سگریٹ نوشی کے6نقصانات اور نجات کے طریقے

4,297

آسودگی کی تلاش اور بوریت سے نجات کے خواہشمند انسان نے تمباکو کی طرف ہاتھ بڑھایا تو تیزی سے عادت بن جانے والے مادے نکوٹین نے اس کو اپنی گرفت میں لے لیا اوراب یہ لعنت قابو سے باہر ہوچکی ہے ۔بڑے تو بڑے چھوٹے چھوٹے بچے بھی آپکو راہ چلتے قلم کی جگہ سگریٹ تھامے نظر آتے ہیں۔ سگریٹوں کی قیمتوں میں اضافے ،پیکٹوں پر انتباہی تحریروں اور سگریٹ نوشی کے خطرات سے آگاہ ہونے کے باوجود سگریٹ نوشی دنیا بھر میں وقت کاٹنے کا مقبول ترین ذریعہ ہے۔افسوس تو اس بات کا ہے کہ ہم اسلامی معاشرے کے علمبردار ہیں پھر بھی ہم اورہماری نوجوان نسل کیوں بے راہ روی کا شکار ہوگئی ۔

تمباکونوشی ترک کرنا آپکی صحت یابی اور عمر میں اضافے کا سبب بنتاہے ذیل میں سگریٹ نوشی کے نقصانا ت درج ہیں جنھیں جان کر شاید کوئی تو تمباکو نوشی سے چھٹکا را پانے کی کوشش کرے گا۔

سگریٹ نوشی کے نقصانات

۱۔سیکنڈ ہینڈ اور تھرڈ ہینڈ اسموک

تحقیقات کے مطابق سیکنڈ ہینڈ اور تھرڈ ہینڈ سموک کے نقصان دہ اثرا ت بھی مرتب ہوتے ہیں سیکنڈ ہینڈ سموک سے مراد وہ دھواں ہے جو تمباکو نوشی کرنے والے کے قریب پائے جانے والے افراد کی سانس میں شامل ہوجاتاہے۔اور تھرڈ ہینڈ سموک سے مراد زہریلی باقیات ہیں جسمیں نکوٹین شامل ہے جو لباس اور دیگر اشیاء کی سطحوں پر چپک جاتی ہیں۔سیکنڈ اور تھرڈ سموک اعضائے تنفس میں انفیکشنز کا سبب بنتے ہیں اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ کرتے ہیں۔جن سے دمہ ،کینسر،دل کی بیماریاں ،نیند کی بے قاعدگی جنم لیتی ہیں تمباکو کا دھواں خاص طور پر بچوں کیلئے بہت خطرناک ہوتاہے۔

۲۔ہائی بلڈ پریشر

سگریٹ نوشی ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے منفی اثرات رکھتی ہے ایک سگریٹ پینے سے تھوڑی دیر کے لئے بلڈ پریشر میں اضافہ ہوجاتاہے ابھی اس بات کا علم نہیں ہوسکا کہ یہ بلڈ پریشر میں مستقل رہنے والے اضافے کو قائم رکھنے میں کوئی کردار ادا کرتاہے یا نہیں۔تاہم یہ حقیقت ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کے جو مریض تمباکو نوشی کرتے ہیں ان میں مرض کا شدت اختیار کرجانا معمول کی بات ہے۔ہائی بلد پریشر بذات خود ایک سنگین رسک فیکٹر ہے اسکے ساتھ تمباکو نوشی بھی جاری ہوتو تمباکو کا عنصر نکوٹین زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔

۳۔کولیسٹرول

نکوٹین خون میں کولیسٹرول اور چربیلے تیزابوں میں اضافہ کرتی ہے جبکہ اس کے برعکس خون میں مفید کولیسٹرول (ایچ ڈی ایل۔ہائی ڈینسٹی کولیسٹرول) کی مقدار کم کرتی ہے۔یہ تناسب کی تبدیلی دل ودماغ اورٹانگوں کی اہم شریانوں میں ایتھروما (چربیلے مواد کے اجتماع) کی نشوونما میں سہولت پیدا کرتی ہے چنانچہ انجائنا،ہارٹ اٹیک اور ٹانگوں کے گینگرین کے واقعات میں اضافہ ممکن ہوجاتاہے۔

