لُو لگنے کے اسباب، علامات اور بچاؤ

1,314

گرمی کے موسم میں باہر پھرنے والوں کو لو لگنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں جس سے صرف احتیاط کے ذریعے ہی بچاؤ ممکن ہے ۔جب گرمی زیادہ پڑتی ہے تو اکثر ہوا کے اندر زہریلا مادہ پیدا ہوجاتاہے ۔اس قسم کی حرار ت کا زہر انسانی جسم میں سرایت کرتاہے تو خون میں ایک قسم کا جوش پیدا ہوتا ہے جو تکلیف کا باعث بنتا ہے۔ اس کو عرف عام میں لُو لگنا کہتے ہیں۔

علامات

عموماً پہلے مریض کے سر میں درد ہوتاہے پھر شدت کا بخار چڑھتاہے ۔پیاس کی شدت ہوتی ہے اور پشاب بار بار آتاہے۔ سخت بے چینی ہوتی ہے چہرہ اور آنکھیں سرخ ہوجاتی ہیں۔ دل کی دھڑ کن بڑھ جاتی ہے مریض نہایت کمزوری محسوس کرتاہے اور بے ہوش ہوسکتاہے۔ تمام جسم پسینہ پسینہ ہوسکتاہے اور کبھی کبھی مریض کوابکائیاں بھی آتی ہیں۔

احتیاطی تدابیر

۱۔گرمی سے بچاؤ کے لئے اپنی خوراک اور رہن سہن پر توجہ دیں ۔ ہائیڈریٹ رہنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔
۲۔ لُو کے موسم میں کیری کا شربت، پودینہ کی چٹنی، دہی کے ساتھ پیاز اورکچی لسی کا استعمال لُو کے اثرات سے محفوظ رکھتاہے۔
۳۔روز نہائیں صاف ستھرے کپڑے پہنیں او ر گرمی لگنے پر بار بار نہانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
۴۔ہلکے پھلکے ، ڈھیلے ڈھالے اور سوتی لباس زیب تن کریں۔
۵۔اپنے اردگر د کے ماحول کو صاف اور پرسکون رکھیں۔
۶۔بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔
۷۔ضرورت پڑنے پر دھوپ میں باہر جاتے وقت چوڑی ٹوپی یا چھتری کا استعمال ضرور کریں۔
۸۔لائٹ جانے پر ہاتھ کے پنکھے ،پانی کے اسپرے کی بوتل اور گیلے تولیے کا استعمال کریں۔۹۔گرم چیزوں کے کھانے پینے سے ، گرم مقام میں رہنے سے اور دھوپ میں چلنے پھرنے سے گریز کریں۔
۱۰۔کھانے میں ہلکی پھلکی زودہضم غذاکا استعمال کریں۔چکنی اور باہر کی غذاؤں سے پرہیز کریں۔
۱۱۔اگر پھر بھی لُولگ جائے تو مریض کو ٹھنڈے مقام پر رکھیں اگر مریض بے ہوش ہوتو ہوش میں لانے کے لئے گلاب کیوڑہ ٹھنڈا کرکے منہ اور سینہ پر چھینٹے دیں اور اگر ضرورت پڑے تو اس میں صندل اور کافور ملا کر سونگھائیں۔
۱۲۔فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...