وزن کم کرنے میں کارآمد کھانے پینے کے 12اصول

62,110

وزن کابراہ راست تعلق ہماری غذاسے ہے ۔ہم کیاکھاتے اورکیاپیتے ہیں اورکس طرح کھاتے ہیں؟ یہ وزن کم کرنے یابڑھنے میں بڑی اہمیت رکھتاہے۔ہم جوکھاتے ہیں وہ ہمارے جسم پرظاہری اوراندورنی دونوں صورتوں میں نظر آجاتاہے۔اسی لئے غذا اوراسکے استعمال کے طریقے بہت معنی رکھتے ہیں۔
اگر آپ ان اصولوں کواپنی زندگی کاحصہ بنالیں تو آپ اپناوزن کم کرنے میں یقینی کامیاب ہوسکتے ہیں۔

۱۔تھوڑاتھوڑاکھائیں

ایک ہی وقت میں بہت سار اکھاناکھانے سے بہتر ہے کہ پورے دن کے مختلف اوقات میں تھوڑاتھوڑاکھانا۵ وقت کھائیں۔ایک ہی وقت میں بہت زیادہ خوراک لینے سے کھاناہضم ہونے میں مشکلات آتی ہیں ۔اگر آپ تھوڑاتھوڑاکھائیں گے تو اگلی دفعہ آپ کوزیادہ بھوک بھی محسوس نہیں ہوگی اسکی بانسبت بہت دیر بعد کچھ کھانے سے بھوک کنٹرول نہیں ہوگی اورآپ زیادہ کھاناکھالیں گے۔

۲۔دوسری بار کھانے میں احتیاط

جب بھی کچھ کھائیں تو جب تک پہلی خوراک ہضم نہ ہوجائے تو دوسری خوراک نہ لیں۔اگر کھاناہضم نہ ہواوراس پردوسراکھانابھی کھالیاجائے تو یہ عمل مزید خرابی پیداکرنے کاباعث بنتاہے۔اگرکم مقدار میں اورصحت بخش کھایاجائے تو کھاناجلد ہضم ہوکرجسم میں فیٹ کوجمع نہیں ہونے دیتا۔

۳۔کیلوریز کاؤنٹ کریں

ہرانسان کوعمر ،قد ،جسمانی محنت اوراسکے وزن کے حساب سے جسمانی توانائی برقراررکھنے کے لئے کیلوریز درکار ہوتی ہیں۔آپ کوپتہ ہوناچاہئے کہ آپ جوکھارہے ہیں اسمیں کتنی کیلوریز ہیں اورآپ کی روزمرہ کیلوریز کی ضرورت کتنی ہے اورجتنی کیلوریز آپ لے رہے ہیں اسے استعمال بھی کریں ۔کیلوریز کااستعمال اندھادھند نہیں کرناچاہئے بلکہ سوچ سمجھ کراس طرح لیں کہ غذاکاتناسب برقرار رہے۔

۴۔سلاد کااستعمال

ہرکھانے کے ساتھ سلاد کااستعمال ضرورکریں۔اگر کھانے سے پہلے آپ ایک باؤل سلاد کھالیں توکھاناآپ زیادہ چاہ کربھی نہیں کھاپائیں گے جس سے آپکاوزن نہیں بڑھے گا۔اورکھانے سے پہلے سلاد کھانے کے باعث آنتوں میں پہلے فائبر پہنچنے سے غذاکواسکے راستے سے گزرنے میں آسانی ہوگی۔

۵۔نمک کی کم مقدار

نمک جسم کوموٹاکرتاہے اگر آپ اپنے کھانوں میں نمک کم کھانے کے اصول کواپنالیں تو موٹاپے کاکوئی مسئلہ ہی نہ رہے۔نمک آپ کے جسم کوپھلاتاہے۔عموماً جو لوگ ڈائیٹ پرہوتے ہیں انکاپہلاعمل ہی نمک کی اضافی مقدار کاخاتمہ ہوتاہے۔نمک ذائقہ (Taste) کے لئے ہوتاہے اسی لئے آپ بھی اپنے کھانوں میں کم سے کم نمک ذائقہ (Taste) کے طورپرہی استعمال کریں۔

