بالوں سے متعلق چند عام غلطیاں

6,871

آج کل کے دور میں صحت مند ، چمکدار بال ایک خواب لگتا ہے ۔ تیز تر زندگی ، آلودگی ، گرمی اور خاص طور پر غیر صحت مندانہ طرز زندگی بالوں کو روکھا اور بے رونق بنادیتے ہیں۔ اس کے لیے آپ اپنا طرز زندگی تو نہیں بدل سکتے لیکن کچھ اچھی عادات اپنا کر اپنے بالوں کو چمکدار اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔
اس کے لیے سب سے پہلے آپ کو دیکھنا پڑے گا کہ آپ اپنے بالوں کو کس طرح دھوتے ، سکھاتے یا بناتے ہیں ۔ بعض اوقات یہ طریقہ کار بھی بالوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔
بالوں کو خوبصورت ، صحت مند اور مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی اچھی دیکھ بھال کی جائے ۔ ماہرین کے مطابق سخت شیمپو کا زیادہ استعمال اور بالوں کو خوب رگڑ کر دھونا بالوں کو خراب کرنے کی سب سے عام وجہ ہے اس سے بالوں کے سرے پھٹ جاتے ہیں ۔
ذیل میں چند باتیں تحریر کی جارہی ہیں جو بالوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہیں۔

۱۔ بالوں کو بہت زیادہ دھونا:

بالوں کو شیمپو سے روزانہ دھونے سے سر کی جلد سے قدرتی تیل ختم ہوجاتا ہے اور جلد بالکل خشک ہوجاتی ہے ۔ بالوں کو زیادہ سے زیادہ ایک دن چھوڑ کر یا ہفتے میں دو دفعہ دھوئیں۔

۲۔ کنڈیشنر کا استعمال :

اکثر لڑکیاں کنڈیشنر کا استعمال کرتے وقت غلطی کرتی ہیں کہ کنڈیشنر کو سر کی جلد پر لگاتی ہیں اس طرح کرنے سے بالوں کے فولیکل بند ہوسکتے ہیں اور بالوں کی نشونما ہلکی ہوجائے گی ۔ کنڈیشنر کا استعمال صرف بالوں کے سروں پر کریں تاکہ بالوں میں نمی برقرار رہنے کے ساتھ بال کسی نقصان سے بھی محفوظ رہیں۔

۳۔ تولیے سے رگڑ کر خشک کرنا:

تولیے سے بالوں کوبہت زیادہ رگڑنے سے بالوں کی کیوٹیکل کو نقصان پہنچتا ہے ۔ جس سے بال بے رونق اور روکھے ہوجاتے ہیں۔ تولیے کے بجائے کسی نرم کپڑے سے بالوں کو نرمی کے ساتھ صاف کریں۔

۴۔ برش کا استعمال:

کیا آپ بالوں کے لیے ہر طرح کا برش استعمال کرلیتے ہیں ؟ پلاسٹک یا میٹل کے برش سے بال زیادہ ٹوٹتے اور کمزور ہوجاتے ہیں ۔ بالوں کے لیے نرم برش استعمال کریں جو بالوں کو زیادہ نقصان نہ پہنچائیں اور بالوں کو چمکدار ، صحت مند ، مضبوط اور نرم بنائیں۔

۵۔ گیلے بالوں میں کنگھا کرنا:

گیلے بال مضبوط نہیں ہوتے ۔ گیلے بالوں میں برش کرنے سے بالوں میں کھنچاؤ پیدا ہوتا ہے اور بال ٹوٹتے ہیں ۔ بالوں کو بری طرح سلجھانے سے بال ٹوٹتے اور بال روکھے ہوجاتے ہیں۔

۶۔ خراب پونی بینڈ کا استعمال:

بعض خواتین اور لڑکیاں بالوں کو باندھنے کے لیے کسی بھی طرح کا بینڈ استعمال کرلیتی ہیں۔ آج کل بازاروں میں مختلف ربر بینڈز آرہے ہیں ان بینڈز کا استعمال بالوں کے لیے نقصان دہ ہے ۔ جس سے بال ٹوٹتے ہیں اور بالوں کے دو سرے ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پونی ٹیل کو بہت اونچا باندھنا یا روزانہ ایک ہی انداز میں باندھنا بالوں کے لیے صحیح نہیں اس لیے اس سے بچا جائے ۔

۷۔ گیلے بال باندھنا:

ہم میں سے اکثر یہ بات نہیں جانتے کہ گیلے یا آدھے گیلے آدھے سوکھے بالوں کو باندھنا بھی بالوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس طرح بالوں کے بہت مسائل سے ہوسکتے ہیں۔ اس میں بالوں کا اڑنا ، پتلا ہونا اور بعض اوقات گنج پن بھی ہوجاتا ہے ۔ اس کے علاوہ خشکی ، جوؤں اور جلد کے انفیکشن کا بھی باعث بن سکتا ہے۔

۸۔ گرمائی سے بچائیں:

گرمائی بالوں کے لیے بہت نقصان دہ ہے ۔ اگر آپ بالوں کو بلو ڈرائی ، اسٹریٹ اور کرل کرنے سے بعض نہیں رہ سکتے تو انہیں گرمائی سے بچانے کے لیے ہیٹ پروٹیکٹر استعمال کریں۔ اس کے علاوہ سیرم ہئیر آئل کا استعمال کریں تاکہ خشکی اور فنگل انفیکشن سے محفوظ رہیں۔

۹۔ گیلے بالوں پر آئرن کا استعمال:

گیلے بالوں پر آئرن کا استعمال بالوں کے لیے سخت نقصان دہ ہے ۔ اگر آپ گیلے بالوں کو اسٹریٹ یا کرل کرتے ہیں تو اس عادت کو فوری طور پر ترک کریں کیونکہ اس طرح کرنے سے فولیکل جل جاتے ہیں اور بال ٹوٹتے ہیں۔

۱۰۔ ہیئر اسپرے کا استعمال:

بالوں کو اسٹائل دیتے ہوئے بالوں میں ہلکی سی آواز آتی ہے ۔ اس کی وجہ ہئیر اسپرے ہے جو بالوں کو اسٹریٹ کرنے یا کرل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ اس میں موجود الکوحل آئرن کی وجہ سے جلتا ہے جو بالوں کو نقصان پہنچاتا ہے ۔ ہئیر اسپرے کا استعمال بالوں کا اسٹائل بنانے کے بعد کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...