Facebook Pixel

اپنے کھانوں کو لمبے عرصے تک تروتازہ رکھیں

1,348

کسی بھی ورکنگ ویمن کے لئے وقت کی بہت اہمیت ہوتی ہے کیونکہ محدود وقت میں اس کو گھر اور گھر کے باہر اپنی جاب ،دونوں میں مناسب وقت پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو تا ہے ۔اکثر خواتین اپنے کھانے فریزڈ کرنا پسند کرتی ہیں تاکہ ان کا وقت بچ سکے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ اپنے کھانے پینے کی قیمتی اشیاء کو اس طرح محفوظ کریں کہ وہ ترو تازہ رہیں اور خراب نہ ہوں ،یہاں ہم اس سے متعلق آپ کو کچھ ایسی ٹپس دیں گے کہ آپ اپنے کھانے کو محفوظ کر سکیں ۔

1۔ کیوبس ٹرے:

food
آئس کیوبس ٹرے( اگر چوڑے خانے والی ہو تو بہت اچھا ہے)بچے ہوئے کھانے کو محفوظ کرنے کے لئے حیران کن حد تک اچھی ثابت ہوتی ہے۔اس میں آپ کچھ بھی بچا ہوا ڈال سکتے ہیں اور جب جم جائے تو ان کیوبس کو نکال کر پلاسٹک بیگز میں کر کے فریزر میں رکھ دیں،اور جب ضرورت ہو ،جتنی ضرورت ہو استعمال کر لیں۔
*اگر دہی کے بڑے ڈبے کو اس کی استعمال کی تاریخ سے پہلے کیوبس کی شکل میں جما دیں تو اس کو اسموتھی اور ساسز میں آرام سے ڈال سکتے ہیں یا اگر تاریخ گزر چکی ہے تب بھی ا سکو ڈی فروسٹ کر کے فریش فروٹ ڈیزرٹ میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
*انڈے اگر ذائد ہیں تو ان کو ایک جگہ نکال کر پھینٹ لیں ان میں ہلکی سی چینی اور ذرا سا نمک ڈال کر پھیٹیں اور پھر کیوبس میں ڈال کر جما دیں ،یہ مکسچر آپ چھ ماہ تک آملیٹ ،یا بیکنگ یا کسی بھی چیز میں باآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔
*اگر کسی بھی ریسیپی میں استعمال کے بعد آپ کے پاس کچھ ہربس بچ گئے ہیں توان کو محفوظ کرنے کے لئے ان کو باریک چوپ کریں ،اس میں چند قطرے زیتون کا تیل ملائیںیا پھر پگھلا ہوا مکھن ملا کر اس کو فریز کر دیں ،آپ کے یہ ہرب کیوبس آملیٹ ،اسٹو،یا ساسز وغیرہ میں استعمال میں آسان ہے۔

2۔ اپنے کرسپی کھانے کو دوباہ کرسپی کریں:

food 1
اپنے باسی کرکرے کھانے،ناشتے کے سیریلز،اور کریکرزکو مائیکروویو،میں صرف 10سیکنڈز میں دوبارہ سے کرسپی کرنچی بنایا جا سکتا ہے۔اس کے علا وہ اگر گرم اوون میں 5منٹ تک کسی بھی چیز کو رکھیں تو وہ دوبارہ کرسپی ہو جائے گی ۔اسی طرح اگر روٹی سخت ہو گئی ہے تو اس کو بھی مائیکرو ویو میں دوبارہ تازہ کیا جا سکتا ہے۔اس کے لئے روٹی کو کسی گیلے پیپر ٹاول میں لپیٹ کر 10سیکنڈ کے لئے اوون میں رکھیں،یہاں تک کہ روٹی نرم ہو جائے ۔اسی طرح اگر باسی کیک بچا ہو ا ہے تو اس کو 20سیکنڈ کے لئے مائیکرو ویو میں رکھ دیں ،کیک اپنے نارمل تیکسچر پر واپس آ جائے گا۔روٹی کے خشک ٹکڑے چھوٹے چھوٹے چوکور کر لیں اور پھر اوون میں10،20سیکنڈز تک بیک کریں وہ بہت اچھے کروٹنز بن جائیں گے اسی طرح بریڈ کے چھوٹے چھوٹے کیوبس کاٹ لیں ان پر زیتون کا تیل ڈالیں ،پھر اس پر ہلکی سی کالی مرچ اور نمک چھڑک دیں،اور ہربس ڈال دیں اور اس کو گرم اوون میں رکھیں اور اس وقت تک بیک کریں جب تک وہ براؤن نہ ہو جائیں ،اور اس بریڈ یا روٹی کی نمی ختم ہو کر وہ کرسپی نہ ہو جائے ۔یہ سوپ کے ساتھ کھانے کے لئے بہترین ہے۔

3۔ اپنے بچے ہوئے اسپریڈز کو استعمال کریں:

food 2
اگر آپ کے پاس مایو نیز یا چکن اسپریڈ وغیرہ کے جارز خالی ہو رہے ہیں تو ان جارز کے آخر میں لگی رہ جانے والی مایونیز یا اسپریڈ کو ضایع نہ کریں ،بلکہ اس کو بھی اپنے استعمال میں لے آئیں،اس جار کے آخر میں بچی ہو ئی مایونیز میں تھوڑا سا زیتون کا تیل ،سرکہ،اور ہربس ڈالیں اور اس کا ڈھکن بند کر کے اس کو اچھی طرح ہلائیں کہ وہ مکس ہو جائے ،یہ آپ کی سلاد کی بہترین ڈریسنگ تیار ہے۔اسی طرح چاکلیٹ اسپریڈکا جار خالی ہوا ہے تو اس میں تھوڑا سا دودھ ڈال کر خوب اچھی طرح ہلائیں ،آپ کا چاکلیٹ ملک تیار ہے۔

