فادرز ڈے سال میں ایک مرتبہ نہیں روزانہ منائیں
دین اسلام میں والد کا مقام:
بچے کی پیدائش سے لے کر بڑے ہونے تک والدین اس کا ہر طرح خیال رکھتے ہیں ۔اولاد بوڑھی بھی ہو جائے تو ان کی محبت میں کمی نہیں آتی اور وہ اپنی اولاد کے لئے ہمیشہ دعا کرتے رہتے ہیں ۔
اسی لئے اللہ تعالیٰ ہمیں والدین کی عزت کرنے اور ان سے اچھا سلوک کرنے کا حکم دیتے ہیں ۔
’’ اور تمھارے پروردگار نے ارشاد فرمایا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرتے رہو۔اگر ان میں سے ایک یا دونوں بڑھاپے کی عمر تک پہنچ جائیں تو ان سے اف تک نہ کہنااور نہ انھیں جھڑکنا اور ان سے بات ادب کے ساتھ کرنا۔‘‘
اسلام میں جس طرح ماں کو بلند مقام حاصل ہے اسی طرح باپ کا بھی اونچا مقام ہے۔ہمارے پیارے نبی ﷺنے فرمایا کہ ’’باپ کی خوشی میں اللہ کی خوشی ہے اور باپ کی ناراضگی میں اللہ کی ناراضگی ہے۔‘‘اس لئے یہ جان لینا ضروری ہے کہ ہمیں کسی صورت میں بھی ماں باپ کو ناراض نہیں کرنا چاہئے۔ماں باپ کی فرمانبرداری میں ہی ہماری کامیابی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتے ہیں اور اپنے تجربات کی روشنی میں ہمیں مشکلات سے بچانے کی کوشش کرتے ہیں ۔
فادرز ڈے سال میں ایک مرتبہ بین الاقوامی طور پر منایا جاتاہے اور جس میں باپ کی شفقت،محبت اور قربانیوں کا اعتراف کرکے سراہا جاتا ہے ۔جبکہ ہمارا دین اسلام ہمیں ہر روز ماں باپ کے لئے عزت واحترام اور ان سے محبت کے اظہار کا حکم دیتا ہے ۔اس لئے ہمیں صرف ایک دن کے بجائے سال کے بارہ مہینے ان کا خیال رکھنا چاہئے۔
اپنے والد کو خوش رکھنے کے لئے آپ یہ کام انجام دے سکتے ہیں ۔
ان کے مشاغل میں دلچسپی لیجئے:
آپ کے والد جس کام میں دلچسپی لیتے ہیں اس میں ان کا ساتھ دیجئے اگر وہ مطالعے کے شوقین ہیں تو انھیں اچھی کتابیں لاکر دیجئے،باغبانی کے شوقین ہیں تو ان کے ساتھ مل کرپودوں کی دیکھ بھال میں حصہ لیجئے۔اور اس کے لئے روزانہ وقت نکالئے۔
انھیں باہر گھمانے لے جائیں :
کسی پر فضا مقام پر جاتے وقت انھیں ساتھ لے جانا نہ بھولیں کھلی فضاء ان کے لئے ناصرف صحت بخش ہے بلکہ ان کو خوشی بھی فراہم کرے گی اس کے علاوہ باہر کھانا کھانے بھی جاسکتے ہیں اور ان کے لئے ان کی پسند کی چیز منگوائیں تاکہ وہ خوش ہوکر اسے کھائیں ۔
اس بارے میں پڑھئے : بچوں کی تربیت میں باپ کے کردار کی خاص اہمیت
ان کے لئے تحفے خریدیں:
خاص موقعوں پراپنے والد کے لئے تحفے خریدیں اور کارڈ دیں ان کے لئے ایسی چیزوںکا انتخاب کریں جنھیں دیکھ کر ان کے چہروں پر مسکراہٹ آجائے۔آپ ان کے لئے ایسی چیز بھی لے سکتے ہیں جسے خریدنے کی ان کی خواہش ہو لیکن وہ خرید نہ سکے ہوں۔
کچھ وقت صرف والد کے ساتھ گزاریں :
والدین چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد کچھ وقت ان کے ساتھ گزارے ،اپنے والد کے ساتھ بیٹھ کر مختلف موضوعات پر بات کریں ۔اگر وہ کسی کھیل کے شوقین ہیںتو ان کے ساتھ کھیلیں یا بیٹھ کر دیکھیں۔
ان کا شکریہ ادا کریں:
ہمارے والد نے کس طرح ہماری ضروریات کا خیال رکھا اور کس طرح سخت محنت کرکے ہمیں ہر آسائش مہیا کی اس کا اعتراف کرنا ہمارا فرض ہے ۔اور ضروری ہے کہ ہم ان باتوں کے لئے بار بار اپنے والد کا شکریہ ادا کرتے رہیں اور ان کے احسانات کو مانیں ناکہ یہ کہیے کہ’’آخرآپ نے ہمارے لئے کیا ہی کیا ہے‘‘؟ایسے الفاظ ماں باپ خاص طور پر والد کے لئے بہت تکلیف دہ ہوتے ہیں ۔اس لئے کبھی بھی ایسے الفاظ منہ پرنہ لائیں۔
اللہ کے بعد اپنے والدین کے شکر گزار رہیں کہ آپ اگر کسی بڑے مقام پر ہیں تو اپنے والدین کی ہی محنت،قربانیوں اور دعاؤں کی بدولت ہیں۔