10غذاؤں سے کمر درد کا علاج

7,351

روزمرّہ کی بھاگتی دوڑتی زندگی میں ہم اپنی صحت کے متعلق بہت ساری باتوں کو نظر انداز کردیتے ہیں جو کہ یقیناً غلط ہے، کسی بھی فرد کو اپنی صحت کے حوالے سے کسی طور پر غافل نہیں رہنا چاہیے۔اکثر خوا تین دن بھر گھر کے کاموں میں مصروف رہنے کے باعث کئی قسم کے عوارض کا شکار ہوجاتی ہیں اور انہیں جسم کے کئی حصوں میں مستقل درد کی شکایت بھی رہنے لگتی ہے ۔ان میں کندھوں اور پٹھوں میں درد کی شکایت کے ساتھ ساتھ سر اور کمر کے درد کی شکایت ہونا عام ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جو خواتین یا مرد حضرات اپنے دن کا زیادہ تر حصہ کھڑے رہنے والے کاموں میں گزارتے ہیں، ان میں کمر کے درد کی شکایت عام ہونے لگتی ہے، اس کے علاوہ غیر آرام دہ میٹریس یا گدوں پر بھی سونے سے کمر درد کی شکایت ہونے لگتی ہے۔

ایسی خواتین اور مرد جو اپنی مصروفیات کے باعث کمر درد کے لئے ڈاکٹر سے رجوع نہیں کرپاتے یا وہ مستقل بنیادوں پر علاج نہیں کراسکتے ان کے لئے کمر درد سے نجات پانے کے لئے چند گھریلو اور آزمودہ تراکیب پیش کی جارہی ہیں جن پر مستقل مزاجی سے عمل کرکے آپ اپنے دائمی کمر درد سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

1۔ادرک

ادرک میں وہ تمام غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو ہر طرح سے انسانی صحت کے لئے مفید اور کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔کمر کے جس حصہ میں آپ کو درد کی مستقل شکایت ہو وہاں ادرک کا پیسٹ (ادرک کو اس کے پانی کے ساتھ باریک پیس لیں) اور یوکلپٹس کے تیل کے ساتھ ملاکر اچھی طرح لگائیں تاکہ یہ جذب ہوجائے۔ اس پیسٹ کو روزانہ لگاکر اچھی طرح مساج کریں ۔اس سے کمر کے درد میں ضرور افاقہ ہوگا۔ اس کے علاوہ ادرک کے چند ٹکڑوں کو باریک کاٹ کر دس سے پندرہ منٹ تک اُبال لیں اور پھر بغیر فریج کے ٹھنڈا کرلیں پھر اس میں ایک کھانے کا چمچہ شہد شامل کرکے پی لیں ۔آپ ادرک والی چائے کو دن میں دو سے تین مرتبہ پئیں اور چند دنوں بعد ہی آپ اپنی کمر درد میں بہتری محسوس کرنے لگے گے۔ ادرک والی چائے کے علاوہ آپ ہر بل چائے بھی بناسکتے ہیں ۔اس کے لئے ایک کپ پانی میں آدھا چائے کا چمچہ ثابت کالی مرچ، آدھا چائے کا چمچہ لونگ اور ایک چائے کا چمچہ ادرک کا پاؤڈر شامل کرکے اُبال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر پی لیں، اس سے نہ صرف کمر درد میں بہتری ہوگی بلکہ یہ ہربل ٹی آپ کے نظام ہاضمہ کو درست انداز میں کام کرنے میں بھی مدد دے گی۔

2۔تلسی کے پتے

تلسی کے پتوں کا استعمال بھی آپ کو کمر درد سے نجات دے سکتا ہے۔ ایک کپ پانی میں آٹھ سے دس تلسی کے پتے شامل کرکے اتنی دیر تک ابالیں کہ پانی آدھا کپ رہ جائے ۔اس پانی کو کمرے کے درجہ حرارت میں ہی ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ جب ٹھنڈا ہوجائے تو اس میں ایک چٹکی نمک شامل کردیں ۔اگر کمر کا درد ہلکا اور کم ہے تو اس پانی کو دن میں ایک بار لیکن اگر درد کی شدت زیادہ ہے تو اسے دن میں دو بار استعمال کریں۔ نمک ملا تلسی کے پتوں کا پانی پینے سے کمر کے درد میں فوری طور پر کمی واقع ہونے لگتی ہے۔

3۔خشخاش

خشخاش کے پیج کمر کے درد میں آرام لانے کے لئے حیرت انگیز کام کرتے ہیں، اسے آپ جادوئی طریقہ علاج بھی کہہ سکتے ہیں اس کے لئے سو گرام خشخاش اور مصری کو ملاکر گرائنڈر میں اچھی طرح پیس لیں خشخاش اور مصری کا پاؤڈر دو چائے کا چمچہ روزانہ ایک گلاس دودھ کے ساتھ پی لیں۔

4۔جڑی بوٹی کا تیل

ہر بل تیل کے ساتھ کمر کے متاثرہ حصہ کا مساج کرنے سے نہ صرف آپ کے مسلز کو سکون پہنچتا ہے بلکہ درد کی شدت میں بھی کمی واقع ہونے لگتی ہے۔ اس ضمن میں آپ کوئی بھی ہربل آئل کا استعمال کرسکتے ہیں جیسے کہ یوکلپٹس بادام، ناریل یا پھر اولیو آئل وغیرہ۔ آپ مساج کے لئے جو بھی ہربل تیل استعمال کررہے ہیں۔ اسے پہلے ہلکا گرم کرلیں اور پھر متاثرہ حصہ پر مساج کریں۔

