ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے طریقے
جب کوئی شخص مسلسل سورج کی شعاؤں سے متاثر ہوتا ہے تو اس کو لو لگ جاتی ہے ۔ایسا بہت زیادہ درجہ حرارت بڑھنے یا حبس ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے ۔ایسے میں جسم کے قدرتی حالت میں تبدیلی آجاتی ہے اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے کا اندرونی نظام متاثر ہوتا ہے اور گرمی کوجسم پر اپنے اثرات مرتب کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔
موسم گرما میں ہیٹ اسٹروک ان لوگوں کے لئے جان کا خطرہ بن جاتا ہے جو طویل عرصے سے کسی عارضے میں مبتلا ہوں،یا لمبے عرصے تک سانس کی یا قلب کی بیماری میں کا شکاررہے ہوں ۔
ہیٹ اسٹروک کی علامات
*کمزوری اور نقاہت طاری ہونا۔
*چکر آنا ،سر گھومنا۔
*رنگت سرخ ہونا ۔اور جلد پر خشکی آنا۔
*ألٹی اور قے آنا۔
*اچانک بخار چڑھنا۔
*بے ہوشی۔
*بلڈ پریشر ایک دم گرنا۔
احتیاطی تدابیر
*جب گرمی ہو تو کوشش کی جائے کہ ٹھنڈی یا سائے والی جگہوں پر رہا جائے ۔
*پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے ۔
*نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کے لئے او آر ایس کا استعمال کرایا جائے ۔
*ٹھنڈے مشروبات استعمال کیا جائیں ۔
*دن کے گرم اوقات ( صبح ۱۱ سے دوپہر ۳ بجے تک دھوپ میں نہ نکلا جائے )۔
*دھوپ میں سر ڈھانپ کر نکلیں۔
*ستو کا شربت زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
*کچی اور پکی لسی اور دہی کا استعمال کریں۔
*دن میں دو تین بار غسل کریں۔
*چار سے پانچ لیٹر پانی ضرور پئیں۔
*گھر سے باہر نکلتے وقت پیاز کا ٹکڑا یا تو ہاتھ میں پتڑ لیں یا جیب میں رکھ لیں ۔بچوں کے گلے میں ڈال دیں۔
*گرمی میں گہرے رنگ خاص طور پر کالے رنگ کے لباس نہ پہنیں۔شدید گرمی کے دنوں میں چائے ،کافی اور أبلے انڈے کھانے سے پرہیز کریں ۔
*تیز دھوپ سے آتے ہی پسینہ آنے پر ٹھنڈا پانی نہیں پینا چاہئے ۔
*گھر سے پانی یا کوئی ٹھنڈا پانی پی کر باہر نکلنا چاہئے۔
*دھوپ میں نکلنے سے پہلے ناخن پر پیاز گھس کر لگانے سے لو نہیں لگتی۔
*بیسن کو پانی میں گھول کر جسم پر لگانے سے ٹھنڈ ملتی ہے اور گرمی دانے بھی نہیں ہوتے ۔
* گرمی کے موسم میں کھانا کھانے کے بعد گڑ کھانے سے لو نہیں لگتی ۔
* ٹماٹر کی چٹنی ،ناریل اور پیٹھے کھانے سے بھی لو نہیں لگتی۔
*دھوپ سے آنے کے بعد تھوڑا سا پیاز کا رس شہد میں ملا کر چاٹنے سے لو لگنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے ۔
ہیٹ اسٹروک کا علاج
*اگر کوئی گرمی کے حملہ کا شکار ہو گیا ہو تو سب سے پہلے اس کے غیر ضروری کپڑے ہٹا دیے جائیں ۔
*مریض کے جسم کو اوپر ٹھنڈا پانی ڈالا جائے ۔گردن ، بغل اور پیٹھ پر برف کی ٹکور کریں ۔
*اگر بیمار کو چارپائی پر بھیگی ہوئی چادر اوڑھا کر ہوا کے رخ لٹا دیا جائے تو بہتر ہے کیوں کہ اس سے جسم کی حرارت کم ہو جائے گی ۔
*ٹھنڈے پانی میں بھیگے ہوئے تو لیے سے جسم کی مالش کی جائے ۔
*سر پر برف کی پٹیاں رکھی جائیں تاکہ دماغ کی گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جاسکے۔
*اگر بیمار پانی پینے کی حالت میں ہو تو اس کا بہترین علاج پانی ہے ۔
*اگر بیمار پانی نہ پی سکتا ہو تو نمک آمیز گلوکوز رگ میں چڑھائی جائے ۔
*دوران خون کو موئثر رکھنے کے لئے تلووں اور پنڈلیوں کی نیچے سے اوپر کی جانب مالش کی جائے ۔
*طبیعت درست ہونے کے بعد کئی روز تک گرمی سے بچا جائے ۔
*اس بیماری سے بچنے کے لئے ،شربت عناب ،خشک آلوبخارے کا شربت ،سرکہ یا املی کا شربت مفید ہے۔
*۔تازہ پھلوں کا رس متواتر استعمال کرائیں
*اگر زیادہ خرابی کی علامات ہوں تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔
مزید جانیے :موسم گرماکی9 مفید غذائیں