یخنی پینے کے فوائد اور پینے کا صحیح وقت
اگرآپ صحت کاحصول چاہتے ہیں تواس کے لئے ان غذاؤں کاانتخاب بہت ضروری ہے جوصحت کی ضامن سمجھی جاتی ہیں۔یخنی ہزاروں سالوں سے بیماریوں سے نجات کاذریعہ اورزودہضم غذاتصورکی جاتی ہے۔بچے ہوں یابڑے ،بیمارہوں یاصحت مند،بوڑھے ہوںیاجوان غرض ہرایک کے لئے مفید اورجامع غذاہے۔
صحت مند رہنے کے لئے یخنی کیوں ضروری ہے؟
یخنی میں شفاء بخش صلاحیت موجود ہوتی ہے۔مختلف اجزاء کے ملاپ سے تیارکردہ یخنی ہزاروں سالوں سے مختلف بیماریوں سے صحت یاب ہونے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔یہ مختلف بیماریوں کودورکرنے میں کام آتی ہے۔کسی بھی قسم کی بیماری میں یخنی مریض کے لئے بہتر غذا تصورکی جاتی ہے۔یہ جسم میں خون کی فراہمی کومستحکم اورگردوں کی صحت کوفروغ دیتی ہے۔
اکثرلوگ اس بات کادعوٰی کرتے ہیں کہ سائنسی لحاظ سے اس کاکوئی ثبوت نہیں ملتاکہ یخنی انسانی جسم کوطاقتوربناتی ہے۔حقیقت یہ ہے کہ ہربات کتابوں میں نہیں لکھی ہوتی بلکہ تجربہ بھی کوئی چیز ہوتی ہے ۔یہ ہماری روایت اورثقافت کاحصہ تصورکی جاتی ہے۔اس میں شامل کئے جانے والے تمام اجزاء صحت کے حوالے سے اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔جس سے انکارنہیں کیا جاسکتا ہے۔
یخنی پرکی جانے والی تحقیقات بہت محدود ہیںلیکن ماہرین کے مطابق اس میں موجود غذائی اجزاء صحت کے مندرجہ ذیل مسائل حل کرسکتے ہیں جیسے:
٭نظام ہضم
٭سوزش
٭جوڑوں کادرد
٭وزن میں کمی
٭نیندکے مسائل
اس بارے میں جانئے :کافی بنانے کے منفردانداز
یخنی کس طرح کام کرتی ہے؟
اکثرلوگوں کاخیال ہے کہ اس میں موجود نمک حلق کے امراض کاخاتمہ کرکے گلے کوآرم پہنچاتاہے۔جب یخنی کوپکایاجاتاہے تواسمیں موجودہڈیاں ،گودااورمختلف ٹشوزمختلف وٹامنزجیسے کیلشیم،میگنیشیم،فاسفورس اورسلیکون خارج کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ صحت بخش مرکبات جیسے کولیجن،گلوٹامائن،گلائیسین بھی یخنی میں شامل ہوجاتے ہیں۔
کولیجن ہدیوں اورجوڑوں کے امراض میں مدد فراہم کرتاہے جبکہ گلائیسین سے تھکاوٹ اورنیند کی شکایت دورہوجاتی ہے۔ایک مطالعہ سے یہ بھی پتہ چلتاہے کہ گلوٹامائن آنتوں کے بیکٹیریاکومنظم کرنے میں مددکرتاہے۔اس سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتاہے۔جسم میں موجود زہریلے مادے خارج ہوجاتے ہیں۔یہ کمزوری دورکرکے توانائی کااحساس جگاتی ہے۔
یخنی پینے کابہترین وقت
ثقافتی لحاظ سے پوری دنیامیں مرغی،مچھلی اورگوشت کی یخنی پی جاتی ہے۔سائنسی اعتبارسے اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے کہ یخنی کس وقت پینی چاہئے۔اسے صبح پینازیادہ مفید ہے یاپھرسونے سے قبل؟
بہرحال یہ ایک ایسی مکمل غذاہے کہ اسے آپ جب چاہیں پی سکتے ہیں۔چاہے دوپہرمیںیارات میں یہ کسی بھی وقت استعمال کی جاسکتی ہے۔ذائقہ کے فروغ کے لئے کچھ لوگ اس میں ہلدی،گرم مصالحہ اورادرک لہسن کااستعمال بھی کرتے ہیں۔یخنی کے لئے جب بھی آپ خریداری کریں تودھیان رکھیں کہ گوشت تازہ اورصحت بخش ہو۔اعلیٰ معیاراورگھاس پرپلنے والے جانوروں کے گوشت کوترجیح دیں۔
