Facebook Pixel

کم خرچ بالا نشین ٹوٹکے

0 2,208

آج کے مہنگائی کے دور میں گھر چلانا کوئی بچوں کا کھیل نہیں ۔ ہر چیز ہاتھ روک کر خرچ کرنی پڑتی ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو جائے کہ گھر کا سودا مہینہ ختم ہونے سے پہلے ہی نمٹ جائے ۔ سلیقہ شعار عورتیں لگی بندھی آمدنی میں گھر چلانے کے لیے کئی نسخے اور ٹوٹکے اپناتی ہیں جو کم خرچ بھی ہوتے ہیں اور سود مند بھی۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ایسی ہی سلیقہ شعار خواتین کے گھر وں سے چرائے چندآزمودو ٹوٹکوں پر:

کیلے تازہ رکھیں

کیلوں کو موٹے کاغذ کی تھیلی یا موٹے کاغذ کے لفافے(جو آٹے ،چاول وغیرہ میں استعمال ہوتے ہیں )میں لپیٹ کر فریج میں رکھنے سے کافی دنوں تک ٹھیک رہتے ہیں اور خراب نہیں ہوتے نہ ہی چھلکا کالا ہوتا ہے۔

ہرا دھنیا ہرا بھرا رکھیں

ہرے دھنیے کو اگر کاٹ کر سلور کے ڈھکن والے برتن میں ڈال کر فریج میں رکھیں تو دھنیا کافی دن تک تازہ رہتا ہے اور کافی عرصے تک استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

خالص لال مر چیں

گھر میں خالص لال مر چیں پیسنے کا ایک بہترین طریقہ ہے کہ جس سے مرچوں کو پیسنے سے کھانسی آئے گی نہ چھینکیں ۔۔۔خشک مرچیں دھوپ میں کچھ دیر رکھنے کے بعد جب انہیں گرائنڈ کرنے لگیں تو مرچیں ڈال کر تھوڑا سا کوکنگ آئل ڈال دیں ،اور پھر گرائنڈ کریں ۔اس طرح آپ گھر میں پسی ہوئی خالص مرچیں تیار کر سکتے ہیں ۔

چنے یا دال گلانا

بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ آپ چنے یا دال پکانے کے لئے رکھتی ہیں تو لاکھ کوشش کے باوجود نہیں گلتے ۔آپ ایسا کریں کہ آدھا کپ دودھ پکتے ہوئے سالن میں ڈال دیں ،پندرہ منٹ بعد آپ چیک کریں تو دال یا چنے گل چکے ہو ں گے اگر تھوڑی سی کسر رہ گئی ہو تو پانچ منٹ مزید دے سکتی ہیں۔

لیموں کو سال بھر رکھنا اب ہوا آسان

ایک کلو لیموں کا رس نکال لیں۔اور اس کو برف کی ٹرے میں جما دیں ،جمانے کا طریقہ آپ کی منشا پر منحصر ہے۔پھر جمے ہوئے رس کو ٹرے سے نکال کر کسی بھی باکس یا تھیلی میں بند کر کے فریزر میں رکھ لیں ،جب ضرورت ہو تو نکال لیں، بالکل تازہ لیموں کا جوس لگے گا ۔

بادام تازہ رکھیں

بادام کو چند سال تک بالکل تازہ رکھنے کے لئے تقریباًایک کھانے کا چمچ چینی اس برتن میں ڈال دیں ،جس میں بادام رکھے ہوئے ہیں ،بادام بالکل تازہ رہیں گے۔

پیروں کی بدبو دور کریں
ایک عددگول بینگن کو چار حصوں میں برابر تقسیم کرکے ایک دیگچی میں سیر بھر پانی میں ابال لیں۔جب پانی نیم گرم رہ جائے تو اس سے دونوں پیر دھو لیں ،ایک دفعہ عمل کرنے سے ایک سال تک پیروں سے بدبو نہیں آئے گی ۔اگر اس عمل کو ایک ہفتہ پابندی سے سے کریں تو پیروں کی بو سے ہمیشہ کے لئے نجات مل جائے گی ۔

