بچوں کو گرمی کی چھٹیوں میں مصروف رکھنے کے طریقے

2,929

اسکول کی چھٹیاں ہوتی ہیں تو جہاں ماؤں کو سکون ملتا ہے تو دوسری طرف بچون کی شرارتوں اور فرمائشوں سے بھی نمٹنا پڑتا ہے ۔ جب بچوں کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہوتا تو وہ بور ہوتے ہیں اور بات بات کے لیے ماؤں کو تنگ کرتے ہیں اگر بچوں کی چھٹیوں کی پہلے سے ہی پلاننگ کر دی جائے تو بچے اور والدین دونوں ہی پرسکون رہیں گے ۔

اپنے گیمز بنائیں:

رنگ برنگے کارڈز کی مدد سے اردو یا انگلش الفاظ بنانے کے گیمز بنالیں ۔ اس کے علاوہ دوسرے گیمز جن مین چھوٹے چھوٹے سوال کریں یا بچوں کے کا ٹیلنٹ جانچنے کے لیے ان سے دوسری ایکٹیوٹی کروائیں۔

کوکنگ اور بیکنگ:

ہفتے میں ایک دن کھانا پکانے کا رکھیں جس میں بچوں کو اپنے ساتھ شامل کرلیں ۔ شروع سے آخر تک بچوں کی مدد سے کام کریں ۔بچوں سے ہی پوچھ کر ڈش کا انتخاب کریں۔ اس کی تیاری کرتے ہوئے بچوں کو تمام چیزوں کے بارے میں بتاتے جائیں ۔ اور چھوٹے چھوٹے کام بچوں سے بھی کروائیں۔

باغبانی کروائیں:

باغ کا ایک چھوٹا سا حصہ بچوں کو دے دیں اگر گھر میں باغ نہیں تو کیاری کا ہی تھوڑا حصہ بچوں کو کام کرنے کے لیے دے دیں جہاں وہ اپنی پسند کے پھول پودے لگاسکیں ۔ ایسے پودوں یا بیلوں کا انتخاب کریں جو جلدی بڑے ہوجائیں ۔ روزانہ کیاری کی دیکھ بھال کرنے اور پودوں کو بڑھتادیکھ کر بہت خوش ہونگے۔

پکنک پر جائیں:

بچوں کو لے کر کسی خاص جگہ پر جانے کی ضرورت نہیں بلکہ روزانہ شام میں آپ جو کچھ بچوں کو کھانے پینے کے لیے دیتی ہیں وہ ایک باسکٹ میں رکھ کر بچوں کو دے دیں گھر سے قریب پارک میں جاکر یہ چیزیں کھانے میں بچوں کو بہت مزہ آئے گا اور روزانہ ان کی پکنک ہوگی۔

ڈائری بنوائیں:

بچوں سے ڈائری یا اسکریپ بک بنوائیں جس میں وہ چھٹیوں میں ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں لکھیں اور ان سے متعلق تصویریں بھی لگائیں ۔یہ ڈائری ان کے لیے بہترین یادگار ہوگی جس سے وہ بعد میں بھی لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔

پینٹنگ کریں:

بچوں کو پینٹنگ کرنے کے لیے بڑی شیٹ اور پینٹ دیں لیکن یہ کام کرنے سے پہلے فرش پر اخبار یا پلاسٹک بچھوائیں پھر اس پر شیٹ رکھ کر ان سے پینٹنگ کروائیں ۔ بچے اپنی پسند کی چیزیں بنانے میں انجوائے کریں گے۔ جب وہ اپنا کام کر چکیں تو تمام چیزیں سمیٹنے کی ہدایت کریں اور جگہ کو صاف کروائیں۔

جیولری بنوائیں:

مختلف سائز کے موتی اور تار بچوں کو دیں اور انھیں جیولری بنانے میں مصروف کریں ۔ یہ کام چھوٹے بچے بھی کرسکتے ہیں ۔ بچے جیولری بنانے میں بہت دلچسپی لیں گے اور اپنی بنائی ہوئی جیولری پہننے میں انھیں بھی بہت ہی اچھا لگے گا۔

دوستوں کو گھر بلائیں:

کوئی دن منتخب کر کے بچوں کے دوستوں کو گھر بلائیں بچے ساتھ مل کر کھیلیں گے تو انھیں بہت اچھا لگے گا ۔ آپ کی طرح دوسرے بچے بھی آپ کے بچوں کو دعوت دیں گے اس طرح آپ کو بھی اپنے بہت سے کام نمٹانے کا موقع مل جائے گا ۔

کتابیں دیں:

بچوں کو دلچسپ معلوماتی اور کہانیوں کی کتابیں دیں ۔ کتابیں پڑھنے کا الگ ہی مزہ ہے ۔ اچھی کتاب ہاتھوں میں ہونگی تو گھنٹوں آپ کو گھر میں بچوں کی موجودگی کا احساس نہیں ہوگا ۔

بچوں کے ساتھ کچھ وقت آپ بھی گزاریں:

چھٹیوں کے کچھ دن بچوں کے ساتھ آپ بھی انجوائے کریں ان کے ساتھ مل کر ان کے پسندیدہ پروگرام دیکھیں ان کے ساتھ مل کر کتابیں پڑھیں اور انھیں اچھی کہانیاں بھی سنائیں۔
ان تمام طریقوں کو آزما کر دیکھیں گرمیوں کی چھٹیاں نہایت پرسکون گزریں گی اور بچے انھیں بہت انجوائے کریں گے۔


تبصرے
Loading...