فلو اور کھانسی میں بہتر محسوس کرنے کے طریقے

5,875

فلو flu کی بہت سی علامات ہوتی ہیں جن میں بخار ،کھانسی،گلے کی خراش،ناک بند ہونا ،جسم کا درداور سردی لگنا شامل ہے۔فلو وائرل ہوتا ہے اس لئے اپنی مدت پوری کرکے ہی جاتا ہے۔لیکن کچھ طریقوں کے ذریعے فلو اور کھانسی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

پانی پیئیں:

فلو میں پانی کی کمی ہو سکتی ہے خاص طور پر جب الٹیاں لگ جائیں ۔اس لئے ذیادہ سے ذیادہ پانی پیئیں۔پانی کے علاوہ تازہ پھلوں کا رس بھی پیا جاسکتا ہے۔ایسے مشروبات جن میں کیفین شامل ہو پینے سے گریز کریں کیونکہ کیفین پیشاب آور ہوتی ہے جس سے پانی کی کمی واقع ہو سکتی ہے۔گلے کی خراش دور کرنے کے لئے جوشاندے یا گرین ٹی میں شہد ملا کر بھی پی سکتے ہیں ۔

سوپ پئیں :

ٹھنڈ اور فلو میں یخنی کا استعمال بہت پرانا ہے۔فلو اور کھانسی میں چکن سوپ پینے سے گلے اور سینے کو سکون ملتا ہے اور کھانسی میں آرام آتا ہے۔

آرام کریں :

فلو میں ذیادہ سے ذیادہ آرام کریں۔اگر آپ کا جسم کام کرنے کے قابل نہیں ہو رہا تو اسے زبردستی نہ تھکائیں۔چند گھنٹے آرا م کرنے سے آپ بہتر محسوس کریں گے اور کام کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

نمی میں سانس لیں :

نمی میں سانس لینے سے بند ناک اور گلے کی خراش میں آرام ملتا ہے۔اس کے لئے گرم شاور لیں یا کچھ دیر باتھ روم میں خالی شاور کھول کر بیٹھ جائیں اور صرف اسٹیم بھی لے سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ اسٹیمر یاhumidifier بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

بھانپ لیں:

فوری طور پر بند ناک کھولنے کے لئے کسی برتن میں پانی ابال کر چولہے سے ہٹا لیں اور سر پر تولیہ اوڑھ کر اور آنکھیں بند کرکے گرم پانی کی بھانپ لیں۔اس سے بند ناک کھل جائے گی اور سینے کا بلغم بھی آسانی سے نکل جائے گا۔

غرارے کریں:

گرم پانی میں نمک ملا کر غرارے کرنے سے بھی گلے کی سوجن کم ہوتی ہے۔اور کھانسی میں آرام آتا ہے۔اس کے علاوہ گلے میں پھنسا ہوا بلغم بھی آسانی سے نکل جاتا ہے۔

گرم سکائی کریں :

نزلے کی وجہ سے ہونے والے سر اور سائینس کے درد کو ختم کرنے کے لئے گرم کپڑا ماتھے اور ناک پر رکھ کر سکائی کرنے سے درد میں آرام آتا ہے۔

وکس کی گولی چوسیں:

کف ڈراپس، لوزنجرز یا کینڈی چوسنے سے بھی کھانسی اور خراش میں آرام آتا ہے۔اس کے لئے اسٹرپ سلز یا وکس لوزنجرز استعمال کر سکتے ہیں۔

ناک میں پانی ڈالیں:

بند ناک کھولنے یا حلق میں نزلہ گرنے کی کیفیت کو ختم کرنے کے لئے نیم گرم پانی میں نمک شامل کرکے ناک میں ڈالنے سے بند ناک کھل جاتی ہے اور نزلہ آسانی سے بہ جاتا ہے۔

شہد استعمال کریں:

شہد کا استعمال کھانسی میں فوری آرام پہنچاتا ہے۔شہد کھانے سے گلے میں کوٹنگ ہو جاتی ہے جس سے سوزش میں کمی ہوتی ہے اور بار بار اٹھنے والی کھانسی میں آرام آتا ہے۔شہد میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات موجود ہیں جن کی وجہ سے بیکٹیریا کی وجہ سے لمبے عرصے سے ہونے والی کھا نسی میں بھی آرام آتا ہے۔دن میں ۲ یا ۳ مرتبہ ایک کھانے کا چمچ شہد پینے سے کھانسی میں آرام آتا ہے۔خاص طور پر رات کو سونے سے پہلے ایک چمچ شہد ضرورپی لیں تاکہ کھانسی کی وجہ سے آپ کی نیند خراب نہ ہو۔

کوئی خیال رکھنے والا بھی ہو:

آپ کا خیال رکھنے والا آپ کا بخار یا گلے کی خراش کو ختم تو نہیں کرسکتالیکن اس کاآپ کی دیکھ بھال کرنا اور آپ کے لئے گرم سوپ بنا کر لانا بھی آپ کے لئے سکون کا باعث بنے گا۔اگر کوئی دوست یا ساتھی ایسے موقع پر آپ کا ساتھ دے تو اسے انکار نہ کریں بلکہ اسے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...