10 اسکن کیئر کریمیں گھر پر تیار ،بنائیں سردیوں میں جلد شاندار!

4,093

سردیوں کے آتے ہی جلد خشک ہونا شروع ہوجاتی ہے ۔ ہوا میں نمی کی کمی جلد کو کھردرا بنا دیتی ہے اور خشک موسم میں جلد کو نرم ملائم رکھنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ سردیوں میں اسکن کی کیئر کرنا بے حد ضروری ہوتا ہے ورنہ خشکی اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے رنگ کم اور جلد بھی متاثر ہونے لگتی ہے ۔

لیکن کچھ قدرتی اشیاء ایسی ہیں جن کے استعمال سے ہماری جلد کی نمی نہ صرف برقرار رہتی ہے بلکہ جلد کو ایک نئی چمک اور ترو تازگی فراہم کرتی ہے ۔ آئیے ہم آپ کو سردیوں میں اسکن کیئر کے چند مفید ٹوٹکے بتاتے ہیں:

۱۔دودھ ،لیموں اور گلیسرین:

سردیوں میں چمکدار جلد کے لیے ایک کھانے کا چمچ دودھ ، ایک کھانے کا چمچ لیموں کا رس اور ایک کھانے کا چمچ گلیسرین ملا کر پیسٹ بنالیں۔ نرمی کے ساتھ چہرے پر ملیں ۔ ۲۰ سے ۳۰ منٹ بعد دھولیں ۔ رنگ صاف کرنے اور جلد کو نرم و ملائم کرنے کی بہترین ترکیب ہے۔

۲۔ کیلااور ملک کریم:

پوری طرح پکے ہوئے کیلے کا پیسٹ۲ کھانے کے چمچ لے کر ایک کھانے کا چمچ ملک کریم کے ساتھ اچھی طرح ملا لیں۔ اس پیسٹ کو گردن اور چہرے پر اچھی طرح ملیں۔ ۳۰ منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھولیں ۔یہ پیسٹ نا صرف جلد کی نمی برقرار رکھے گا بلکہ جلد کی رنگت صاف کر کے قدرتی چمک پیدا کرے گا۔

۳۔ ایواکاڈو (مگر ناشپاتی) اور زیتون کا تیل :

دو کھانے کے چمچ پکے ہوئے ایواکاڈو کا گودا ، ایک کھانے کا چمچ زیتون کے تیل کے ساتھ اچھی طرح ملالیں۔ چہرے اور گردن پر لگالیں۔ پندرہ ، بیس منٹ تک جذب ہونے دیں پھر تازہ پانی سے دھولیں۔ یہ پیسٹ بھی جلد کی رنگت نکھارنے کے ساتھ جلد کو تروتازہ بنائے گا۔

۴۔ انڈا ، شہد اور زیتون کا تیل :

سردیوں کے لیے یہ وائٹننگ فیس پیک بنانے کے لیے ایک باؤل میں ایک انڈا پھینٹیں، ایک کھانے کا چمچ شہد اور ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل ملائیں تینوں چیزیں اچھی طرح مکس کریں اور صاف چہرے پر لگائیں ۔ پندرہ بیس منٹ لگا رہنے دیں اورنیم گرم پانی سے اچھی طرح دھولیں۔

۵۔ جوء کا دلیہ اور دودھ :

جوء کا دلیہ اور دودھ کا مرکب بھی جلد کے لیے بہت ہی فائدہ مند ہے۔ ایک چائے کا چمچ دلیہ، دو کھانے کے چمچ دودھ اور ایک کھانے کا چمچ پانی ملا کر پندرہ بیس منٹ کے لیے بھگو کر رکھیں پھر چہرے پر مل لیں۔ بیس منٹ کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر صاف پانی سے دھولیں۔

۶۔ شہد، دہی اور گلاب:

دو کھانے کے چمچ شہد ، ایک کھانے کا چمچ دہی ایک چھوٹا پیالہ گلاب کی پتیاں اور دو کھانے کے چمچ عرق گلاب لے کر اچھی طرح مکس کرکے پیسٹ بنالیں ۔ چہرے اور گردن پر لگالیں۔ ۲۰ منٹ تک لگا رہنے دیں ۔ نیم گرم پانی سے دھولیں اور کوئی اچھا موائسچرئزر لگائیں ۔

۷۔ ہلدی ، دہی اور کینو کے چھلکے:

دو کھانے کے چمچ دہی ،آدھا کھانے کا چمچ ہلدی اور دو کھانے کے چمچ کینو کے سوکھے ہوئے چھلکوں کا پاؤڈر ۔ تینوں چیزوں کو مکس کر کے صاف چہرے اور گردن پر ۲۰ سے ۳۰ منٹ کے لیے لگائیں۔ تازہ پانی سے دھولیں۔ یہ سادہ سی ترکیب سردیوں میں چہرے کی رنگت اور چمک کے لیے بہت ہی مفید ہے۔

۸۔ دہی اور شہد:

دو کھانے کے چمچ دہی اور ایک کھانے کا چمچ شہد ملا کر پیسٹ بنالیں۔ چہرے اور گردن پر لگالیں پندرہ سے بیس منٹ لگا رہنے دیں۔ پھر تازہ پانی سے دھولیں۔

۹۔ بادام اور دودھ:

بادام اور دودھ کا استعمال نا صرف سردیوں میں بلکہ پورا سال جلد کے لیے فائدہ مند ہے۔ بادام میں وٹامن ای کی موجودگی دھوپ کی وجہ سے خراب ہونے والی رنگت سے بچاتی ہے ۔ جبکہ دودھ نا صرف جلد کو صاف کرتا ہے بلکہ جلد کی گہرائی تک نمی فراہم کرتا ہے ۔

چار پانچ بادام رات بھر کے لیے پانی میں بھگو دیں صبح کے وقت چھیل کر پیس لیں اور ایک کھانے کا چمچ کچا دودھ ملا کر پیسٹ بنالیں ۔ صاف چہرے پر لگالیں اور ۲۰ منٹ بعد دھولیں۔

۱۰۔ آلو اور دہی کا ماسک:

آلو اور دہی کا مکسچر جلد کو خوبصورت اور چمکدار بنانے کے لیے کار آمد ہے۔ آلو میں جلد کو ہلکا بلیچ کرنے کی صلاحیت ہے۔ آلو نا صرف رنگ کو نکھارتا ہے بلکہ تیز دھوپ سے متاثر ہونے والی جلد کو بھی آرام پہنچاتا ہے ۔ دہی مردہ جلد کو صاف کرتی ہے اور جلد کے مساموں میں کھینچاؤ پیدا کرتی ہے اور خشکی دور کر کے جلد کو قدرتی چمک بخشتی ہے ۔

ایک آلو چھیل کر میش کرلیں ۔ ایک کھانے کا چمچ آلو کا یہ گودا ایک کھانے کا چمچ دہی کے ساتھ شامل کریں۔ چہرے پر ۲۰ منٹ کے لیے لگائیں اور تازہ پانی سے دھولیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...