4۔ کریم سے مکھن بنائیں:

food 3
اگر آپ ڈبل کریم کا بڑا پیک گھر لے آئے ہیں اور اب اس کی ایکسپائری قریب ہے تو پریشان ہونے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے اس کے استعمال کے لئے ایک آسان سی ترکیب ’’ڈیرینا ایلن‘‘جو کہ آئر لینڈ کی ٹاپ ککری رائٹر ہیں،وہ اس کریم سے تازہ گھر کا بنا ہوا مکھن بنانے کی تر کیب بتاتی ہیں۔
کریم کو پانچ سے سات منٹ تک الیکٹرک بیٹر کی مدد سے پھینٹیں،یہاں تک کہ اس میں سے مکھن کی چکنائی علیحدہ ہو ناشروع ہو جائے۔اب اس چکنائی کو کسی چھلنی کی مدد سے علیحدہ پیالے میں جمع کرتے جائیں اب باقی بچی ہوئی کریم کو پھر پھینٹیں اور پھر چھلنی کی مدد سے اس کی چکنائی الگ نکال لیں ۔اب اس نکالی ہوئی چکنائی کو یخ ٹھنڈے پانی میں ڈالیں ،ٹھنڈے پانی کی وجہ سے چکنائی بالکل جم کر الگ ہوجائے گی۔آپ کا تازہ مکھن تیار ہے اس کو فوری استعمال بھی کیا جاسکتا ہے اور فریز بھی کر سکتے ہیں۔

5۔ اپنی بچی ہوئی سبزیوں کی یخنی بنائیں:

food 4
ایک بڑا پلاسٹک بیگ لیں اس کو فریزر میں رکھیں اور جو بھی سبزیاں بچتی جائیں اس میں ڈالتی رہیں ،جب وہ بیگ بھر جائے تو اس کو نکال کر ڈی فروسٹ کریں اور اس میں پکی ہو ئی پیاز ،لہسن ،ہرب اور پانی ڈال کر پکالیں 20منٹ تک ا س کو اُبالیں ۔اور پھر اس کی یخنی چھان لیں ،اور اس کو پورشنز میں کر کے فریزر میں رکھ دیں اور وقتِ ضرورت سوپ میں یا کسی بھی چیز میں استعمال کریں ۔

6۔ پنیر اور کھانا چاہتے ہیں:

food 5
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ زیادہ عرصے تک اپنے فرج میں رکھے ہوئے پنیر کا مزا لے سکیں ،تو فکر نہ کریں اپنے پنیر کو کدو کش کریں اور فریزر میں ڈال دیں اس سے آپ اس کو زیادہ دیر تک قابلِ استعمال بنا سکتے ہیں۔فریزر میں رکھنے سے وہ چورا چور اہو جائے گا تو اس کو آپ اپنے پاستا میں یا چیز ساس کے ساتھ جو بھی چیز بنائیں اس میں ڈال سکتے ہیں۔

7۔ پیاز کواپنی ٹائیٹس میں اسٹور کریں:

food 6
اگرپیاز کو لمبے عرصے تک اسٹور کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ ایک صاف ستھرا دھلا ہوا ٹائیٹ لیں ،اس کے دونوں پائینچوں میں گرہ لگا دیں اور ان میں پیاز ڈال کر کہیں خشک،ٹھنڈی اور ہوادار جگہ پر لٹکا دیں۔اس سے پیاز اور چاہیں تو لہسن بھی لمبے عرصے تک صحیح حالت میں رہ سکتے ہیں۔

8۔ سلادکو تازہ رکھنے کا راز:

food 7
سلاد کے پتے وہ کھانا ہیں جو سب سے زیادہ ضایع ہوتے ہیں۔اس بات کا خیال رکھیں کہ جب بھی اس کو واپس رکھیں اس کو پیپر ٹاول میں لپیٹ کر رکھیں تاکہ وہ اس کی زائد نمی جذب کر لے اورپھر یہ زیادہ عرصے تک تازہ اور صحیح رہ سکتے ہیں۔اگر کھیرے کو پلاسٹک کور میں کر کے رکھیں گے تو وہ تیں گنا زیادہ دیر تک تازہ رہ سکتا ہے بہ نسبت بغیر پلاسٹک کور کے ،اس طرح دھنیا پودینہ بھی اگر پیپر ٹاول میں کر کے پلاسٹک کور میں رکھ دیا جائے تو وہ زیادہ دیر تک صحیح رہ سکتا ہے۔اگر سیلیری کو ایلومینیم فوائل میں لپیٹ کر فرج میں رکھیں تو یہ تقریباً2ہفتے تک کرسپی اور تازہ رہے گی ۔فوائل سبزی کی نمی کو جذب کر لیتا ہے جس کی وجہ سے یہ لمبے عرصے تک تازہ رہتی ہیں۔

9۔ کیلے کو بھی محفوظ کر سکتے ہیں:

food 8
اگر آپ کے پاس کیلے موجود ہیں اور وہ کچھ کچے ہیں اور ان کو آپ نے ایک دودن چھوڑ دیا تو زیادہ پک جاتے ہیں ،ایسے میں آپ اگر کیلے کچھ زیادہ پک گئے ہیں تو ان کو کاٹ کر فریزر میں رکھ دیں ،اور کچھ دن بعد جب آپ کا موڈ ہو تو اس کا مزیدار ملک شیک بناکر پئیں یا پھر اس کی آئس کریم بنا لیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...