
شیشہ: خطرناک اور مضرِصحت شوق
شیشہ، اس وقت نوجوانوں میں مقبول ترین شے ہے جس کو وہ تفریح کے ہر موقع پر پیتے اور اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں ،یہ تمباکو ،شیرہ اور شہد کو ملا کر تیار کیا جاتا ہے ،اب یہ مختلف فلیورزمیں بھی دستیاب ہیں،اور یہ حقے میں پیا جاتا ہے۔اس میں استعمال ہونے والا تمباکو سگار اور سگریٹ سے مختلف ہوتا ہے جس میں انڈسٹریل کیمیکل اور مصنوعی اجزاء شامل کئے جاتے ہیں ۔شیشہ قدرتی اشیاء سے ملا کر بنتا ہے اور مختلف ذائقوں میں ہر جگہ دستیاب ہے۔بعض اوقات ہم اپنی سوچوں کو منفی رخ پر جانے سے نہیں روک پاتے ۔ اگر آپ یہ چاہیں کہ آپ شیشہ پینا چھوڑ دیں اور اس کا استعمال آپ خاصے عرصے سے کر رہے ہوں تو یہ بہت مشکل ہوتا ہے ۔لیکن اگر آپ اس پر جمے رہیں تو بہت ممکن ہے کہ آپ اس پر قابو پا لیں ۔
صحت پر شیشے کے نقصانات اور اثرات:
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق جب تمباکو نوشی ایسے پانی کے پائپ کے ذریعے کی جاتی ہے تو اس میں زہریلے اجزاء شامل ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے پھیپھڑوں کا کینسر ،دل کی بیماریاں ،اور دوسری بیماریاں پیدا ہو جاتی ہیں ،اور یہ بات سچ ہے کہ پانی نکوٹین کو جذب کر لیتا ہے ،اور شیشہ پینے والے نکوٹین کی مقدا رکا عادی ہو جاتا ہے ۔ریسرچ سے یہ بات بھی ثابت ہو جاتی ہے کہ ایک بار شیشہ پینے کا مطلب ہے کہ آپ نے ایک پیکٹ سگریٹ کا پیا ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ جس طرح سگریٹ پینے والے کو صحت سے متعلق رسک رہتا ہے بالکل اسی طرح شیشہ پینے والے کو بھی ایسا ہی رسک رہتا ہے ۔جو لوگ شیشہ پیتے ہیں یا ہربل تمباکو کا استعمال کرتے ہیں ان میں کاربن مونو آکسائیڈ کی مقدار بڑھ جاتی ہے ۔سگریٹ کے ساتھ اگر ہائی لیول کی کاربن مونو آکسائیڈ،ٹار اور بھاری میٹلز خطرناک اور جسم میں کینسر کا سبب بن جاتے ہیں ۔اسی لئے نہ صرف سگریٹ اسموکر بلکہ شیشہ پینے والے بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں جس میں ،منہ،ہونٹ،زبان،حلق،اور پھیپھڑوں کا کینسر شامل ہیں ۔اس کے ساتھ دل کی بیماریاں بھی اس میں شامل ہیں ۔
اپنے آپ کو اس عادت سے چھٹکارہ دلانے کی کوشش کریں :
کسی بھی عادت سے چھٹکارہ پانا خاصا مشکل کام ہے اور اس کو مستقل چھوڑنے کا اگر آپ سوچ لیں تو یہ اور بھی دقت طلب ہے۔بعض دفعہ ہم اپنے آپ کو منفی انداز میں سوچنے سے روک نہیں پاتے کہ یہ ایک ناممکن کام ہے کہ ہم اپنی اس عادت پر قابو پالیں خاص کر اس وقت جب کہ ہم اس عادت میں بہت عرصے سے مبتلا ہوں ۔لیکن تھوڑی سی مستقل مزاجی اور ہمت افزائی اس لت سے چھٹکارہ دلا دیتی ہے،بس اس کے لئے خود کو حوصلہ دینا ہوتا ہے کہ ہم یہ کام کر سکتے ہیں ۔اگر آپ اچھی صحت مند زندگی گزارنا اور جینا چاہتے ہیں تو اس کے لئے آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا اپنے لئے اور ان لوگوں کے لئے جو آپ سے محبت کرتے ہیں،اور اپنی زندگی کا کوئی مقصد متعین کرنا ہوگا ۔اس عادت کو چھوڑنے کے بعد بھی آپ کو اکثر پریشانی اور ٹینشن میں ایسا لگے گا کہ آپ دوبارہ اس شیشہ نوشی کو شروع کر دیں ،اور بہت سے لوگ اس میں دوبارہ مبتلا ہو بھی جاتے ہیں ،اسی لئے اس خوف سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ایکسر سائز کو اپنے معمولات میں شامل کر لیں ،یہ نہ صر ف آپ کی صحت اور زندگی کے لئے بہتر ہے بلکہ اس سے آپ کوزندگی کے مختلف دباؤ اور پریشانیوں کو جھیلنے کا حوصلہ بھی ملے گا۔