ایچ ٹی وی اردو

مختلف واقعات وجذبات صحت کو کس طرح متاثر کرتے ہیں؟

impact of different incidents and emotions on health

جذبات و واقعات

اچھی جذباتی صحت کے حامل لوگ اپنی جذباتی کیفیات ، سوچ، احساسات اور برتاؤ سے بخوبی واقف ہوتے ہیں۔ وہ اپنے مسائل اور پریشانیوں کو زندگی کا ایک حصہ سمجھتے ہوئے آسانی سے ان پر قابو پالیتے ہیں۔

لیکن زندگی میں بہت سے حالات و واقعات ایسے ہوتے ہیں جوآپکی جذباتی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں اور افسردگی ،ذہنی دباؤ یا فکر کا باعث بنتے ہیں ۔

بعض اوقات زندگی کی اچھی تبدیلیاں بھی ان کیفیات کا باعث بن سکتی ہیں۔

۔نوکری کا چھوٹ جانا
۔ گھر میں نئے بچے کی آمد
۔ کسی قریبی عزیز کا انتقال ہوجانا
۔ شادی یا طلاق ہونا
۔ بیماری جھیلنا
۔ نوکری میں ترقی ہونا
۔ پیسوں میں کمی ہونا
۔ گھر کی تبدیلی

یہ تمام واقعات جو کم و بیش ہر کسی کی زندگی میں پیش آتے ہیں ہمارے سوچنے سمجھنے کے انداز اور یہاں تک کہ ہماری صحت کو بھی متاثر کرتے ہیں ۔

صحت پر اثرات

ہمارا جسم ہماری سوچ کے مطابق رد عمل کرتا ہے ۔ جب آپ کسی دباؤ فکر یا افسردگی کا شکار ہوتے ہیں تو آپ کا جسم محسوس کرتا ہے کہ کچھ صحیح نہیں ہو رہاہے۔ اکثر کسی پریشانی کے بعد ہائی بلڈ پریشر یا پیٹ کی تکلیف کی شکایت ہوجاتی ہے۔ حالات کا طبیعت پر اس طرح اثر انداز ہونا غیر متوازن جذباتی صحت کو ظاہر کرتا ہے ۔ ایسے لوگوں میں قوت مدافعت کم ہوجاتی ہے اس وجہ سے وہ مشکل حالات میں انفیکشن کا بھی شکار ہوجاتے ہیں ۔ ذہنی پریشانی ، فکر یا کسی صدمے کی وجہ سے آپ مختلف تکالیف میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔مثلاً:

۔بھوک میں تبدیلی
۔ سینہ میں درد
۔قبض یا ڈائریا
۔ منہ خشک رہنا
۔ بہت زیادہ تھکن
۔ سر میں درد
۔ ہائی بلڈ پریشر
۔ نیند اڑ جانا
۔دل کی دھڑکن تیز ہونا
۔ سانس پھولنا
۔ گردن اکڑجانا
۔ پسینہ آنا
۔ ہاضمہ خراب ہونا
۔وزن میں کمی یا زیادتی

تو پھر کیا کریں؟

جذبات کا اظہار کیجئے

آپ اپنے ڈاکٹر کو اپنی ذاتی زندگی سے متعلق مسائل سے آگاہ نہیں کرتے۔ یاد رکھیے آپ کا ڈاکٹرصرف آپ کو دیکھ کر نہیں بتا سکتا کہ آپ کسی دباؤ کا شکار ہیں۔ضروری ہے کہ اپنے حالات سے ڈاکٹر کو آگاہ کریں اگر آپ کی طبیعت کی خرابی کسی جسمانی وجہ سے نہیں تو آپ اپنے ڈاکٹر سے خودکو درپیش مسائل پر گفتگو کرسکتے ہیں ۔ اس طرح آپ کا ڈاکٹر آپ کی صحیح رہنمائی کرسکے گا ۔ اگر آپ کی منفی سوچ آپ کا پیچھا نہیں چھوڑتی اور زندگی سے لطف اندوز نہیں ہونے دیتی ۔ اس کے بارے میں ڈاکٹر کو ضرور بتائیں تاکہ وہ آپ کا صحیح علاج کرسکے۔
جذباتی صحت کو کیسے بہتر بنایا جائے؟

اگر کسی فکر یا پریشانی کی وجہ سے آپ کا جسم متاثر ہوتا ہے تو ایسی باتوں کو دل میں ہی رکھنا مزید نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ اپنی پریشانی اپنے قریبی ساتھی کو ضرور بتائیں ۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو اپنے ڈاکٹر یا مذہبی رہنما کو بھی بتا سکتے ہیں تاکہ وہ آپ کی صحیح رہنمائی کر سکیں۔

مثبت سوچ رکھیں

اپنی پریشانیوں کو خود پر مسلط نہ کریں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ پریشانی یا صدمے کی حالت میں بھی خود کو خوش ظاہر کریں ۔ پریشانی یا صدمے سے پیدا ہونے والے منفی احساسات پر قابو پانے کی کوشش کے ساتھ زندگی کی مثبت چیزوں پر دھیان دیں۔ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے لوگوں کا معیار زندگی بہت بہتر ہوتا ہے۔ اپنی زندگی سے پریشانیوں کو دور کرنے کا حل تلاش کریں اور اچھے لمحات سے لطف اندوز ہونے کا وقت نکالیں۔

ورزش کیجئے

جسمانی اور ذہنی ورزش کے ذریعے آپ خود کو پرسکون بناسکتے ہیں ۔ گہرے سانس لینے کی مشق کرنے، میڈیٹیشن کے ذریعے کے اور خاموش میں رہ کر اچھی باتوں کا تصور کرنے سے بھی خود کو پرسکون بنایا جاسکتا ہے اس کے علاوہ ذہنی اور جسمانی سکون بھی بحال کرنے کے طریقوں کے لیے ڈاکٹر سے بھی مشورہ لیا جاسکتا ہے ۔

خود سے محبت کیجئے

اچھی جذباتی صحت کے لیے ضروری ہے کہ اپنے روزانہ کے معمولات کا خیال رکھا جائے ۔ وقت پر صحت بخش غذا کھائیں ، پوری نیند لیں ، ٹینشن کو ختم کرنے کے لیے ورزش کریں ، بہت زیادہ کھانے یا مضر صحت چیزوں یعنی سگریٹ نوشی یا نشہ آور چیزوں کے استعمال سے گریز کریں۔ کیونکہ یہ چیزیں مسائل کو کم کرنے کے بجائے اور بڑھاتی ہیں۔