
زچگی کے بعد خواتین کے لیے مفید مشورے
ماں بننا ہر عورت کیلئے بہت بڑا اعزاز اورہر عورت کا ارمان ہوتاہے ۔بچے کی پیدائش کے بعد جوں جوں ایک ماں کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوتاجاتاہے ۔ویسے ہی ماں کی توجہ خود پر سے ہٹتی چلی جاتی ہے۔کچھ وقت تو اسے احساس نہیں ہوتا لیکن وقت گزرنے کے بعد جب اسے احساس ہونے لگتاہے تو اس وقت بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔
زچگی کے بعد بعض خواتین خود سے غافل ہوجاتی ہیں جو بہت غلط بات ہے۔اگر ماں صحت مند ہوگی تو آپکا بچہ خود بخود صحت مند ہوگا۔ماں کی اچھی صحت ہی بچے کی اچھی صحت کی ضامن ہوتی ہے۔
عموماً خواتین زچگی کے بعد وزن کے بڑھنے،جسم میں مختلف جگہوں پردرد اور بڑھے ہوئے پیٹ سے پریشان نظر آتی ہیں۔جب کہ ڈلیوری سے پہلے وہ بالکل نارمل ہوتی تھیں زچگی کے دوران ایک حد تک وزن کابڑھنا نارمل بات ہے۔لیکن ضرورت سے زیادہ وزن میں اضافہ ٹھیک نہیں ہے۔ زچگی کے دوران بھی زیادہ کیلوریز والی غذائیں لینے کے بجائے غذائیت سے بھرپور خوراک، ہلکی پھلکی ورزش اور فعال رہنا چاہئے۔اورڈلیوری کے بعد چالیس دن بستر پر لیٹنے کے بجائے اپنے باڈی شیپ کو واپس لانے اور فٹ رہنے کے لئے تھوڑی محنت کرنی چاہئے ۔تاکہ آپ اپنے بچے کی بہتر پرورش کرسکیں اور بچے کی پیدائش کے بعد بھی اپنی آگے آنے والی زندگی کو بھرپور انداز سے انجوائے کرسکیں۔
ذیل میں ڈلیوری کے بعد فٹ اور صحت مند رہنے کے لئے چند طریقہ کار درج ذیل ہیں جن سے آپ مستفید ہوسکتی ہیں:
۱۔بیلٹ کا استعمال کریں اور اگر ڈلیوری آپریشن کے ذریعے ہوئی ہو تو ململ کے کپڑے کا بیلٹ بھی باندھ سکتے ہیں۔
۲۔چالیس دن تک گرم پانی سے شاور لیں اورنہانے کے پانی میں اجوائن اور ٹیسو کے پھول کی پوٹلی بنا کر ڈالیں۔اس سے آپکے جسم میں ہونے والا درد بھی دور ہوجائے گا۔اگر آپریشن بھی ہواہوتو آپ آرام سے نہائیں کیونکہ آپریشن میں آنے والے ٹانکوں کی صفائی بے حد ضروری ہے ورنہ انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتاہے۔
۳۔ڈلیوری کے فوراً تقریباً ایک ہفتہ تک چاول اور دہی کا استعمال نہ کریں۔مرغن اور مرچ مصالحوں والی غذاؤں سے بھی پرہیز کریں۔
۴۔ آپ ہلدی والا دودھ ضرورپیئیں۔اور اپنے بچے کو اپنا دودھ پلائیں اس سے نہ صرف آپ بلکہ آپکا بچہ بھی صحت مند رہے گا۔
۵۔ڈلیوری کے بعد میگنیشیم اور ذنک ضروری ہے۔ یہ دونوں اجزاء آپکی صحت اور باڈی شیپ کو ری گین کرنے میں مدد کریں گے ۔اسکی آپ الگ الگ ٹیبلیٹ بھی لے سکتی ہیںیا اپنی ڈاکٹر سے لکھواسکتی ہیں۔
۶۔لٹکے ہوئے پیٹ سے نجات کے لئے ایک ٹکڑا دار چینی،ایک چمچ جو(رات بھر بھگاکر)،آدھا چائے کا چمچ کالا زیرہ،ایک سے آدھا چمچ اجوائن، کلونجی ایک چٹکی، سویا سوا گڈی، عناب سات دانے،اصغن تین سے چار ڈنڈیاں ۔ان تمام اجزاء کو پیس کر پانچ سے چھ گلاس پانی میں اچھی طرح پکالیں ۔نیم گرم اس پانی کو پیئیں، چھانیں نہیں۔ پورا دن میں تقریباً چار گلاس پانی پیئیں۔اس سے آپکا پیٹ صاف اور میٹابولزم فاسٹ ہوگا۔
۷۔فرج کا ٹھنڈا پانی پینے اور ٹھنڈے پانی سے نہانے سے گریز کریں۔
۸۔باڈی مساج کروائیں۔اپنی ذاتی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
۹۔اگر نارمل ڈلیوری ہوتو تھوڑے دن کے بعد ہلکی پھلکی ورزش شروع کردیں ۔اپنے اور بچے کے چھوٹے موٹے کاموں میں دلچسپی لیں۔
۱۰۔آپریشن سے ڈلیوری ہونے کے بعد بھی آپ ہلکی پھلکی ورزش یا کم از کم آپ والک تو کرہی سکتی ہیں۔یہ آپکی صحت کے لئے مفید ثابت ہوگا۔