برتنوں کی چمک برقرار رکھیں

برتن کو پہلے پانی سے صاف کر لیں۔جب اس پر سے چکنائی دور ہو جائے تو اس کے ساتھ باتھ سوپ کا استعمال کریں ۔یہ باتھ سوپ کسی بھی کمپنی کا ہو ،کسی شیمپو ،سرف ،یا صابن کا استعمال ہر گز نہ کر یں،اب اسٹیل وول پر تھوڑا سا صابن لگا کر ملنا شروع کریں ،جیسے جیسے آپ رگڑتی جائیں گی ،برتن اس قدر چمکتا جائے گا ،جیسے ابھی بازار سے خریدا گیا ہو۔

لپ اسٹک کو دیر تک فریش رکھیں

لپ اسٹک فاؤنڈیشن کے استعمال کے بعد برش کی مدد سے ہونٹوں پر بیرونی خط کھینچیں اور پھر لپ اسٹک لگا کر دونوں ہونٹوں کے درمیان ٹشوپیپر لے کر دبائیں ،دوبارہ لپ اسٹک لگا کر ٹشو پیپرہونٹوں میں دبائیں۔اس طرح لپ اسٹک زیادہ دیر تک تازہ رہے گی ۔

باسی چاول کارآمد بنائیں

اکثر گھروں میں پکے ہوئے چاول کھانے کے بعد بچ جاتے ہیں تو ان کو ضایع نہ کریں بلکہ کسی کھلے منہ کے برتن میں پھیلا کر دھوپ میں سکھا لیں اور پھر کسی برتن میں بند کر کے رکھ دیں ۔جب مہمان وغیرہ آئیں تو ان کو چائے کے ساتھ پیش کرنے سے پہلے تھوڑے سے سوکھے ہوئے چاول نکالیں اور تھوڑے سے آئل میں تل لیں اور اس پر چاٹ مصالحہ ڈال کر پیش کریں ،بہت مزیدار ہوں گے نہ صرف آپ کو بلکہ آپ کے مہمانوں کو بھی بہت پسند آئیں گے۔

انڈے خراب ہونے سے بچائیں

گرمیوں میں انڈے فریج میں رکھنے کے باوجود خراب ہو جاتے ہیں ۔اگر انڈوں میں فریج میں رکھنے سے پہلے ان پر آئل کا ہلکا سا کوٹ کر دیا جائے تو انڈے جلدی خراب نہیں ہوں گے اور زیادہ دن تک چلیں گے ۔

کوڑے کی ٹوکری کی بدبو دور

آج کل گرمی کا موسم ہے ،کچرے کی ٹوکری میں سے کچرا ڈالنے کے بعد بدبو پھیلنے لگتی ہے ۔اس کے لئے کچرے کی ٹوکری کو دھو کر خشک ہو نے دیں ،پھر اس میں شاپر لگائیں اور اس میں ایک عدد لیموں کے چار ٹکڑے کر کے ٹوکری میں ڈال دیں ۔اس کے بعد سبزیوں ،پھلوں کے چھلکے جو مر ضی ڈالتے رہیں کچن میں باس نہیں پھیلے گی۔

چائے والی چھلنی کی صفائی

جب کبھی چائے چھاننے والی چھلنی کے کناروں میں چائے پھنس جائے تو جس وقت آپ کپڑے دھونے کے لئے صابن پکانے لگیں تو اس میں تمام چھلنیاں ڈال کر پکائیں ،چار پانچ ابال آنے پر چھلنیاں نکال کر برش کی مدد سے ہلکا سا رگڑ کر کھنگال لیں ۔چھلنی چمک اٹھے گی اور صابن بھی خراب نہیں ہو گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...