
بالوں میں باقاعدگی سے تیل لگانے کے فوائد
بال کسی بھی شخصیت کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کچھ چیزیں قدرتی ہی اچھی لگتی ہیں اور بال اگر ایک بار خراب ہوجائیں تو پھر انہیں پہلی جیسی حالت میں واپس لانا مشکل ہو جاتا ہے ۔موجودہ دور میں روزمرہ کے مصروف شیڈول اور ماحولیاتی آلودگی کے باعث بالوں کی صحت خراب سے خراب تر ہوتی چلی جاتی ہے۔ کیونکہ بال سراسر نظر انداز ہوجاتے ہیں ۔بس شیمپو اور زیادہ سے زیادہ کنڈیشنر یاد رہ جاتاہے ۔لیکن بالوں کی دیکھ بھال بہت اہم ہے اور اسکا ہمیں اس وقت احساس ہوتاہے جب سرمیں بالوں کی تعداد کم سے کم اور بالوں کے دیگر مسائل آشکار ہونے لگتے ہیں۔
بالوں میں تیل ڈالنا ہم سب کے لئے کچھ نیانہیں ہے۔بچپن میں ماں کے ہاتھوں سے لگایاہوا تیل کوئی نہیں بھول سکتا ۔ لیکن یہ ضرور ہے کہ ہم لوگ اب بالوں میں تیل ڈالنے کی اہمیت کو نظرا نداز کرتے جارہے ہیں۔باقاعدگی سے بالوں میں تیل لگانے سے بالوں کے مختلف مسائل کا سب سے زیادہ موثر علاج کیاجاسکتاہے۔اسکیلپ کا اپنا طریقہ کار ہے یعنی بالوں کو قدرتی آئل مہیاکرکے بالوں کو غذافراہم کرنااور انکی افزائش کرنا۔لیکن اسکیلپ پر بہت سارے پورز ہیں جن میں آئل جذب ہوجاتاہے۔اور وہ بلاک ہوجاتے ہیں۔مساج کے لئے نیم گرم آئل کا استعمال مفید ہے۔کیسٹر آئل،زیتون کا تیل ،سرسوں کاتیل ،بادام کا تیل اور سب سے مشہور ناریل کا تیل بالوں کو ضروری عناصر کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بالوں کی بہتر افزائش کرتے ہیں۔اسکے علاوہ موروکن ارگن آئل،ٹی ٹری اور جوجوباآئل یہ تمام تیل وٹامن ای کی خصوصیات سے بھرپور ہیں اور اسکیلپ کی پی ایچ سطح میں توازن رکھتے ہیں۔
ذیل میں بالوں میں تیل لگانے کے فوائد درج ہیں جو آپکے بالوں کو درپیش مسائل کا آسان حل مہیا کرسکتے ہیں۔
۱۔نرم وملائم ،چمکداربال
نرم وملائم چمکدار بال ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے۔اگر بال چمکدار ہوں تو شخصیت اور بھی پرکشش ہوجاتی ہے۔بال صحت مند اور چمکدار ہونا حفظان صحت اور غذائیت سے بھرپور ہونے کی علامت ہیں۔اس سلسلے میں آپ دہی ،انڈے کی زردی اور ایلوویرا کا استعمال کرسکتے ہیں ۔اگر دوچمچ ایلوویرا جیل اور دوچمچ ناریل کے تیل کو آپس میں ملاکربیس منٹ لگائیں اور بال دھو لیں تو آپ اپنے بالوں میں نمایا ں فرق محسوس کریں گے۔اسی طرح آپ انڈ ے کی زردی کو سرسوں کے تیل میں ملاکر بھی لگاسکتے ہیں۔
۲۔لمبے بال
بال بڑھنے کے لئے غذاکی ضرورت ہوتی ہے۔بالوں کو روزمرہ کی بنیاد پر وٹامن اور دیگر اہم اجزاء کی فیڈ کی ضرورت ہوتی ہے۔ بالوں میں تیل لگانے سے دوسرے کیمیکل مثال کے طورپر شیمپو وغیرہ سے پہنچنے والے نقصانا ت سے بچاجاسکتاہے۔تیل ایک ایسا ایجنٹ ہے جو بالوں کو غذائیت فراہم کرتاہے۔تیل کے مساج سے پورز کھل کر آئل کو بہتر طریقے سے جذب کرتے ہیں۔خون کی گرد ش کو فروغ دے کر آپکو طمانیت کا احساس دیتاہے۔باقاعدگی سے تیل لگانے سے جڑیں مضبوط اور بال لمبے اور صحت مند ہوتے ہیں۔
