
سفید زیرہ کے استعمال کے منفرد طریقے
مصالحے کسی بھی قسم کے کھانے میں لذت، ذائقہ اور اشتہا پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ خاص طور پر مشرقی کھانے ان کے بغیر ادھورے تصور کیئے جاتے ہیں۔ میتھی دانہ، رائی، کلونجی، اجوائن، کالی مرچ، دارچینی، خشخاش، اور ایسے ہی کئی مصالحے دیکھنے میں انتہائی چھوٹے اور مختصر نظر آتے ہیں،ان میں پائی جانے والی افادیت ان مصالحوں کے حجم سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔ ان مصالحوں میں پائے جانے والے غذائی اجزاء صحت کے حوالے سے ہر طرح سے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان کے مسلسل استعمال سے نہ صرف کئی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے بلکہ کسی بھی لاحق بیماری کا تدارک بھی کرنا ممکن ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ ان مصالحوں کے مسلسل استعمال سے چہرہ کی جلد، بال، ناخن وغیرہ بھی صحت مند رہتے ہیں ۔ہر مصالحہ اپنی انفرادی حیثیت میں مکمل ہوتاہے۔ ان مصالحوں میں زیرہ سب سے اہم مصالحہ تصور کیا جاتا ہے جو کم و بیش ہر کھانے یا کھانے میں بگھار کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ زیرہ کو Cumin بھی کہا جاتا ہے۔ زیرے میں بھی بے شمار غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ صحت کے اعتبار سے ہر طرح سے مفید ہیں۔
یہ عام طور پر خشک حالت میں دستیاب ہوتا ہے۔ زیرہ قدرتی طور پر تین رنگوں میں پایا جاتا ہے؛ سفید، کالااور سنہری امبر ۔ان میں سے امبربیج سب سے زیادہ عام ہے۔ کالا زیرہ، سفیدزیرے سے مختلف ہوتا ہے ، البتہ دونوں میں کچھ حد تک یکسانیت پائی جاتی ہے۔ کالا زیرے کو نارتھ انڈیا میں کلونجی اور بنگال میں کالاؤزیرہ کہا جاتا ہے۔ یہ تیکھا، طاقت ور، تیز اور ذرا بہتر ذائقہ (Taste) کا ہوتا ہے۔ اس کی ساخت یا بناوٹ انتہائی باریک ہوتی ہے۔ زیرہ جہاں کھانے پکانے کے لیے بہ کثرت استعمال کیا جاتا ہے وہاں اس کے دیگر فوائد بھی بے شمار ہیں۔ یہ خوشبودار مصالحہ میڈیکیٹڈ صلاحیتوں سے بھی مالا مال ہے۔ زیرے سے کئی فوائد کھانے کے ساتھ ساتھ بیرونی طور پر بھی ملتے ہیں۔
زیرے کے فوائد
زیرہ میں کیونکہ آئرن کی اچھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے ۔اس لیے یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا، مدافعتی نظام کی قوت بڑھاتا اور اینٹی ریڈیشن کے لیے کام انجام دیتا ہے۔ سفید زیرہ میں آئرن، کاپر، کیلشیم، پوٹاشیئم، میگنیشئم، زنک، سیلینئیم اور مینگنیز پائے جاتے ہیں۔ کاپر خون میں سرخ خلیات بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں بی کامپلیکس کی بھی اچھی مقدار پائی جاتی ہے جیسے کہ تھا یا من، وٹامن B6، نایاسن اور دوسرے اینٹی آکسیڈنٹ وٹامنز جیسے وٹامن E.،A،.C بھی موجود ہوتے ہیں۔ جبکہ کالا زیرے میں 100 قسم کے کمیکل کمپاؤنڈ پائے جاتے ہیں جن میں وٹامنز، پروٹینز، کاربو ہائی ڈریٹ، منرلز اور فیٹی ایسڈ شامل ہیں۔
*زیرہ میں کیونکہ وٹامن E بھی پایا جاتا ہے اس سے جلد کی ہر قسم کی بیماری سے نجات حاصل ہوتی ہے۔ زیرہ کے استعمال سے انفیکشن اور فنگل سے بھی نجات ملتی ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ چہرے پر ہونے والی کسی بھی قسم کی ایکنی، ایگزیما اور دھبوں سے نجات بھی ملتی ہے۔ زیرے میں چونکہ فائبر بھی موجود ہوتا ہے جس سے جلد کی صفائی ممکن ہوتی ہے۔
*چہرے پر پڑنے والی جھریوں اور لائنوں کا خاتمہ بھی زیرے کے استعمال سے کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں وٹامن ای پایا جاتا ہے جو صحت مند جلد کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ زیرے میں کیونکہ اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی بیکٹیریل صلاحیت پائی جاتی ہے جس سے جلد خوبصورت فریش اور جوان نظر آتی ہے۔
