چھ عادتیں اپنائیں گھر ہمیشہ سمٹا پائیں !

22,646

گھر اور زندگی کو آرگنائزرکھنا بہت مشکل کام ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔ زندگی گزارنے کے کچھ طور طریقے ہوتے ہیں کچھ اصول ہوتے ہیں جس پر چل کر ہی انسان انسان کہلاتا ہے۔ اسی طرح گھر میں بھی ترتیب اور اصول بہت ضروری ہے لیکن یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے جب گھر اور معاملاتِ زندگی کو منظم انداز میں چلایا جائے۔

گھر ایک ایسی جگہ ہے کہ جس کے بارے میں سوچتے ہی ہمارے ذہن میں سب سے پہلا خیال سکون و راحت کا آتا ہے۔ تھکا ہارا جب انسان گھر لوٹتا ہے تو وہ اپنے گھر کے ہر حصے کو صاف اور نفاست سے سجا دیکھنا چاہتا ہے۔ کمرہ ہو یا واش روم، کچن ہویا ڈرائنگ روم ہر ایک جگہ میں انسان آرام تلاش کرتا ہے۔ الماری میں کپڑے بکھرے رہنا، کمرے میں بے ترتیبی، واش روم کی صفائی نہ ہونا، کچن میں ہر چیز بے ترتیب انداز میں ہونا یہ سب جہاں سستی اور کاہلی کی نشانی ہے وہیں یہ بے ترتیبی انسان کی زندگی پر منفی اثر بھی چھوڑتی ہے۔ ناصرف گھر  خوبصورت نظر آنے کے لیے بلکہ ذہنی سکون کیلئے بھی گھر میں صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بےحد اہم ہے کیونکہ اسکا اثر براہِ راست انسان کی شخصیت اور مزاج پر پڑتا ہے۔ ہم آپ کو چند ایسی عادتیں بتاتے ہیں جنھیں اگر آپ اپنا لیں تو گھر کو صاف رکھنا بے حد آسان ہو جائے گا۔

1۔جو چیز جہاں سے اٹھائیں وہیں رکھیں

cheez uthaey

سامان کا بکھرنا اور چیزوں کو اِدھر اُدھر پھیلا دینا گھر کی بے ترتیبی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ کپڑوں کا پلنگ پر بکھرا ہونا، اخبارات کا ٹیبل پر پڑا رہنا، ڈریسنگ ٹیبل پر لپ اسٹک یا پاﺅڈر کھلے پڑے رہنا یہ سب بےقاعدگی کی نشانی ہے۔ الماری میں کپڑے طے کرکے رکھیں۔ روز مرّہ کے کپڑے ایک طرف رکھیں اور دعوتوں، شادیوں کے کپڑوں کو الگ شیلف میں رکھیں۔ ضروری کاغذات کو اِدھر اُدھر پھیلانے کے بجائے الماری کے دراز میں کسی فولڈر میں رکھیں۔ کپڑے، پرس، جیولری یہاں تک کے جوتوں کی بھی جگہوں کو الگ رکھیں۔

2۔باکسزکا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں

boxes usage

کوشش کیا کریں کہ چیزوں کو رکھنے کے لیے باکس کا استعمال کریں ۔چاہے وہ چارجر ہو یا ائیر فون۔ نیل کٹرسے لے کر ہیئرپن تک کے لیے باکسز بنائیں تاکہ دراز میں بھی چیزیں بکھری نہ پڑی رہیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ جب کہیں جانے کی جلدی ہو اور مذکورہ چیز نہ مل رہی ہوتو ڈھونڈنے کے چکر میں پندرہ سے بیس منٹ ضائع ہوجاتے ہیں۔ چیزوں کو باکس کے اندر رکھنا سیکھئے تاکہ کھونے یا گُم جانے کے چکر سے بچا جاسکے۔ باکس پر نام بھی لکھا جا سکتا ہے یا رنگ کے حساب سے چیزوں کو رکھا جا سکتا ہے جیسے نیلے ڈبے میں چوڑیاں ہیں تو پیلے ڈبے میں بال پن۔

3۔کچن کا سلیب ہمیشہ صاف رکھیں

kitchen slape

کچن گھر کا وہ حصہ ہے جوکہ گھر کی خواتین کے لیے ہر وقت مصروفِ عمل رہنے کی جگہ ہوتی ہے اور اسی سے خواتین کے سگھڑپن کا اندازہ بھی لگایا جاتا ہے۔ کچن کو صاف رکھنا اور کھانا پکاتے وقت چیزوں کو نہ پھیلانا بھی ایک آرٹ ہے جسے ہر عورت کو آنا چاہیئے۔ غیر ضروری برتن نکالنے سے گریز کیا کریں۔ مصالحے کے ڈبے کو ہمیشہ ترتیب سے رکھیں۔سنک سے لے کر اوون تک کی صفائی اہم ہے۔ ہفتے میں ایک بار کیبنٹ اندر سے ضرور صاف کریں۔

4۔گھر میں بے جا سامان نہ بھریں

house raw things

گھر کو صاف اور اچھا رکھنے کیلئے جہاں صفائی اور مینٹیننس ضروری ہے وہیں یہ بھی ضروری ہے کہ بے جا او غیر ضروری سامان سے پرہیز کیا جائے۔ کبھی کبھی یہ بھی ضروری ہے وہ بھی ضروری ہے کے چکر میں سامان کا انبار جمع ہو جاتا ہے ۔ وہ کچن ہو یا گھر کا کوئی بھی حصہ صرف یہی نہیں اکثر لوگ اپنے گھروں کی چھتوں میں کاٹھ کباڑ کا پہاڑ اکھٹا کرکے رکھتے ہیں۔ گھر کو اچھا، پرسکون اور آرام دہ رکھنے کیلئے یہ بھی ناگزیرہے کہ صرف وہی اشیاء رکھیں جوکہ کام کی ہیں غیر ضروری اور پرانی ہوچکی چیزوں کو رکھنا بالکل بے کار ہے کیونکہ نہ تو اسے استعمال میں آنا ہے اور نہ ہی صحیح ہونا ہے اس سے بہتر ہے کہ اسے نکال کر گھر کو خراب لگنے سے بچالیں ۔

5۔روزانہ ڈسٹنگ کریں

dusting daily

گھر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے روزانہ کی جھاڑبونچھ اور ڈسٹنگ بہت ضروری ہے ۔دھول مٹی اور گردوغبار کے جمع ہوجانے سے گھرنا صرف خراب لگتا ہے بلکہ چیزیں خراب ہوجاتی ہیں جیسے قالین یا گھر کا دیگر سامان۔

6۔چھوٹی موٹی مرمتیں کراتے رہیں

choti moti chezain

وہ رنگ ہو یا مرمت ہر چیز حفاظت مانگتی ہے کپڑے بھی اگر پھٹ جائیں تو ہم سی لیتے ہیں اسی طرح گھر کی کوئی چیز خرابی کا شکار ہوجائے تو اسکی مرمت بہت ضروری ہے تاکہ چیزوں کو بُرا لگنے اور خرابی سے بچایا جاسکے۔کوشش کریں کہ تھوڑی بھت توڑ پھوڑ پر ہی مرمت کرالیں ۔ کیونکہ زیادہ دیر لگانے سے بعض اوقات چھوٹا کام بھی بڑا خرچہ کرادیتا ہے ۔

مزید جانئے  :کیا آپ کا ٹوتھ برش صاف ہے؟


شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...