۴۔ہارٹ اٹیک

نکوٹین دل کی رفتار بھی تیز کرتی ہے دھڑکنوں میں اضافے سے دل کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔ایک پیکٹ یعنی(بیس سگریٹ) روزانہ پینے والے فرد کو تمباکو نوشی نہ کرنے والے فرد کی نسبت ہارٹ اٹیک کا خطرہ تین گنازیادہ ہوتاہے۔چنانچہ جس قدر سگریٹ کی مقدار بڑھے گی خطرے کی سنگینی بھی بڑھے گی۔ اور لگاتار سگریٹ نوشی کرنے والے (چین اسموکر) کو تمباکو نوشی نہ کرنے والے فرد کی نسبت ہارٹ اٹیک کا خطرہ چھ گنا زیادہ ہوتاہے۔لیکن تمباکونوشی چھوڑنے کے محض چوبیس گھنٹے بعد آپ کے لئے ہارٹ اٹیک اور بلڈ پریشر کا خطرہ بتدریج کم ہونا شروع ہوجاتاہے۔

۵۔آکسیجن کی کمی

سگریٹ کے دھوئیں میں موجود کاربن مونو آکسائیڈ خون کے ہیمو گلوبین کے ساتھ مل کر ایک مرکب کاربو اوکسی ہیموگلوبین بناتی ہے۔یہ مرکب صاف ہیموگلوبین کی طرح آکسیجن جذب کرکے اسے جسم کے مختلف حصوں تک پہنچانے کا کام نہیں کرسکتا خون میں اسکی بہتات سے جسم بالعموم اور دل اور دماغ بالخصوص آکسیجن سے محروم ہونے لگتے ہیں ۔تمباکونوشی کے نتیجے میں پھیپھڑوں کے خلیے تباہ ہونے لگتے ہیں اور ایسی تبدیلیاں شروع ہوجاتی ہیں جو کینسرکا سبب بنتی ہیں۔تمباکو نوشی کئی اور سنگین بیماریوں کو جنم دیتی ہے یا اگر وہ بیماریاں پہلے سے ہوں تو انکی شدت میں اضافہ کرتی ہیں ان میں منہ اور پھیپھڑوں کا کینسر،پرانا براونکائٹس، سانس میں رکاوٹ اور کانجیسٹو کارڈیک فیلیور شامل ہیں۔

۶۔جلد کے لئے نقصان دہ

سگریٹ کے لئے آپکے ہونٹوں کی بار بارایک مخصوص حرکت نہ صرف آپکے منہ کے گرد جھریوں کا سبب بنتی ہے بلکہ آرکائیوز آف ڈرماٹولوجی کی تحقیق کے مطابق تمباکونوشی جلد کو تیزی سے بوڑھاکرتی ہے۔تمباکونوشی کولچن کو توڑتی ہے اور آپکی جلد کو اس کی مزید پیداوار سے روکتی ہے چنانچہ جلد میں لچک ختم ہوجاتی ہے اور جھریاں پڑنے لگتی ہیں۔تمباکو نوشی خون کی نالیوں کو سکیڑ دیتی ہے چنانچہ جلد کو مطلوبہ مقدار میں آکسیجن نہیں ملتی جس سے جلد کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے اور جلد کا رنگ زردی مائل اور بدنما ہوجاتاہے۔تمباکو کا دھواں آپ کے جسم کے ہرعضو کو تیزی سے بوڑھا کرتاہے جس میں آپکا دل،پھیپھڑے ،جلد اور دماغ شامل ہیں۔

تمباکونوشی سے نجات کے چند طریقے

تمباکو نوشی ترک کرنا آپکے لئے فائد ہ مند ہوتاہے انسان اشرف المخلوقات ہے وہ جو چاہے کرسکتاہے بس ذہنی طور پر آمادہ ہونے کی ضرورت ہے۔
۱۔اگر آپکو تمباکونوشی کی عادت ہوتو انکا استعمال بند کردیں اور جب بھی انکی خواہش ہوتولیموں کاٹ کر چوسیں۔یا لیموں کا تھوڑا سا رس بھی لے سکتے ہیں اس سے تمباکو نوشی کی خواہش ختم ہوجائے گی ۔
۲۔سونف کو تھوڑے سے گھی میں بھون کر شیشی میں بھر کر رکھ لیں جب بھی تمباکو نوشی کی خواہش ہو تو آدھا چمچ سونف چبالیں اس سے تمباکو نوشی کی خواہش ختم ہوجائے گی۔
۳۔انگور کھانے سے تمباکونوشی کی عادت چھوٹ سکتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
تبصرے
Loading...