5۔لہسن

لہسن میں بھی قدرتی طور پر وہ تاثیر پائی جاتی ہے جو کمر کے درد سے نجات دیتی ہے، اسے استعمال کرنے کا طریقہ بھی انتہائی سادہ ہے ۔روزانہ صبح نہار منہ دو سے تین لہسن کے جوے کھالیں، اس کے علاوہ آپ لہسن کے تیل سے متاثرہ جگہ پر مساج بھی کرسکتے ہیں۔ لہسن کا تیل بنانے کے لئے ناریل، مسٹرڈ اور تل کا تیل کو ہلکی آنچ پر گرم کریں۔ پھر اس میں آٹھ سے دس لہسن کے جوے شامل کردیں ۔اس وقت فرائی کریں جب تک لہسن براؤن نہ ہوجائے پھر اس تیل کو نتھار لیں اور روم ٹمپریچر میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں، اب اس تیل سے کمر کے جس حصہ میں درد ہورہا ہے بہت اچھی طرح سے مساج کریں اور کچھ وقت کے لئے چھوڑدیں اس کے بعد ہلکے نیم گرم پانی سے غسل کرلیں۔

6۔گندم

گندم میں قدرتی طور پر ایسے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جس سے ہر قسم کے درد کی شدت میں کمی آتی ہے ۔مٹھی بھر گندم کو رات بھر پانی میں بھگور کر رکھ دیں، اگلے دن صبح اس پانی میں ہرا دھنیا، کس کس گھاس اور ایک کپ دودھ شامل کرکے چند منٹ کے لئے ابال لیں یا اس وقت تک ابالیں جب تک وہ گاڑھا نہ ہوجائے۔ اس مکسچر کو دن میں دوبار پی لیں۔ گندم کا یہ مکسچر نہ صرف کمر کے درد میں شفا دیتا ہے بلکہ ہر قسم کے جوڑوں کے درد کے لئے بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

7۔برف

کولڈ کمپریسر جو کہ برف سے بنے ہوئے ہوتے ہیں، ہر قسم کے درد میں آرام پہنچانے میں مدد کرتے ہیں۔ درد کے ساتھ ساتھ جسم کے کسی حصہ پر ہونے والی سوجن کو ختم کرنے کے لئے بھی برف کا مساج کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کے پاس آئس کیوبز نہ ہوں تب آپ فروزن کی ہوئی سبزیوں کے بیگز سے بھی مساج کرسکتے ہیں، برف کے چند ٹکڑوں کو ایک پلاسٹک بیگ میں باندھ لیں اب اس پلاسٹک بیگ کو ایک چھوٹے تولیے میں لپیٹ دیں متاثرہ حصہ پر دس سے پندرہ منٹ تک مساج کریں۔دن میں ایک بار یہ عمل کرنے کے ایک یا ڈیڑھ گھنٹہ کے وقفہ کے بعد دوبارہ مساج کرسکتے ہیں۔ آپ برف مساج کے بجائے گرم کمپریسر بھی درد کو ختم کرنے کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔

8۔اپسم نمک

اپسم نمک میں وہ صلاحیت قدرتی طور پر موجود ہوتی ہے جس سے درد کے ساتھ ساتھ سوجن میں بھی افاقہ پہنچتا ہے۔ اپسم سالٹ کو قابلِ برداشت گرم پانی میں اچھی طرح سے حل کرکے اس کا گاڑھا پیسٹ بنالیں اب ایک تولیہ کو اس میں بھگوکر کمر کے جس حصہ میں درد ہو رہا ہے۔ اس گرم تولیہ کو اس جگہ پر رکھیں، آپ اپسم سالٹ کو نہانے کے پانی میں مکس کرکے اس سے غسل بھی کرسکتے ہیں۔یہ نمک ملا پانی نہ صرف درد میں آرام دے گا بلکہ آپ کو ذہنی طور پر سکون بھی رکھے گا۔

9۔دودھ

دودھ میں کیلشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جس سے نہ صرف آپ کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں بلکہ یہ آپ کے پٹھوں اور مسلز کو بھی مضبوطی اور طاقت عطا کرتا ہے۔دودھ کا ایک گلاس اپنی روزمرّہ کی زندگی کا لازمی حصہ بنالیں نیم گرم ایک گلاس دودھ میں ایک چائے کا چمچہ شہد شامل کرکے پی لیں۔کیلشیم کی مطلوبہ مقدار جسم کو ملنے کے بعد کمر کے درد میں افاقہ ملتا ہے۔

10۔ کیمومائل چائے

اس چائے کا ایک گرم کپ پٹھوں اور کمر کے درد میں فائدہ دیتا ہے ایک ٹیبل اسپون کیمومیل پھول دو کپ کھولتے ہوئے پانی میں ڈالیں اور کچھ دیر کے لئے رکھ دیں اس چائے کو درد کی شدت کم کرنے کے لئے ایک سے تین کپ روزانہ استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...