پالتو جانوروں کی دیکھ بھال اور گھر کی صفائی کے ٹوٹکے

1,662

گھر میں جانور پالنا اکثر لوگوں کا مشغلہ ہوتا ہے ۔ پالتو جانور یقیناً بہت اچھے ساتھی ہوتے ہیں ۔ ہمیں تنہائی کا احساس نہیںہونے دیتے ۔ گھر پر جانور پالنے کے لیے صرف ان کی کھلائی پلائی ہی ضروری نہیں بلکہ ان کی صفائی اور صحت کا خیال رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔
جانوروں کی دیکھ بھال نہایت مشکل کام ہے کیونکہ یہ بہت حساس ہوتے ہیں اور بیماریاں ان پر تیزی سے اثر کرتی ہیں ۔ یہ بے زبان جانور ہیں اپنی تکلیف نہیں بتا سکتے اس لیے ضروری ہے کہ ہم ان کی تکلیف کو آاسانی سے سمجھ سکیں اگر آپ کے پاس بھی کوئی جانور ہے تو اس کی دیکھ بھال ان طریقوں سے کیجئے۔
جانوروں کی دیکھ بھال

1۔ویکسنینیشن:

جانور حساس ہوتے ہیں اور مختلف بیماریاں ان پر اثر انداز ہوسکتی ہیں اس لیے ان سے بچائو کے لیے جانوروں کو ٹیکے لگائے جاتے ہیں ۔ ہر جانور کے لیے الگ ٹیکے ہوتے ہیں یہ ناصرف جانور کو بیماری سے بچاتے ہیں بلکہ انسانوں کو بھی ان جانوروں کے کاٹنے سے ہونے والے نقصان سے بچاتے ہیں۔

2۔صفائی:

انسان تو اپنی صفائی خود کرلیتے ہیں لیکن یہ جانور اپنی صفائی خود نہیں کر سکتے اس لیے ضروری ہے کہ گھر پر اگر جانور پلا ہوا ہے تو اس کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔ انہین باقاعدگی کے ساتھ نہلایا جائے اس طرح ان کے جسم سے گرد اور جراثیم دور ہوجائیں گے لیکن اگر آپ کا جانور ٹھنڈ برداشت نہیں کرسکتا یا پانی سے نہیں نہا سکتا تو اسے ہلکے گیلے کپڑے سے صاف کردیں۔

3۔غذا:

اپنے پالتو جانور کو صحت مند رکھنے کے لیے اچھی غذا دیں ہروقت کھلانے کے بجائے وقت پر کھلائیں ۔ پرندوں کے لیے بھی ان کی غذا کے بارے میں جاننا نہایت ضروری ہے۔

4۔ورزش کرائیں:

ٓٓاپنے پالتو جانور کو ورزش کرانے سے آپ دونوں کو سکون ملے گا۔ اس کی اچھی صحت کے ساتھ آپ کے ساتھ اچھا تعلق بھی قائم ہوگا۔ باقاعدہ ورزش جانور کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے اس کے بغیر جانور سست اور بھاری ہوجائے گا اور اسے بیماری کا بھی خطرہ ہوگا۔

5۔ چیک اپ کرائیں:

اپنے جانوروں کا باقاعدگی کے ساتھ چیک اپ کراتے رہیں اس طرح کسی بیماری کے خطرے سے آپ پہلے ہی آگاہ ہوجائیں گے اور آپ کا جانور شدید بیماری سے بچ جائے گا۔

گھر کی صفائی کے ٹوٹکے

جانوروں کے ساتھ گھر کی صفائی زیادہ مشکل ہوجاتی ہے۔ اگر آپ کا پالتو جانور کتا یا بلی ہے تو گھر میں جگہ جگہ ان کے بالوں سے واسطہ پڑتا رہتا ہوگا ۔ایسی جگہوں پر جہاں یہ عام طور پر بیٹھتے ہیں پرانا تولیہ یا کپڑا بچھادیںاور دھونے سے پہلے اس کپڑے کو گھر سے باہر جھاڑدیں ۔ جانور کو برش سے روزانہ صاف کرنے سے بھی فالتو بال جھڑجاتے ہیں اور جگہ جگہ نہیں گرتے۔
گھر کو صاف رکھنے کے لیے جانور کو اس کے برتن میں کھانے کا عادی بنائیں اور اس کومخصوص جگہ پر رکھ کر کھانا کھلائیں ۔ اس برتن کے نیچے پلاسٹک کا میٹ رکھیں اس طرح آسانی سے اس کی صفائی کی جاسکے گی۔
اس طرح پرندوں کی بھی صفائی کی جائے تاکہ ان کے پر پورے گھر میں نہ پھیلیں ۔ ان کے پنجروں کو روزانہ صاف کیا جائے ان سے اٹھنے والی بو ناصرف ناگوار ہوتی ہے بلکہ پرندوں کو بیمار بھی کرسکتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ ان پنجرے اور کھانے اور پانی کے برتن کو بھی صاف رکھا جائے۔
جانوروں کو گھر سے باہر نہ جانے دیں کیونکہ باہر جاکر کھیلنے سے وہ گندے ہوسکتے ہیں انکی صفائی کا خیال رکھیں اور گھر میں ان کی جگہ مخصوص کریں تاکہ وہ پورے گھر میں گھومنے کے بجائے وہیں رہیں۔
انھیں کچن اور گھر کے دوسرے کمروں میں نہ آنے دیں۔ اس طرح کھانے کی چیزوں مین انفیکشن کا خطرہ ہوسکتا ہے ۔ اگر بچے جانوروں سے کھیلتے ہیں تو کسی دوسری چیز کو ہاتھ لگانے سے پہلے انکے ہاتھ اچھی طرح دھلائیں۔

تبصرے
Loading...