آنکھوں میں کھجلی، بچاؤ کے چند گھریلو ٹوٹکے

16,945

آنکھیں انسانی اعضاء کا سب سے نازک اور حساس حصہ ہیں اس لیے ان کی حفاظت اور خیال کے لیے توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی، دھول مٹی، گردوغبار، نیند کا پورا نہ ہونا اور ایسی ہی دوسری کئی تکالیف جن کا سامنا آنکھوں کو دن رات کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ آپ اپنی آنکھوں پر توجہ دیں اور ان کا خیال رکھیں۔ اکثر اوقات کسی بھی وجہ سے آنکھوں میں خارش یا Itching شروع ہوجاتی ہے جو کبھی کبھار تکلیف دہ بھی ہوجاتی ہے ابتدائی طور پر اس کی فوری دیکھ بھال کے لیے چند آزمودہ گھریلو نسخوں پر عمل کیا جاسکتا ہے۔

کھیرا

یہ آنکھوں کی حفاظت کے لیے ایک بہترین قدرتی جز ہے۔ اس کے لیے آپ ایک عدد کھیرا لیں اسے اچھی طرح سے دھونے کے بعد اس کے باریک باریک قتلے یا سلائس کی شکل میں کاٹ لیں۔ اب انہیں ایک گھنٹے کے لیے ریفریجریٹر میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں اور اس کے بعد ان کھیرے کے ٹھنڈے سلائسزکو آنکھوں پر رکھیں۔ اس عمل کو دن میں چار سے پانچ مرتبہ کیا جاسکتا ہے۔ اس طریقہ سے آنکھوں کی مندرجہ بالا بیان کی ہوئی تمام شکایات فوری دور ہوجاتی ہیں اور آنکھیں فریش اور صحت مند لگتی ہیں۔

کیسٹر آئل

آنکھوں کی تمام تکالیف کو دور کرنے کے لیے کیسٹر آئل بھی بہترین علاج ہے کیسٹر آئل میں ایسے اوصاف پائے جاتے ہیں جو آنکھوں کے ساتھ ساتھ بالوں اور دیگر جسمانی مسائل میں بھی فائدہ دیتے ہیں اسے باقاعدگی سے استعمال کرنے سے پلکیں لمبی گھنی ہوتی ہیں اور بالوں کی افزائش میں بھی اضافہ ہوتا ہے آنکھوں کے لیے اس کا استعمال نہایت احتیاط سے کیا جانا ضروری ہے آنکھوں میں شدید خارش کو ختم کرنے کے لیے ایک نئے آئی ڈراپر میں کیسٹر آئل بھریں اور احتیاط سے ایک ایک قطرہ دونوں آنکھوں میں ڈالیں یہ عمل دن میں تین سے چار بار کریں آنکھوں کی سوزش اور سوجن ختم ہوجائے گی اور ان کی چمک میں بھی اضافہ ہوگا۔

ٹھنڈا دودھ

آنکھوں کی خارش کو دور کرنے کے لیے بھی دودھ بہترین جز ہے۔ اس کیلئے تھوڑے سا دودھ پیالے میں نکال کر ریفریجریٹر میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ ایک یا دو گھنٹوں کے بعد نکال کر کاٹن بال کی مدد سے آنکھوں کے ارد گرد اور اوپر اس دودھ کو لگائیں اس عمل سے آنکھوں کو تقویت ملے گی اور ٹھنڈک کا احساس ہوگا اور آنکھوں پر سے جراثیم کے ساتھ ساتھ دھول مٹی اور خارش کا بھی خاتمہ ہوگا۔

آلو

آلو اپنی بے پناہ غذائی اجزاء کی بدولت جلد کے لیے انتہائی فائدہ مند جانا جاتا ہے چہرے پر ہونے والے سیاہ نشانات یا جھائیوں کے خاتمہ کے لیے آلو کارس اکسیر کا کام دیتا ہے اس کے علاوہ آنکھوں کی خارش دور کرنے، ان کا پھولنایا سوجنا کم کرنے، آنکھوں کی سرخی کم کرنے اور انہیں چمکدار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایک انتہائی سادہ طریقہ پر عمل کرکے آپ ان تمام شکایات کو دور کرسکتے ہیں۔ آلو کا چھلکااُتار کر اس کو باریک گول سلائس کی شکل میں کاٹ لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد انہیں باہر نکالیں اور آنکھیں بند کرکے یہ سلائسز ان پر رکھیں آلو کی ٹھنڈک ہی آپ کے موڈ کو خوشگوار بنادے گی اور ان کی تمام تکالیف کو دو بھی کردے گی۔ آلو کا یہ عمل ایک دن میں دو سے تین بار کیا جاسکتا ہے جس کے حیرت انگیز نتائج کی بدولت آپ سوجن اور خارش کو ہمیشہ کے لیے گڈبائے کہہ دیں گے۔

