے پہلے یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ایک ہی دفعہ میں بالوں کے رنگ میں تبدیلی نہیں آسکتی ۔ بالوں کے رنگ کو یکسر تبدیل کرنے کے لیے آپکو کئی دفعہ کلر کا استعمال کرنا پڑے گا جب کہ بالوں کو ہلکے رنگ میں رنگنے کے لیے کافی محنت درکار ہوتی ہے۔
3۔وگ پہن کر دیکھیں :
اگر آپ بالوں کے رنگ کو بالکل تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو ڈائی سے پہلے مطلوبہ رنگ کی یا اس سے ملتی جلتی وگ لگا کر دیکھیں اس طرح آپ کو پتہ چل جائے گا کہ یہ رنگ آپ پر جچے گا بھی یا نہیں۔
4۔زیادہ مقدار میں کلر خریدیں:
بالوں کی لمبائی اور گھن کے لحاظ سے کلر کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ اس لیے خریدتے وقت اپنے بالوں کی لمبائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کلر خریدیں لمبے بالوں میں دو سے تین پیک استعمال ہوسکتے ہیں ۔کیوں کہ تمام بالوں کو ایک سا رنگنے کے لیے اوپر سے نیچے تک ایک جیسا کلر لگانا پڑتا ہے ۔
5۔صحیح فارمولے کا انتخاب کریں:
اپنی جلد کی حساسیت کے حساب سے صحیح فارمولا منتخب کریں ۔حساس جلد والی خواتین کو کریمی فارمولے والے کلر استعمال کرنے چاہیں تاکہ وہ بہہ کر مانگ میں یا چہرے پر نہ جاسکیں ۔ اسی طرح گھنے اور گھنگریالے بالوں والی خواتین کو جیل یا لکویڈ فارمولا استعمال کرنا چاہیے ۔
6۔سوئمنگ سے گریز کریں:
پول میں موجود کلورین بالوں کے رنگ کو کاٹ سکتی ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہئیر ڈائی سے پہلے اور بعد دو ہفتے تک پول میں نہانے یا اس کے پاس بیٹھنے سے گریز کریں۔
7۔اپنی پسند کے رنگ سے ہلکا رنگ خریدیں:
ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ اپنے لیے جو رنگ خریدنا چاہتے ہیں اس سے ایک دو شیڈز ہلکا رنگ لیں۔ کیونکہ ڈبے میں موجود کلر ڈبے کے اوپر بنی تصویر کے بالوں کے رنگ سے زیادہ گہرا ہوتا ہے ۔ رنگ کو ہلکا کرنے سے ہلکے شیڈ مءں خرید لینا زیادہ بہتر ہوگا۔
8۔ہئیر ڈائی سے پہلے شاور نہ لیں:
سر کی جلد کا قدرتی تیل کلر سے ہونے والی بے چینی یا جلن سے بچاتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق بغیر دھلی ہوئی جلد کلر کے لیے زیادہ مناسب ہے۔ اس لیے جب آپ ہئیر ڈائی کا ارادہ کریں تو اس سے ایک دن پہلے سے شیمپو کا استعمال ترک کردیں۔
نوٹ:تیل لگے بالوں میں کلر نہ لگائیں۔
9۔شیمپو تبدیل کرلیں:
کلیری فائنگ یا خشکی دور کرنے والے شیمپو میں موجود سلفیٹ اور دوسرے کیمیکلز بالوں کا رنگ کاٹ دیتے ہیں ۔ اس لیے ضروری ہے کہ بالوں کی رنگت کو محفوظ رکھنے والے شیمپو استعمال کیے جائیں۔
10۔نقصان کے لیے تیار رہیں:
ہئیر ڈائی سے پہلے یہ بات ذہن میں رکھیں کہ کلر لگانے سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے ۔ چاہے آپ بالوں کے رنگ کو تبدیل کریں یا اپنے بالوں کا رنگ ہی استعمال کریں دونوں طرح کے کلر میں ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کی موجودگی بالوں کو نقصان پہنچاتی ہے ۔ بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے ہفتے میں ایک دفعہ تیل کا استعمال ضرور کریں۔