*جسم پر ہونے والی کسی بھی قسم کی الرجی یا خارش کی صورت میں زیرے کو پانی میں ملاکر اُبال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس پانی سے غسل کریں۔
*ہتھیلیوں اور پاؤں کے تلوے میں ہونے والی جلن کے خاتمے کے لیے ایک ٹی اسپون زیرہ چار لیٹر پانی میں اُبال لیں اور ٹھنڈا کرکے پئیں۔ کھانے کے بعد اگر آپ کو بہت زیادہ پیاس محسوس ہورہی ہے تب بھی زیرے ملے پانی کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
*چہرے کی جلد کوچمکدار اور خوبصورت بنانے کے لیے زیرے کا فیس پیک بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ہلدی ایک چمچہ اور زیرہ پاؤڈر تین چمچے لے کر شہد اور پانی کے ساتھ ملاکر پیسٹ بنالیں اور خشک ہونے تک چہرے پر اپلائی کریں اور پھر دھولیں۔ اس ماسک سے آپ کی اسکن ہموار اور چمکدار ہوجائے گی۔ اگر آپ کو چہرے پر سن برن اور ایکنی کی شکایت ہے تو اس کے لیے خالص دہی کو زیرہ پاؤڈر میں مکس کرکے چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے کے بعد دھولیں اور دھونے کے بعد چہرے پر موئسچرائزر کا استعمال کریں۔
*بالوں کی نشونما اور نگہداشت کے لیے پروٹین، چکنائی ، پانی اور کاربو ہائی ڈریٹ انتہائی ضروری تصور کیئے جاتے ہیں سیاہ زیرہ میں سو سے زیادہ نیوٹرینٹ اور پروٹینز پائے جاتے ہیں اس لیے کالے زیرہ کا پاؤڈر کسی بھی بہترین تیل کے ساتھ ملاکر بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور اچھی طرح مساج کریں۔ اس کے علاوہ اس کا استعمال اپنے کھانوں میں مستقل رکھیں۔
*اگر آپ کے بال تیزی سے گر رہے ہیں اور پتلے یا باریک ہورہے ہیں تو ایسی صورت میں سیاہ زیرہ پاؤڈر اور اولیو آئل کو ہم وزن ملاکر بالوں میں لگائیں یہ تیل غسل کرنے کے بعد لگایا جانا چاہیئے۔ ہفتہ میں تین بار اس تیل کا استعمال بہت جلد آپ کے بالوں کا گرنا روک دے گا ۔
*لمبے، گھنے اور چمکدار بال یقیناًہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے۔ اس کے لیے کالا زیرہ 1.5 ٹیبل اسپون کو 4/3 کپ پانی میں دس منٹ تک اُبال لیں ٹھنڈا ہونے پر اسے چھان لیں اب اس پانی میں انڈے کی زردی کو اچھی طرح سے مکس کرلیں اگر آپ چاہیں تو اس میں اولیو آئل بھی شامل کرسکتی ہیں۔ اس مکسچر سے بالوں میں مساج کریں اور آدھے سے ایک گھنٹہ تک بالوں میں لگا رہنے دیں۔ پھر دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے آپ یہ عمل ہر ہفتہ کرسکتی ہیں۔
*ذیابیطس کے مریضوں کے لیے زیرہ کا استعمال انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس سے شوگر لیول لو رکھنے میں مدد ملتی ہے یعنی یہ خون میں شوگر کے لیول کے معیار کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔*زیرہ میں کیونکہ آئرن بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جس سے انیمیا یعنی خون کی کمی کے شکار افراد کو مدد ملتی ہے۔ یہ خون میں ہیموگلوبن کی مقدار کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اور جسم میں آکسیجن کے خلیات کی عمر کو بڑھاتا ہے زیرہ کا استعمال ہر دو طرح سے انسانی صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔
*زیرہ کے استعمال سے نظام ہاضمہ درست افعال سر انجام دیتا ہے۔ اور پیٹ سے متعلق بیماریوں کو دور کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
*زیرہ انسانی جسم میں میٹابولزم سسٹم کو منظم کرتا ہے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
*زیرہ میں کیونکہ وٹامن سی کی بھی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جس سے کھانسی اور ٹھنڈک جیسے مسائل دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس کے علاوہ گردوں کی بیماری میں مبتلا افراد زیرہ کا استعمال کریں تو بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔
*زیرہ میں سینے کا سرطان اور کولن جیسی بیماریوں کے خلاف لڑنے کی طاقت پائی جاتی ہے۔
*اس کے علاوہ استھما، اور انیمیا جیسی بیماریوں کو بھی زیرہ کے مسلسل استعمال سے دور کیا جاسکتا ہے۔