ہاتھ پاؤں کا بار بار سن ہونا خطرناک بھی ہوسکتا ہے

75,644

ہاتھ پاؤں کا سن ہوجانا عام بات ہے اس صورت میں سن ہوئے حصے میں کچھ محسوس نہیں ہوتا اور سوئیاں چبھتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں ۔ زیادہ تر ہاتھ پیر کا سن ہونا ٹشوز پر یا خون کی نالیوں پر دباؤ کی وجہ سے ہوتا ہے ۔
غلط انداز میں بیٹھنے سے جیسے آلتی پالتی مار کر بیٹھنے سے ایسا ہوجاتا ہے یا ایسا نروز پر دباؤ سے ہوتا ہے۔بعض اوقات یہ کیفیت کسی بیماری جیسے شوگر کی وجہ سے بھی ہوتی ہے ۔

ُسُن ہونا کیا ہے:

ہاتھ یا پیر کا سن ہوجانا یا اس میں سنسناہٹ ہونا اور سوئیاں چبھنا اس وقت محسوس ہوتا ہے جب جسم میں حس کم ہوجاتی ہے ۔ اس کی وجہ خون کی نالیوں پر دباؤ ہوتا ہے ۔ جب نروز تک خون کی سپلائی منقطع ہوجاتی ہے تو نروز اپنا کام کرنا چھوڑدیتی ہیں اور ان سے متعلق اعضاء سن ہوجاتے ہیں اور جب ڈاکٹر اس حصے میں پن چبھوتے ہیں تو آپ کو اتنی زیادہ چبھن محسوس نہیں ہوتی ۔

کون لوگ متاثر ہوتے ہیں؟

عام طور پر دباؤ کی وجہ سے جسم کا کوئی حصہ سن ہوتا ہے جیسے تنگ جوتے پہننے سے یا پیروں پر زور دے کر بیٹھنے سے پیر سن ہوجاتے ہیں۔ ایسے لوگ جن کی کمر میں تکلیف ہو یا جنھیں شوگر ہو یا وہ لوگ جو vibrating tool استعمال کرتے ہیں اکثر اس تکلیف کی شکایت کرتے ہیں

ہاتھ اور پاؤں سن ہونے کی وجوہات

دباؤ:

تنگ جوتے پہننے اور پیروں پر زور دے کر بیٹھنے سے پیر سن ہوجاتے ہیں۔ایسا وقتی طور پر ہوتا ہے۔جب دباؤ کم ہوتا ہے تو یہ خود ہی ٹھیک ہوجاتے ہیں اور مسئلے کا باعث نہیں بنتے ۔

نروز پر دباؤ:

ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کی وجہ سے کمر سے ٹانگوں کی طرف جانے والے نروز پر دباؤ پڑتا ہے ۔ اسی طرح گردن میں رکے ہوئے نروز بھی جب ہاتھوں تک نہیں جاپاتے تو ہاتھ اور انگلیوں کے سن ہونے کی وجہ بنتے ہیں ۔ اسی طرح کلائی کی نروزمیں دباؤ کی وجہ سے ہاتھ کی گرفت کم ہوجاتی ہے۔

ذیابیطس:

شوگر سے چھوٹی اور باریک خون کی نالیوں کو نقصان پہنچتا ہے۔یہ بھی ہاتھ اور پیر سن ہونے کی وجہ بنتا ہے۔ایسے میں ہاتھ یا پیر کی صلاحیت کا کم ہونا خطرے کا باعث بھی ہو سکتا ہے۔کیونکہ اس طرح آپ گر بھی سکتے ہیں۔

چوٹ لگ جانا:

ہاتھ یا پیر کی انگلیوں میں چوٹ لگنے سے بھی نروز کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔اس کے علاوہ جو لوگ ہر وقت ایسے اوزار استعمال کرتے ہیں جن میں لرزش vibration ہوتی ہے،ان کے نروز کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

ادویات:

کچھ ادویات بھی نروز کو نقصان پہنچاتی ہیں اور یہ تکلیف دوا کے ترک کرنے کے بعدختم ہو جاتی ہے۔بریسٹ کینسر کے علاج کے لئے کی جانے والی کیمو تھیراپی اور HIV AIDکے لئے استعمال ہونے والی ادویات بھی ہاتھ پیروں کو سن کرنے کی وجہ بن سکتی ہیں۔

نروز کو نقصان پہنچانے والی بیماریاں:

بہت سی بیماریاں نروز کو نقصان پہنچاتی ہیں اور جسم کو سن کر دیتی ہیں ان بیماریوں میں اسٹروک اور برین ٹیومر قابل ذکر ہیں ۔یہ بیماریاں اتنی عام نہیں اور دوسرے ان کی سن پن کے علاوہ اور بھی دوسری علامات ہوتی ہیں ۔

الکوحل:

الکوحل کا استعمال بھی نروز کو نقصان پہنچاتا ہے۔

وٹامن کی کمی:

عمر رسیدہ لوگوں ،صرف سبزی کھانے والے لوگ اور وہ لوگ جو خون کی کمی کا شکار ہوتے ہیں ان میں وٹامن بی ۱۲ کی کمی ہوتی ہے۔وٹامن بی ۱۲ کی کمی انیمیااور نروزکو نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہے۔

سن ہونے کی صورت میں کیا کیا جائے

۔تنگ کپڑوں اور جوتوں کو ہلکا کیا جائے۔
۔اگر بیٹھے بیٹھے پیر یا ٹانگ سن ہو گئی ہو تواٹھ کر کھڑے ہو جائیں اور ٹانگ کو حرکت دیں تاکہ دوران خون صحیح ہو۔
۔کمر اور گردن کے درد سے بچنے کے لئے بھاری وزن اٹھانے سے گریز کریں۔
۔جسم کو ایک ہی انداز میں حرکت دینے سے گریز کریں۔
۔کام کے دوران وقفہ لیں۔
۔غلط انداز میں نہ بیٹھیں ۔
۔ورزش کریں۔
۔اگر آپ کو شوگر ہے تو دوا اور غذا سے اسے کنٹرول کریں اور باقاعدگی سے چیک اپ کرائیں ۔
۔وٹامن بی ۱۲ کی کمی دور کرنے کے لئے مناسب غذا لیں اور خون ٹیسٹ کروائیں تاکہ جان سکیں کہ آپ کو وٹامن بی ۱۲ کے سپلیمنٹ کی ضرورت تو نہیں۔
۔اگر سن ہونے کی کیفیت ذیادہ عرصے تک رہتی ہے توڈاکٹر سے رجوع کریں۔

مزید جانئے :انسولین کنٹرول کرنے کے نسخے


تبصرے
Loading...