مچھلی خریدتے وقت چند باتیں ذہن میں رکھیں

10,517

مچھلی صحت کے لیے بہت مفید ہے ۔ مفید ہونے کے ساتھ اس کا ذائقہ بھی بہت لذیذ ہوتا ہے۔لیکن مچھلی کا مزہ صرف تازہ مچھلی سے ملتا ہے۔اکثر لوگ دکاندار کی باتوں میں آکر کوئی بھی مچھلی اٹھا کر لے آتے ہیں ۔ اگر مچھلی تازہ ہوئی تو کیا کہنے لیکن یہی مچھلی اگر تازہ نہ ہوئی تو محنت اور پیسہ سب ضائع جاتا ہے ۔ مچھلی سے پوری طرح لطف اندوز ہونے کے لیے ضروری ہے کہ بازار سے تازہ مچھلی لاکر پکائی جائے جسے کھا کر مزہ آجائے ۔ تازہ مچھلی کی پہچان کے کئی طریقے ہیں جن کو استعمال کر تے ہوئے آپ دھوکہ نہیں کھائیں گے اور ہمیشہ تازہ مچھلی خریدیں گے۔

تازہ مچھلی خریدنے کے طریقے:

اچھی دکان پر جائیں:

مچھلی خریدنے کے لیے اسی دکان پر جائیں جہاں زیادہ مچھلی بکتی ہو ایسی دکان پر مچھلی کے پرانے ہونے کے امکانات کم سے کم ہونگے۔

تازہ مچھلی کا پوچھیں:

دکان دار سے معلوم کر سکتے ہیں کہ کون سی مچھلی سب سے زیادہ تازہ ہے یا کون سی مچھلی آج ہی پکڑی گئی ہے۔

فروزن یا فریش:

اکثر جگہوں پر تازہ مچھلی کے بجائے فروزن مچھلی ملتی ہے ۔ دکاندار سے اس مچھلی کے بارے میں سوال کرنے سے ہرگز نہ گھبرائیں اور اس سے معلوم کریں کہ یہ مچھلی دکان میں کب آئی ہے ۔ فروزن مچھلی ہمیشہ خراب نہیں ہوتی اگر آپ یہ مچھلی خریدتے ہیں تو جس دن لائیں ہیں اسی دن پکائیں۔اگر اگلے دن پکانا ہو تو اسے ائیر پیک کر کے فریز ر میں رکھیں۔

تازہ مچھلی سخت ہو:

اگر آپ تازہ مچھلی خریدتے ہیں تو صرف دکاندار کے تازہ کہنے پر یقین نہ کرلیں۔مچھلی کو ہاتھ سے دبا کر دیکھیں اگر مچھلی نرم ہے اور گڑھا پڑ گیا ہے تو مچھلی تازہ نہیں اگر مچھلی سخت ہے اور انگلی سے دبانے سے گڑھا پڑ کر دوبارہ اپنی جگہ آجاتا ہے تو مچھلی تازہ ہے ۔ اس کے علاوہ تازہ مچھلی چمکدار بھی ہوتی ہے۔

مچھلی کو سونگھ کر دیکھیں:

تازہ مچھلی میں مچھلی کی بو نہیں آتی بلکہ سمندر کی بو ہوتی ہے جیسی ساحل سمندر پر آرہی ہوتی ہے۔

مچھلی کی آنکھیں دیکھیں:

تازہ مچھلی کی آنکھیں صاف اور چمکدار ہوتی ہیں ان میں گدلا پن نہیں ہونا چاہئے۔ اس کے علاوہ آنکھیں تھوڑی سی ابھری ہوئی ہونی چاہئے۔

گلپھڑے چیک کریں:

پچھلی کے گلپھڑے کھول کر دیکھیں تازہ مچھلی کے گلپھڑے اندر سے گلابی یا لال ہونگے اور گیلے ہونگے جبکہ باسی مچھلی کے گلپھڑے خشک یا لیس دار ہونگے۔

مچھلی کے کٹے ہوئے حصے چیک کریں:

مچھلی کے پارچے خریدتے وقت دھیان رکھیں کہ اس کی رنگت تبدیل نہ ہوئی ہو اور نمی برقرار ہو۔ اور گوشت خود سے نہ ٹوٹ رہا ہو ۔ اگر ایسا ہوگا تو مچھلی تازہ نہیں۔

مچھلی بدرنگ نہ ہو:

مچھلی کے گوشت کی رنگت براؤن یا پیلی ہونے لگے یا اس کا گوشت بھر بھرا محسوس ہو تو اس کا مطلب ہے کہ مچھلی پرانی ہے۔

امید ہے ان تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ تازہ مچھلی کا انتخاب کر کے اس کی افادیت حاصل کر سکیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...