ٹماٹو کیچپ میں سب کچھ ہے سوائے ٹماٹر کے

1,609

شہر ِکراچی میں ٹماٹو کیچپ کے نام پر روزانہ لاکھوں افراد کو غیر معیاری چاولوں کا آٹا اور ’’ڈائنگ کلر‘‘ کا مکسچر کھلایا جا رہا ہے، صحت کے لئے انتہائی مضر اور جعلی ٹماٹو کیچپ کی تیاری میں گھٹیا قسم کے پرانے چاولوں کا آٹا اور پانی استعمال ہوتا ہے، کیچپ کو کھٹا اور میٹھا بنانے کے لئے اس میں ’’سکرین ‘‘ اور سائٹرک ایسڈ‘‘ شامل کر دیا جاتا ہے اور اس گاڑھے ملغوبے کو ٹماٹروں والا سرخ رنگ دینے کے لئے اس میں رنگ شامل کر دیا جاتا ہے، اس ملغوبے میں ملائے جانے والا رنگ فوڈ گریڈ کے بجائے ڈائنگ کلر‘‘ استعمال کیا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر صحت ہے، اس تمام آمیزے کو چھوٹے سے مشینی پلانٹ میں پریشر اسٹیم دے کر گرم کیا جاتا ہے اور ابلنے کے بعد اس کو ٹھنڈا کر کے پلاسٹک کے خالی کینوں میں بھر دیا جاتا ہے۔

نیو کراچی کے علاقے میں ایک ایسا ہی کارخانہ موجود ہے جہاں پر غیر معیاری کیچپ اور مایونیز تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے ۔ اس کارخانے کی حالتِ زار دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نا تھا کہ اس کارخانے میں تیار کیے جانا والا کیچپ اور مایونیز صحت کے لیے کتنا نقصان دہ ہوگا مایونیز کے تیاری کے لیے گندے انڈے استعمال کیے جا رہے تھے اور حیرت انگیز بات یہ تھی کہ ٹماٹر سے بننے والی پروڈکٹ کی اس فیکٹری میں ٹماٹر نام کی کوئی چیز موجود نہیں تھی یعنی ٹماٹو کیچپ کی تیاری بغیر ٹماٹر کے کی جارہی تھی ۔

یہ جعلی ٹماٹو کیچپ تیار کرنے والوں نے قانونی کاروائیوں سے بچنے کے لئے اپنے تیار کردہ کیچپ کے کینوں پر جو اسٹیکر چسپاں کئے ہوئے ہوتے ہیں ان پر ان کے تیار کردہ کیچپ میں شامل اجزاء بھی تحریر کئے جاتے ہیں اور انتہائی باریک الفاظ میں ان اجزاء کے نام لکھے جاتے ہیں جن میں رائس پائوڈر، فوڈ کلر، چینی یعنی شوگر لہسن، ادرک سرکہ وغیرہ کے نام شامل ہوتے ہیں، تاہم در حقیقت رائس پائوڈر بھی غیر معیاری ہوتا ہے اور چینی کی جگہ پر شکرین اور فوڈ کلر کی جگہ پر ڈائنگ کلر استعمال کئے جاتے ہیں یہ کیمیکلز صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں، جبکہ یہ جعلی کیچپ تیار کرنے والے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجزاء اسٹیکر پر تحریر کر دیتے ہیں تاکہ کاروائی ہونے پر بتا سکیں کہ ہم نے اجزاء￿ میں تو ٹماٹر کا ذکر ہی نہیں کیا اس لئے ہم بری الذمہ ہیں تاہم حقیقت یہی ہے کہ روزانہ لاکھو ں افراد اس ملغوبے کو ٹماٹو کیچپ ہی سمجھ کر کھاتے ہیں اور یہ مفاد پرست عناصر بھی اس کیمیکل زدہ آمیزے کو ’’ٹماٹو کیچپ‘‘ ہی کہہ کر فروخت کر رہے ہیں۔

 

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...