یہ بھی پڑھئے : وزن کم کرنے والانیم کاسوپ اورسیریل
۱۔مچھلی کی یخنی
مچھلی سے تیارکردہ یخنی آیوڈین سے بھرپورہوتی ہے ۔اسی لئے یہ تھائی رائڈ کے امراض میں نہایت مفید رہتی ہے۔اس یخنی کوایشیائی سوپ اورسالن میں نہایت اہمیت حاصل ہے۔
مچھلی چارسے پانچ سرسمیت،تیزپات ایک عدد،گاجردو عدد،پیازدو عدد،سیلری ایک عدد،گرم مصالحہ(کالی مرچ،لونگ)،دیسی گھی دوچمچ
مچھلی اچھی طرح دھوکرعلیحٰدہ رکھ لیں۔گھی میں گاجر،سیلری اورپیاز ہلکے سے بھون کرمچھلی اورپانی شامل کریں۔پانی میں ابال آنے پرآنچ ہلکی کردیں۔اس کے بعدتیزپات،لونگ اورکالی مرچ شامل کرکے پچاس منٹ تک ہلکی آنچ پرپکائیں۔جب یخنی تیارہوجائے توتمام کانٹیں اورمچھلی کے سرمیں موجود ہڈیاں علیحٰدہ کردیں۔چاہیں توچھان کراستعمال کرلیں۔اسے پانچ دن تک فرج میںرکھ کراستعمال کیاجاسکتاہے۔
۲۔چکن کے پنجوں کی یخنی
شاید یہ کچھ آپ کواچھانہ لگ رہاہولیکن اگرآپ گلوکوزامین،کولیجن اورکیلشیم سے بھرپوریخنی بناناچاہتے ہیں تویخنی میں یہ ضرورشامل کریں۔سردی کے موسم میں یہ نہایت مفید رہتی ہے۔
مرغی کے پنجے چھ عدد،نمک ایک چٹکی،کالی مرچ،چارعدد،لونگ دوعدد،ادرک ایک چھوٹاٹکڑاتیزپات ایک عدد
مرغی کے پنجوں کواچھی طرح دھوکرپانی اورچٹکی ہلدی ڈال کرابالنے چڑھادیں۔ایک ابال آنے پرتمام پانی پھینک دیں اس کے بعد دوبارہ پانی شامل کریں اوراوپردیئے گئے تمام اجزاء شامل کرکے پکنے چڑھادیں۔جب ابال آجائے توآنچ ہلکی کردیں۔تیارہونے پرچھان کراستعمال کریں۔اگرگاڑھاکرناچاہیں توکارن فلور تھوڑے سے پانی میں گھول کرشامل کردیں۔
۳۔بکرے کی ہڈیوں کی یخنی
بکرے کی ہڈی گڈیاں بآسانی دستیاب ہوتی ہیں۔انھیں آپ یخنی میں استعمال کرسکتے ہیں۔اگرآپ کے جوڑوں میں دردہوتویہ آپ کے لئے مفیدرہتی ہے۔ٹھنڈ سے بچاتی ہے اورجسم کوطاقت فراہم کرتی ہے۔
ہڈیوں کودھوکرگرم مصالحہ (کالی مرچ،لونگ،دارچینی،بڑی الائچی)،ادرک ایک چھوٹاٹکڑا،پیازایک عدد،تیزپات ایک عدداورچٹکی ہلدی اور نمک شامل کرکے پکنے چڑھادیں۔ ابال آنے پرچولھاہلکاکردیں۔جب ہڈیاں اچھی طرح گل جائیں توچاہیں توچھان کراستعمال کریں اوراگرچاہیں توآپ اسے چپاتی کے ساتھ بھی لے سکتے ہیں۔
۴۔مرغی کی یخنی
مرغی کی یخنی پروٹین کابہترین ذریعہ ہے۔چھوٹے بچوں کے لئے مفید اورطاقتورغذاہے۔چھ ماہ کے بچے کوبھی یہ یخنی پلائی جاسکتی ہے۔
مرغی میں ایک چھوٹاٹکڑاادرک،دوکالی مرچ،ایک لونگ،ایک چٹکی نمک اوردوگلاس پانی ڈال کرپکنے چڑھادیں۔ابال آنے پرچولھاہلکاکردیں۔پکنے پرچھان کرعلیحٰدہ رکھ لیں۔علیحٰدہ کی ہوئی مرغی کوآپ دلیہ اورکھچڑی میں بھی استعمال کرسکتی ہیں۔یخنی بچہ کوچمچ یاکپ کی مددسے آرام سے پلائی جاسکتی ہے۔
۵۔یخنی ود ویجیٹیبل
یخنی آپ اپنے موڈ اورپسند کے مطابق کسی بھی گوشت کی بناسکتی ہیں۔اس میں موسمی سبزیاںجیسے پالک،ٹماٹر،گاجر،بندگوبھی،مٹروغیرہ بھی اپنی پسند کے مطابق شامل کریں اوراس کے ذائقہ اوراپنی صحت میں اضافہ کریں۔اضافی ذائقہ کے لئے گرم مصالحہ جات،ادرک ،لہسن،ہلدی ،پیازوغیرہ ضرورشامل کریں۔