Facebook Pixel

لباس کا انتخاب، خواتین کا اہم مسئلہ

2,049

لباس شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ہم اچھے لبا س کے ذریعے اپنی شخصیت کو مزیدپُرکشش اورجاذبِ نظربناسکتے ہیں۔ اچھا اور عمدہ لباس لوگوں کی توجہ فوراً اپنی طرف مبذول کرا لیتا ہے۔لباس کا مناسب انتخاب ایک فن ہے،مگر بہت سی خواتین اس فن سے نابلد ہیں۔ جو خواتین خوش لباسی کی اہمیت سے آگاہ ہیں وہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے لباس کا انتخاب کرتی ہیں۔ زرق برق ،بھاری اور کامدار ملبوسات خوش لباسی کی شرط نہیں بلکہ موقع محل اور شخصیت کی مناسبت سے لباس کا چناؤ ہے۔
لباس کا انتخاب سب سے پہلے خریداری سے ہوتا ہے۔ لباس خریدنے سے پہلے آپ اپنی وارڈروب کا جائزہ ضرور لیں کہ کس رنگ اور کس ڈیزائن کے ملبوسات پہلے سے آپ کے پاس موجود ہیں اور کن کن کی کمی ہے۔لہٰذا جب آپ بازار کا رُخ کریں تو صرف وہ لباس خریدیں جس کی آپ کو ضرورت ہے۔ مگر بہت سی خواتین اپنے شوق کے ہاتھوں مجبور ہوکر ڈھیروں کپڑے خرید لیتی ہیں۔ اورگھر میں آنے کے بعد کفِ افسوس ملتی نظر آتی ہیں کہ اسی طرح کے کپڑے تو پہلے بھی ان کے پاس موجود ہیں۔لباس خریدتے وقت اپنے بجٹ کو ضرور ذہن میں رکھیں دوسروں کی تقلید اور حرص کے چکر میں مہنگا لباس خریدنا عقل مندی نہیں۔ اگر آپ کو ایسا لباس پسند آتا ہے جو آپ کے بجٹ سے باہر ہے تو آپ کپڑا خرید کر ایسی ڈیزائننگ درزی سے بھی کرا سکتی ہیں۔
اگر آپ گھر میں پہننے کے لیے لباس خرید رہی ہیں تو یاد رکھیں اسے سادہ ہونا چاہیے۔ اگر شادی بیاہ کے لیے تو کپڑے یقیناًخوش رنگ اور کامدار ہونا چاہئیں۔اسی طرح گھر میں ہونے والی سادہ سی تقاریب اور تفریح کے اعتبار سے مناسب لباس کا انتخاب کریں۔ لباس کا انتخاب کرتے وقت اپنی شخصیت کو ضرور مدنظر رکھیں۔اپنے رنگ، جسامت اور قد کاٹھ کے حساب سے لباس خریدیں۔ اگر آپ کا رنگ سانولا یا گہرا گندمی ہے تو براؤن رنگ آپ کے لیے ہرگز مناسب نہیں۔اس سے آپ کی رنگت ، اس لباس کے تلے اور دب کر رہ جائے گی۔آپ کھلتے ہوئے ہلکے رنگ کے لباس کا چناؤ کریں۔ گورے رنگ پر اگرچہ ہر رنگ ہی جچتا ہے ،پھر بھی فیشن اور موقع محل کی مناسبت سے لباس زیب تن کرنے چاہئیں۔آپ خود بھی اندازہ لگا سکتی ہیں کہ آپ پر کون سا رنگ سوٹ کرے گا۔ اس کے لیے آپ اپنی رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی مشورہ کر سکتی ہیں ۔
مدنظر رکھیں۔اسی فارمولے کے تحت لباس کا انتخاب کریں تو بہت اچھا رزلٹ نکلے گا۔ہر فیشن اپنانے کے لیے نہیں ہوتا۔ضروری نہیں کہ ہر فیشن ہر شخص پر اچھا لگے۔ہمیں اپنی شخصیت اور پسند کے ساتھ ساتھ ثقافت اور کلچر کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ بد رنگے اور بے ڈھنگے لباس آپ کے لیے شرمندگی کا باعث بن سکتے ہیں۔
شادی بیاہ اور دیگر تقاریب کے لیے خواتین زیادہ تر روایتی ملبوسات کو ترجیح دیتی ہیں۔ بے شک بدلتے رجحانات اور میڈیا کی بدولت ہمارے یہاں مغربی ملبوسات کا رجحان بہت عام ہوگیا ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے روایتی اور ثقافتی ملبوسات میں کسی طرح کی کمی واقع ہوئی ہو۔خصوصاً سادی بیاہ کے موقع پرتو ہرعمر کی خواتین روایتی ملبوسات ہی کو ترجیح دیتی ہیں ۔ جن میں لہنگے چولیاں، غرارے ،شرارے،فراک چوڑی دار پاجامے اور ساڑھیاں شامل ہیں۔
بے شک لباس کا انتخاب ایک اہم مسئلہ ہے مگر ایسا بھی نہیں کہ خواتین سر پکڑ کر بیٹھ جائیں۔جوباتیں ہم نے آپ کے گوش گزار کی ہیں اس پر عمل کرکے آپ کافی حد تک اس مسئلے پر قابو پا سکتی ہیں۔آپ اس سلسلے میں مختلف رسائل ،ٹی وی اور آن لائن فیشن ویب سائٹس سے بھی مدد لے سکتی ہیں مگر ان سب باتوں پر عمل پیرا ہوتے وقت اپنی شخصیت اور بجٹ کوضرور مدنظر رکھیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...