موسم سرما میں گرم مصالحے کا استعمال بڑھادیں

2,865

ایشیائی ممالک میں سردیوں میں عام طور پر گرم مصالحہ کا استعمال بڑھ جاتا ہے ۔ گرم مصالحے میں کئی فائدے مند جڑی بوٹیاں اور مرچیں شامل ہوتی ہیں جن سے صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ پسے ہوئے گرم مصالحے میں ان تمام اجزا کو بھون کر اور پیس کر شامل کیا جاتا ہے ۔ اس مصالحے کو مختلف سالن اور چاولوں کی ڈش میں ملایا جاتا ہے۔ گرم مصالحے نہ صرف کھانے کو ذائقہ بخشتے ہیں بلکہ اس کی خوشبو بھی کھانے کو اور مزیدار بنا دیتی ہے ۔ گرم مصالحہ سردی، کھانسی، جوڑوں میں درداور موسم سرما میں ہونے والے دیگر جسمانی مسائل میں فائدہ پہنچاتے ہیں ۔

گرم مصالحے میں استعمال ہونے والی مرچیں اور جڑی بوٹیاں اورموسم سرما میں ان سے حاصل ہونے والے فوائدیہ ہیں :

لونگ

ویسے تو لونگ کا استعمال سارا سال ہی کرتے رہنا چاہیے کیونکہ یہ ہر موسم میں فائدہ مند ہوتی ہے ۔ البتہ سردیوں میں اس کی افادیت اور بڑھ جاتی ہے ۔ لونگ سے جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے یہ سانس کی نالیوں اور خون کی رگوں کو صاف رکھتی ہیں ۔ اس سے نظام ہضم بھی اچھا رہتا ہے ۔ بادی اور پیٹ میں گیس بنانے والے کھانے جیسے کہ سیم اور بند گوبھی میں اگر لونگ کا استعمال کیا جائے تو اس سے کھا کر گیس نہیں بنیں گے۔ اسے سالن اور چاول کے علاوہ کئی بیکڈ آئٹمز میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔

الائچی

الائچیاں دو اقسام کی ہوتی ہیں ؛ بڑی الائچی اور چھوٹی الائچی۔ ان دونوں ہی الائچیوں کی خوشبو بہترین ہوتی ہے ۔ اس سے بھی سانس کی نالی کی صفائی ہوتی ہے ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ سانس کے مرض میں مبتلا افراد کو سردیوں میں الائچی زیادہ سے زیادہ استعمال کرنی چاہیے ۔ اس سے جسم کو طاقت ملتی ہے اور ذہن ترو تازہ ہو جاتا ہے ۔ الائچی کو آپ چائے میں ڈال کر بھی استعمال کر سکتے ہیں اس کے علاوہ اسے چاول اور قورمے وغیرہ پکانے میں استعمال کیا جاتا ہے ۔

سیاہ مرچ

اس مرچ کے فوائد ان گنت ہیں ۔ سردیوں میں سینے میں پیدا ہونے والا دباؤ اس مرچ کے استعمال سے کافی حد تک دور ہو جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ سیاہ مرچ سے بھوک بڑھتی ہے اور ہاضمہ بہتر ہوتا ہے ۔ ساتھ ہی یہ جسم کو نقصان پہنچانے والے جراثیم اور آب و ہوا میں موجود آلودگی سے بھی محفوظ رکھتی ہے ۔ اسے آپ نہ صرف کھانا پکانے کے دوران بھی ڈال سکتے ہیں اور پکے ہوئے کھانے جیسے تلے ہوئے انڈے، پاستا اور سوپ وغیرہ پر اوپر سے ڈال کر بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔ بہت سے لوگ فروٹ چاٹ اور مختلف مشروبات میں بھی پسی ہوئی سیاہ مرچ کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں ۔ سیاہ مرچ کے استعمال سے وزن کم ہوتا ہے ۔

زیرہ

بھنے ہوئے زیرے کی خوشبو بڑی دلفریب ہوتی ہے ۔ اسے سونگ کر ہی سردیوں میں آپ کو تر وتازگی کا احساس ہوتا ہے ۔ اسے نظام ہضم بہتر ہوتا ہے ۔ زیرے کو کئی صدیوں سے کھانسی اور سردی کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا آیا ہے ۔ یہ خوشبودار اور ذائقہ دار مسالحہ جسم سے بیماریاں پیدا کرنے والے جراثیم ختم کرنے میں مفید ہے ساتھ ہی یہ تولیدی صحت کے لیے بھی فائدے مند ہے ۔

دارچینی

دارچینی کے بغیر سردیوں کا تصور ادھورا ہے ۔ اس کی میٹھی سی خوشبو موسم سرما میں بہت اچھی لگتی ہے ۔ دارچینی کا استعمال گھٹیا کے مرض میں مفید ہے ۔ اس سے ذہن بھی تیز رہتا ہے ۔ دارچینی کے ا ستعمال سے جسم جراثیم سے محفوط رہتا ہے اور جسم کا کولیسٹرول لیول بھی ٹھیک رہتا ہے ۔

تیج پات

یہ مصالحہ چہرے کی خوبصورتی اور صحت کے لیے مفید ہے ۔ اس کے علاقہ اس میں کئی طبی خصوصیات بھی ہیں ۔ یہ ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی فنگل ہے ۔ اس میں موجود ٹیننز اور فلیونائیڈز بالوں اور جلد کے لیے بہت مفید ہے ۔ تیج پات سے چہرے کی رنگت نکھرتی ہے ۔ اس کے علاوہ اس کے استعمال سے جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے اور جسم کی خشکی دور ہوجاتی ہے ۔

کسی بھی مرچ کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے ۔ اگر اسے معتدل انداز میں کھانوں میں استعمال کیا جائے تو سردیوں میں اس سے زیادہ سے زیادہ فائدے حاصل ہو سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ بیماریوں سے بچے رہنے اور اور موسم سرما کا استقبال صحت مند انداز میں کرنے کے لیے گرم مسالحے کو اپنی غذا کا لازمی حصہ بنائیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...