اب کیچپ، جام اورچاکلیٹ ساس گھر پر بنائیں

1,422

آج کل کی مہنگائی نے سب کی کمر توڑ دی ہے ، جتنی بچت کیوں نہ کر لیں لیکن کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جنھیں خریدنا بھی ضروری ہوتا ہے مگر خرید کر جیب بھی خاصی ہلکی ہو جاتی ہے ۔ایسی چیزوں میں کیچپ ،فروٹ جیم اور بچوں کی من پسند چاکلیٹ سوس شامل ہیں ۔ لیکن اب یہ چیزیں آپ گھر میں با آسانی بنا سکتی ہیں ۔

بوتل کو اسٹیرلائز کرنے کا طریقہ

کیچپ ،سوس اور فروٹ جیم بنا کر رکھنے کے لئے ہمیشہ شیشے کے جار اوربوتلیں استعمال کریں ۔
بوتل اور ان کے ڈھکن کو اسٹیریلائز کرنے کے لئے انھیں ڈش سوپ سے اچھی طرح دھو لیں ۔اور پندرہ منٹ کے لئے گرم پانی میں ابال لیں ۔
خشک اور صاف کپڑے سے خشک کریں اور کچھ دیر کے لئے ہوا میں چھوڑیں اور اطمینان کر لیں کہ نمی نہ ہو ۔
گھر میں بنے اچار ،کیچپ ،چٹنی اور سوس میں کبھی بھی اسٹیل کا چمچہ اور گیلا یا چکنا چمچہ نہ ڈالیں ۔

ٹماٹو کیچپ

اجزاء

ٹماٹر ایک کلو
چینی آدھی پیالی
نمک ایک چمچ
کالی مرچ دس دانے
بڑی الائچی دو سے تین
لونگ اور دار چینی ایک ،ایک
پیازچھوٹی ایک عدد
لہسن دو جوئے
ادرک ایک انچ کا ٹکڑا
سرکہ آدھا کپ
لال مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
ابلا آلو آدھا
پانی دو سے تین گلاس
مسٹرڈ پاؤڈر آدھا چمچ
سونف ایک چوتھائی چمچ
لال کھانے کارنگ ایک چو تھائی چائے کا چمچ

ترکیب

ٹماٹر کو دھو کر کاٹ کر پانی میں ڈال کر ہلکی آنچ پر تین سے چار گھنٹے پکائیں تاکہ پانی خشک ہو جائے اور ٹماٹر کا گاڑھا گودا بن سکے ۔
کالی مرچ ، دارچینی ،لونگ ،سونف اور بڑی الائچی کو ایک ململ کے کپڑے میں ڈال کر پوٹلی بنا لیں ۔
اب ایک سوس پین میں ٹماٹر کا گودا ،گرم مصالحے کی پوٹلی ، اور تمام اجزاء ڈال کر آدھے گھنٹے تک ہلکی آنچ پر پکائیں ۔
اب اس آمیزے میں سے( پوٹلی ،پیاز ،لہسن ادرک کا ٹکڑا اور نکال لیں ) اور رہے جانے والے آمیزے کو پیس کر باریک چھنی سے چھان لیں اور ٹھنڈا کر لیں ۔ کیچپ تیار ہے ۔
آدھا کیچپ اسٹیریلائز بوتل میں ڈال دیں اورمزے سے استعمال کریں ۔
آدھے کیچپ میں کٹی لال مرچ ،لہسن پاؤڈر اور دو چمچے سرکہ ملا دیں ،چلی گارلک سوس تیار ہو جائے گی ۔

اسٹرابیری جام

اجزاء

اسٹرابیری دو کپ
چینی ایک کپ
لیموں کا عرق تین بڑے چمچ

ترکیب

اسٹرابیری کو دھو کر سکھا لیں( نمی نہ رہے ) اور چھوٹے ٹکڑے کر کے اس پر چینی ڈال کر رات بھر کے لئے فریج میں رکھ دیں ۔
دوسرے دن اسٹرابیری کو سوس پین میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں یہاں تک کہ اسٹرابیری کے ٹکڑے حل ہو جائیں اورآمیزہ اتنا گاڑھا ہو جائے جتنا ایک تار کا شیرہ ہوتا ہے
اب اس مکسچر میں لیموں کا رس ڈال دیں اور ٹھنڈا کر کے اسٹیریلائز بوتل میں ڈال کر فریج میں رکھ لیں

چاکلیٹ ساس

اجزاء

کوکو پاؤڈر آدھا کپ
میدہ ڈیڑھ کھانے کا چمچ
پسی چینی تین چوتھائی کپ
دودھ ڈیڑھ کپ
مکھن دو چائے کے چمچ
ونیلا ایسنس آدھا چائے کا چمچ
نمک ایک چٹکی
ڈارک چاکلیٹ آدھا کپ

ترکیب

کوکو پاؤڈر ،میدہ اورچینی کو چھان لیں ،سوس پین میں دودھ کو ابال کر ا آنچ ہلکی کر دیں اور اس میں مکھن ،ونیلا ایسنس اور کدو کش ڈارک چاکلیٹ ڈال کر حل کر لیں ۔
اب دودھ کے مکسچر میں ڈرائی مکسچر (میدہ ،چینی اور کوکو پاؤڈر )آہستہ آہستہ ڈالیں اور چمچہ مسلسل چلاتی رہیں اور آنچ آہستہ کر کر ۵ سے ۶ منٹ تک پکایں ( میدہ کا کچا پن دور ہو جائے )اور سوس گاڑھی ہو جائے ۔
آخر میں چٹکی نمک ڈال دیں اور ٹھنڈا کر کے اسٹیریلائز بوتل میں بھرکر فریج میں رکھ لیں ۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...