عرقِ گلاب

زمانہ قدیم ہی سے عرقِ گلاب آنکھوں کی جملہ امراض کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے خالص عرق گلاب جو گلاب کے تازہ پھولوں سے کشید کیا گیا ہو آنکھوں کی خارش اور دوسری الرجیز کے خاتمہ کے لیے بہترین ٹانک سمجھا جاتا ہے آنکھوں کے لیے رس کا استعمال دو طرح سے کیا جاسکتا ہے۔ آنکھوں کی خارش یا کھجلی کو دور کرنے کے لیے دن میں دو سے تین بار عرق گلاب سے آنکھوں کو واش کریں اور دوسرے طریقہ میں عرق گلاب آئی ڈراپر کی مدد سے بھی استعمال کیئے جاسکتے ہیں۔ رات سونے سے پہلے ایک ایک ڈراپ دونوں آنکھوں میں ڈال دیں چند ہی دنوں میں آپ خود مثبت نتائج دیکھیں گے۔

سبز چائے

سبزچائے نہ صرف آپ کی صحت کے لیے بہترین ہوتی ہے بلکہ یہ آنکھوں کے گرد سوجن اور خارش کو بھی ختم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے لیے آپ دو ٹی بیگز کو پانی میں اُبال لیں اب اس پانی کو ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں اس سلوشن سے دن میں دوبار اپنی متاثرہ آنکھوں کو واش کریں۔ گرین ٹی کے استعمال شدہ بیگز کو بھی ٹھنڈا ہونے کے بعد کچھ دیر کے لیے آنکھوں پر رکھا جاسکتا ہے۔

ایلوویرا

ایلوویرا میں اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی ان فلا مینٹری کی بھرپور صلاحیت پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے انفیکشن اور الرجیز سے بچاؤ ممکن ہے۔ ایلوویرا حسن وصحت کے حوالے سے بھی بے حد مفید جڑی بوٹی ہے اور آنکھوں کے جملہ امراض میں بھی تسکین کا باعث بنتا ہے۔ اس کے لیے ایلوویرا کا تازہ پتہ درمیان میں سے توڑیں یا کاٹیں اس میں جو سفید رنگ کا جوس یا گودا باہر نکلے اسے پانی میں اچھی طرح مکس کرلیں اور متاثرہ آنکھیں اس پانی سے دن میں تین بار دھوئیں یہ عمل روزانہ کیا جاسکتا ہے جب تک کہ آنکھوں کی خارش اور سوجن دور نہ ہو۔

سبزیوں کا رس

حیرت انگیز طور پر کچھ سبزیوں میں قدرتی طور پر ایسے کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں جو آنکھوں کی سوزش اور خارش میں فائدہ دیتی ہیں اس ضمن میں گاجر اور پالک کا جوس یا رس آنکھوں کے مسائل کو دور کرسکتا ہے۔ روزانہ ایک گلاس پالک یا گاجر کا جوس پیءں اور آنکھوں کی تمام تکالیف سے نجات حاصل کریں۔ گاجر بصارت میں تیزی لانے کا باعث بھی بنتا ہے۔ گاجر اور پالک کاجوس مکس کرکے بھی پیا جاسکتا ہے۔ لیکن ایک گلاس سے زیادہ پینے سے احتیاط برتیں۔

پانی

آنکھوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے پانی سب سے بہترین جز ہے اپنی آنکھوں کو وقتاً فوقتاً ٹھنڈے پانی سے دھوتے رہیں اور ان میں چھینٹے ماریں اس کے علاوہ دن میں آٹھ سے دس گلاس پینے سے آپ کا جسم پانی کی کمی کا شکار نہیں ہوگا اور اس کا براہ راست اثر آپ کی آنکھوں پر بھی ہوگا۔

مزید جانئے :ڈینٹل بریسس لگانے سے پہلے کچھ باتیں یاد رکھیں


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...