لال بیگ سے چھٹکارا پانے کے گھریلو ٹوٹکے

12,325

اکثر گھروں میں لال بیگ ہوجاتے ہیں خاص طور پر کچن میں ،یہ اپنی جگہ آسانی سے بنالیتے ہیں ۔ لال بیگ کو ختم کرنے کے لیے صحیح معلومات حاصل کر کے ناصرف انھیں ختم کیا جاسکتا ہے بلکہ آئندہ کے لیے اپنے کچن کو ان سے بچایاجاسکتا ہے۔ کچھ گھریلو ٹوٹکوں سے بغیر کسی نقصان کے لال بیگ سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

۱۔ امونیا کا سلیوشن:

عام طور پر لال بیگ سنک اور اس کے پائپ میں جگہ بناتے ہیں ۔ اس کے لیے امونیا بہترین ہے۔ ایک کپ امونیا ایک بالٹی پانی میں شامل کر یں اور اس پانی کو سنک اور تمام نالیوں میں بہادیں۔ امونیا کی سخت بو سے لال بیگ اپنی جگہ چھوڑ دیں گے۔

۲۔ فنائل کی گولیاں:

فنائل کی گولیاں ہر طرح کے کیڑے مکوڑوں کے خاتمے کے لیے مفید ہیں۔ فنائل کی چند گولیاں الماری اور کچن کے خانوں اور ایسی جگہوں پر رکھیں جہاں عام طور پر لال بیگ یا ان کے انڈے ہوتے ہیں ۔
نوٹ: فنائل کی گولیوں کو بچوں سے دور رکھیں۔

۳۔ لسٹرین:

لسٹرین اپنی اینٹی سیپٹک خصوصیات کی وجہ سے بہترین ماؤتھ واش ہے۔ لسٹرین سے منہ کے ساتھ اپنے گھر کو بھی صاف رکھ سکتے ہیں۔ لسٹرین کو پانی میں ملا کر کچن اور باتھ روم کے کونوں میں اسپرے کریں۔

۴۔ بلیچ:

بلیچ عام طور پر اکثر گھروں میں استعمال ہوتا ہے ۔ بلیچ کو پانی کے ساتھ ملا کر سنک اور ٹوائلٹ میں بہائیں اس گھر کی تمام نالیوں میں بہانے سے لال بیگ اور ان کے انڈے بھی بلیچ سے صاف ہوجائیں گے اور پورا گھر لال بیگ سے پاک ہوجائے گا۔

۵۔ لیموں:

لیموں میں قدرتی طور پر جراثیم کش خصوصیات موجود ہیں۔ پانی میں لیموں کا رس ملا کر فرش کچن کا سلیب اور باتھ روم کے کیبنٹ صاف کریں اس طرح تمام چیزیں جراثیم سے پاک رہیں گی اور لال بیگ ان جگہوں کو چھوڑ دیں گے۔

۶۔بوریکس:

بوریکس پاؤڈر کو کچن اور باتھ روم کے کونوں ، سنک کے پائپ اور اگر کوئی ڈراڑ ہے تو اس میں بھی چھڑک دیں اور ساری رات کے لیے چھوڑدیں کیونکہ لال بیگ رات کے وقت نکلتے ہیں جب یہ اس پاؤڈر کے قریب جاتے ہیں تو یہ پاؤڈر لال بیگ کے خول کو خشک کردیتاہے اور رفتہ رفتہ ان کی موت کا سبب بنتا ہے ۔ بوریکس سے متاثرہ یہ لال بیگ جب دوسرے لال بیگ کے پاس جاتے ہیں تو ان کی بھی موت کا باعث بنتے ہیں۔

۷۔ صابن:

پانی میں زیادہ مقدار میں صابن ملا کر سلوشن بنائیں اور ان کیڑوں پر براہ راست اسپرے کریں ۔ صابن ان کیڑوں کے جسم پر موجود سوراخوں کو بند کردیتا ہے اور زیادہ تر لال بیگ اسی وقت مر جاتے ہیں۔

۸۔ کالی مرچ ، لہسن اور پیاز:

یہ مکسچر بنانے کے لیے ایک چمچ کالی مرچ ، ایک لہسن کی پوتھی اور آدھی پیاز ملا کر پیس لیں اور ایک لیٹر پانی میں ملالیں ، چاہیں تو اس میں لکوڈ صابن بھی شامل کرلیں ۔ اس سلوشن کا رات کے وقت کچن اور باتھ روم میں اسپرے کریں خاص طور پر ان جگہوں پر جہاں لال بیگ بڑی مقدار میں ہوتے ہیں ۔ اس پانی سے فرش ، کچن کے سلیب اور کیبنٹ کو بھی صاف کیا جاسکتا ہے ۔ لا ل بیگ اس کی بو برداشت نہیں کر پاتے اور بھاگ جاتے ہیں۔

۹۔ بورک ایسڈ اور اسٹارچ یا شکر:

شکر یا کورن اسٹارچ کو بورک ایسڈ کے ساتھ ملا کر لال بیگوں کے خاتمے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ شکر یا کورن اسٹارچ کو دیکھ کر لال بیگ کھانے آتے ہیں جبکہ بورک ایسڈ اس کے لیے زہر کا کام کرتا ہے ۔ ان کے خول کو خشک کر کے موت کا باعث بنتا ہے۔ اگلی صبح ہی لاتعداد لال بیگ مرے ہوئے نظر آئیں گے۔

۱۰۔ کھیرا:

لال بیگ رات کے وقت باہر نکلتے ہیں اس لیے رات کو کھیرے کے ٹکڑے کر کے کچن کاؤنٹر ، کچن کے کونوں میں رکھ دیں ۔ کھیرے کی مہک سے لال بیگ اپنی جگہ چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں ۔
مزید جانئے :آنکھوں کی روشنی بڑھائیں زندگی میں روشنی لائیں


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...