اپنے دوستوں اور خاندان کی مدد سے اور ان کی حوصلہ افزائی سے آپ کو شیشہ چھوڑنے میں آسانی ہو جائے گی۔آپ اپنی فیملی کو بتا سکتے ہیں کہ آپ کو کس قسم کی مدد درکار ہے،اگر آپ کو ان کی مدد نہیں چاہیے تو بھی ان کو بتائیں کہ شیشہ چھوڑنے کے لئے آپ کو مدد نہیں بلکہ وقت درکار ہے تاکہ پوری دلجمعی سے اس لت کو ختم کر سکیں ۔
شیشہ چھوڑنے کے لئے مددگار طریقے:
کچھ لوگوں کو اس لت کے خاتمے کے لئے علاج کی ضرورت پڑتی ہے اور یہ عام طور پر خاصا کارآمد طریقہ ہے ،یہ بہت مشکل کام ہے کہ آپ اپنے فزیشن سے علاج کے مختلف طریقوں پر بات کریں ،کیونکہ تمام علاج یکساں نہیں ہوتے ،یہ آپ کا فزیشن ہی بہتر بتا سکتا ہے کہ آپ کے لئے زیادہ بہتر طریقہ علاج کونسا ہے اور کس طریقہ علاج سے آپ اس لعنت سے چھٹکارہ حاصل کر سکتے ہیں اور آپ کو اس میں مدد مل سکتی ہے۔اگر آپ لوگوں سے ملنا ملانا پسندکرتے ہیں تو اس سے بھی اس کام میں مدد ملے گی کیونکہ افراد سے تعلق میں علاج آسان ہو جاتا ہے اوران سے حوصلہ افزائی بھی ملتی ہے لیکن اس کے لئے کسی ماہر تھراپسٹ کی مدد لینی چاہیے تاکہ اس سے مختلف ایشوز پر بات کی جا سکے اور اس کے مراحل کو آسان کیا جاسکے ،اس عادت کو چھوڑنے میں بھی کچھ مشکل مراحل سامنے آتے ہیں جو بعض اوقات آپ کو بہت توڑ دیتے ہیں لیکن اگر آپ کا معالج اچھا ہو تو یہ سب کچھ آسان ہوجاتا ہے ۔اس کے علاوہ ایک طریقہ علاج تحریک پیدا کرنے والے انٹرویو کا بھی ہے،یہ ایک طرح کی کونسلنگ ہے جس سے آپ کے مزاج کے بدلاؤ کو سنبھالنے میں مدد ملتی ہے ۔اس طریقہ کار میں مریض کے جارحانہ ردعمل کو سنبھالنے کا بھی موقع ملتا ہے ۔یہ آپ کو آپ کا طرزِعمل بدلنے اور اپنے اوپر اعتماد کو بھی بحال کرتا ہے۔
اپنے طرزِعمل کو مثبت رکھیں:
کسی بھی مددگار گروپ کو جوائن کرنے کا ایک فائدہ یہ بھی ہو جاتا ہے کہ اس سے آپ کو موقع ملتا ہے کہ آپ دوسرے لوگوں سے ملیں اور ان سے بات چیت کر کے اپنی دلچسپیوں پر نظرِثانی کریں اپنے اندر مثبت تبدیلی لائیں،اپنی فیملی ،اپنے خاندان سے ہٹ کر یہ لوگ آپ کی کافی چیزوں میں مدد کر سکتے ہیں اور آپ کو نئے نئے خیالات سے مستفید ہونے کا موقع مل سکتا ہے۔ان سب چیزوں کے علاوہ آپ دوسروں کی کمپنی میں خاصا اچھا بھی محسوس کرتے ہیں اور آپ کو بہتری بھی محسوس ہوتی ہے۔اس سے آپ کو دباؤ سے ہٹ کر ایک سکون کا احساس ہوتا ہے۔یاد رکھیں اگر آپ دباؤ میں ہوں گے تو آپ یہ چیز آپ کو دوبارہ شیشہ پینے کی طرف راغب کر سکتی ہے۔اس لت سے چھٹکارہ پانے کے لئے آپ نماز،علاج ،مساج،ایکسرسائز،اور یوگا وغیرہ یا ایسی ہی دوسری سرگرمیاں جن سے آپ کے خیالات کو مثبت سوچ ملے۔ہمیشہ اپنے آپ کو ایکٹو اورچاق و چوبند رکھیں ،صحت مند خوراک کھائیں اس سے آپ میں اسٹیمنا پیدا ہوگا اور آپ میں توانائی کی تیزی سے بحالی ہوگی۔اس دوران میں کوئی وقت ایسا بھی ہوگا جب آپ اپنے آپ کو بے یارومددگا ر سمجھیں گے لیکن اس کے لئے آپ کو اپنے تاثرات اور اپنے احساسات کو اپنے فزیشن سے اپنے دوستوں سے اپنی فیملی سے شئیر کریں تاکہ وہ آپ کی مدد کر سکیں ۔