۶۔سبزیوں اورپھلوں کوترجیح دیں

کھانے میں ہمیشہ سبزی اورپھل کوترجیح دیناچاہئے کیونکہ یہ آپ کوصحت کے ساتھ ساتھ بہت ساری توانائی اوربہت کم اورصحت بخش کیلوریزفراہم کرتے ہیں۔ فائبر کاذخیرہ ہونے کے باعث نظام ہضم کودرست اورجسم کوتوانارکھتے ہیں۔دیگر غذاؤں کوہضم کروانے کے ساتھ ساتھ وزن بھی نہیں بڑھاتے ۔

۷۔رات کاکھاناکم اورجلدی کھائیں

رات کاکھاناہمیشہ جلدی یعنی سونے سے تین سے چار گھنٹے پہلے اورکم سے کم کھائیں۔کھانے کے ایک گھنٹے بعد ہلکی پھلکی چہل قدمی ضرورکریں۔رات کاکھاناکھاتے ہی بستر پرمت جائیں ورنہ ساری کیلوریز آپکے جسم میں جمع ہوکرفیٹ کی شکل اختیار کرکے آپکوموٹاپے کی طرف لے جاسکتی ہیں۔

۸۔کھاناآہستہ اورچباکرکھائیں

آپ جوبھی کھائیں جلد بازی میں نہ کھائیں بلکہ اچھی طرح سے نوالہ کوچباکراورآہستہ کھائیں ۔اگر آپ کھانے کوآہستہ اورچباکرکھائیں گے تو آپ محسوس کریں گے کہ زیادہ وقت میں آپ نے کم کھاناکھایاہے۔جبکہ جلد بازی میں انسان زیادہ کھاناکھاجاتاہے۔جلد بازی میں بغیرچباکرکھایاگیاکھاناجلد ہضم ہونے کے بجائے آپکے جسم میں جمع رہتاہے جوموٹاپے کاباعث بنتاہے۔

۹۔کھانے کے بعد پانی

کھانے کے بعد پانی پینا تقریباً سب ہی کامعمول ہے۔لیکن کھانے کے بعد پانی پینابالکل زہر پینے کے مترادف ہے۔کھانے سے ایک یا آدھاگھنٹے پہلے یاکھانے کے دوران اگر ضرورت ہوتو پانی ضرور پیئیں لیکن کھانے کے بعد پانی کااستعمال بالکل نہ کریں۔کھانے کے بعدپانی پینے سے دیگر بیماریوں اورپیٹ برھنے کے خدشات کے ساتھ ساتھ کھانادیر سے ہضم ہوتاہے ۔

۱۰۔تازہ جوس پیئیں

ہمیشہ تازہ جوس پیئیں ڈبہ بند اوربوتلوں میں ملنے والے ڈرنک صحت کے لئے نقصان دہ ہونے کے ساتھ ساتھ وزن میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔کیفین کی وافر مقدا ر،دیگر کیمیکل اورپریزرویٹوپرمشتمل ہونے کے باعث یہ کبھی بھی آپکوصحت مہیانہیں کرتے ۔اگر آپ وزن کم کرناچاہتے ہیں تو ہمیشہ گھر کابناتازہ پھلوں کاجوس پیئیں۔

۱۱۔چائے پیئیں مگر احتیاط سے

سردی ہویاگرمی چائے کے بغیرزندگی ادھوری ہے۔اوربذات خود چائے آپکوکوئی نقصان یاموٹاپانہیں دیتی۔چائے پینے کے بھی کچھ اصول ہیں جوہمارے ہاں عام طورپرلاگونہیں ہوتے ۔کوئی بھی چائے ہمیشہ ٹھنڈی یاہلکی گرم پیئیں اورکوشش کریں کہ عام چائے بغیر دودھ کی نہ سہی مگر بغیر چینی کی ضرورپیئیں۔چائے کوئی سی بھی ہودن میں دوکپ سے زیادہ اورکھانے کے فوراً بعد تو ہرگز نہ پیئیں۔

۱۲۔کھاتے وقت خوش رہیں

آپ جوبھی کھائیں پیئیں بس خوشی سے کھائیں ۔غصے کی حالت میں کھانامت کھائیں ورنہ آپکومثبت انرجی نہیں ملے گی۔غصے اورڈپریشن میں یاتوآپ زیادہ کھالیں گے یاصحت بخش نہیں کھائیں گے۔دونوں ہی صورتوں میں وزن بڑھنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...