۳۔بالوں کے پروٹین کی حفاظت
بال صرف پروٹین ہیں۔اور اسکی جڑیں جلدی خلیات کے نیچے ہیں۔باقاعدہ آئلنگ کے زریعے انھیں غذائیت پہنچائی جاسکتی ہے۔اگر بال بھربھرے ہوکرکمزور ہوجائیں اور آسانی سے ٹوٹنے لگیں تو اسکی وجہ پروٹین کی کمی ہے۔کیسٹر،زیتو ن اور بادام کے تیل کی مددسے پروٹین کی طاقت دوبارہ بحال کرنے میں مدد ملتی ہے۔تیل کی مددسے بالوں کو بے جان،روکھا،دومنہ کا اور گرنے سے بچایاجاسکتاہے۔اسپلٹ اینڈز بالوں کا اہم مسئلہ ہے جو پروٹین کی کمی کا نتیجہ ہے اور باقاعدگی سے آئلنگ اسکا آسان حل ہے۔
۴۔بیکٹیریل انفیکشن سے بچاؤ
اسکیکپ پر موجود پورز کے بند ہونے سے مختلف مسائل پیداہوجاتے ہیں۔اس سے بیکٹیریایا فنگس کا مسئلہ درپیش آسکتاہے۔اور یہی بیکٹیریابالوں میں جوؤں اور خشکی کا سبب بنتے ہیں۔ بالوں کے گرنے اور خراب ہونے کی بڑی وجہ بھی بیکٹیریاہی ہیں۔اسکیلپ پر ہر وقت بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں ۔لیکن خارش اور سرخی نقصان دہ بیکٹیریا کے ہونے کی علامت ہے۔اگر آپ تیل میں تھوڑا ساشہد ملاکرلگائیں تو یہ آپکو اینٹی بیکٹیریل علاج کی خصوصیات فراہم کرے گا۔اسکے ساتھ ساتھ اسکیلپ کو صحت مند اور ہائیڈریٹ رکھنے والے ضروری عناصر بھی فراہم کرتاہے۔
۵۔خشکی سے روک تھام
خشکی بالوں کی خرابی اور گرنے کی اہم وجہ ہے۔خشکی مردہ خلیات ہوتے ہیں جو اگر آپکے لباس پر آجائیں تو آپکوشرمندگی اٹھانی پڑتی ہے۔خشکی کے باعث ہونے والی جلن اورخارش بالوں کے حجم کو خراب کرنے کاسبب بنتی ہے۔اسکیلپ خشک ہونے کے باعث خشکی کا شکار ہوتی ہے۔تیل کی مناسب مقدار کے مساج سے اس مسئلہ سے نجات پائی جاسکتی ہے۔اسکیلپ کے مردہ خلیات میں موجود غدود تیل کی پیداوارکم یا بند کردیتے ہیں جسکے باعث خشکی ہوتی ہے۔تیل کے ذریعے ان غدود کو غذائیت مہیاکی جاسکتی ہے۔
۶۔قبل از وقت سفیدی سے بچاؤ
باقاعدگی سے آئلنگ اور مساج بالوں کا رنگ برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔اسکیلپ میں موجود میلانوسائٹس کی اعلیٰ مقدار بالوں کو گہرا رنگ دیتی ہے۔اور اسکی کمی کے باعث بالوں میں سفیدی آتی ہے۔آئلنگ سے آپ اپنے بالوں کو نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ الٹراوائیلٹ شعاعوں سے تحفظ بالوں کے رنگ کو خراب ہونے سے بچاتاہے۔تاہم بالوں کی سفیدی کی جینیاتی وجوہات اور کھانے میں پروٹین اور وٹامن کی کمی بھی ہوسکتی ہیں۔
۷۔ذہنی اور جسمانی سکون
نیم گرم تیل کے مساج سے سر میں خون کے بہاؤ کو فروغ اور دماغ کو سکون ملتاہے۔ہمارا دماغ ہماری تمام سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کا اہم مرکز ہے۔آئلنگ کی مدد سے دماغ کی رگوں اور اعصاب کو سکون پہنچتاہے۔سر میں باقاعدگی سے سرسوں کے تیل کے مساج سے آنکھوں کی روشنی میں بھی اضافہ ہوتاہے۔اگر آئلنگ کے بعد گرم تولیہ بیس منٹ کے لئے لپیٹ لیاجائے تو اس سے تیل جڑوں میں اچھی طرح جذب ہوجاتاہے۔روزانہ آئلنگ سے آپکی روزمرہ کارکردگی اور بالوں کی صحت میں ایسا اضافہ ہوگاکہ آپ اسے اپنی عادت بنالیں گے۔